• Sat, 15 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بائیکاٹ گینگ امریکہ میں بھی سرگرم، ’سپرمین‘ تارک وطن ہے، فلم نہ دیکھنے کا اعلان

Updated: July 08, 2025, 10:01 PM IST | Washington

بالی ووڈ فلموں کے بائیکاٹ کا چلن اب ہالی ووڈ میں بھی نظر آرہا ہے۔ ’’میک امریکہ گریٹ اگین‘‘ تحریک سے جڑے قدامت پسندوں کا کہنا ہے کہ وہ ۱۱؍ جولائی کو ’’سپرمین‘‘ صرف اس لئے نہیں دیکھیں گے کہ وہ امریکی نہیں بلکہ تارک وطن ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

۴؍ جولائی کو امریکہ کے یوم آزادی کا جشن مناتے ہوئے آنے والی فلم ’’سپرمین‘‘ کے ہدایتکار جیمز گن نے ڈی سی کے مشہور کامکس کردار کی تارک وطن جڑوں کے بارے میں اعتراف کیا،جو صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ’’میک امریکہ گریٹ اگین‘‘ (ایم اے جی اے) تحریک کو پسند نہیں آیا۔ قدامت پسند مبصرین، جن میں سے بعض فاکس نیوز جیسے میڈیا اداروں سے بھی جڑے ہوئے ہیں، نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز پیغامات کا سلسلہ شروع کردیا اور فلم کے بائیکاٹ کا اعلان کیا جو ۱۱؍ جولائی کو بین الاقوامی سطح پر ریلیز ہونے کیلئے تیار ہے۔ 
فاکس نیوز کی اینکر کیلیانے کونوے گن نے کہا کہ ’’ہم اس فلم کے خلاف ہیں۔ ہم تھیٹر اس لئے نہیں جاتے کہ کوئی ہمیں لیکچر دے اور اپنا نظریہ ہم پر تھوپنے کی کوشش کرے۔‘‘ متعدد صارفین نے جیمز گن کے متذکرہ انٹرویو کا کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ایک اور فلم جو ہم صرف اس لئے نہیں دیکھیں گے کہ ’’سپرمین‘‘ کا تعلق امریکہ سے نہیں تھا بلکہ وہ کسی بیرونی سیارے سے آیا تھا۔‘‘ ایک صارف نے لکھا کہ ’’میرے جیسے لاکھوں امریکی تارکین وطن کے خلاف ہیں، اور سپرمین بھی انہی میں سے ایک ہے۔‘‘ سوشل میڈیا پر سپرمین کے ری پبلکن یا ڈیموکریٹ ہونے کے متعلق بھی بحث چھڑ گئی۔ ایک صارف نے سپرمین کا پوسٹر جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’’وہ امریکہ میں پیدا ہوا تھا نہ وہ قانونی طور پر یہاں آیا تھا۔‘‘ 

واضح رہے کہ جیمز گن نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ ’’آنے والی فلم ’’سپرمین‘‘ ایک ’’تارک وطن کی کہانی‘‘ ہے جو کرپٹون سے زمین تک کے کردار کے سفر کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ فلم بتاتی ہے کہ امریکہ میں تارکین وطن ہمیشہ اہم رہے ہیں جنہوں نے امریکہ کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ‘‘ لیکن ایم اے جی اے کی ٹیم کو یہ پسند نہیں آیا اور انہوں نے فلم کے بائیکاٹ کیلئے آن لائن دستخطی مہم بھی شروع کردی۔ اس ضمن میں جب ورائٹی نے جیمز گن سے رابطہ کیا تو ہدایتکار نے کہا کہ ’’مَیں یہاں لوگوں کے فیصلے کو تبدیل کرنے نہیں آیا ہوں۔ یہ فلم ہر شخص کیلئے معنی رکھنا چاہئے۔‘‘
جیمز گن کے بھائی شان گن نے کہا کہ ’’ہم ساتھی امریکیوں کی حمایت کرتے ہیں لیکن ہم اپنے تارکین وطن سے بھی محبت کرتے ہیں۔ ہاں، سپرمین ایک تارک وطن ہے۔ اور کروڑوں امریکی اسے پسند کرتے ہیں۔ اگر آپ اسے پسند نہیں کرتے تو آپ امریکی نہیں ہیں۔ جو لوگ تارکین وطن کے خلاف ہیں، وہ دراصل امریکی طرز عمل کے خلاف ہیں۔‘‘ 
ایک صارف نے سپرمین کے پرانے کامکس کا ایک اقتباس پیش کیا جس میں درج تھا: ’’بچو! یاد رکھو، یہ آپ کا اسکول ہے۔ ہمارے ملک کی طرح یہاں مختلف نسلوں، مذاہب اور قومیت کے لوگ ہیں۔ یہ سبھی امریکی ہیں۔ لہٰذا اگر آپ کسی کو اس کے مذہب، نسل یا قومیت پر نشانہ بناتے ہیں تو یہ درست نہیں ہے۔ کوئی اگر ایسا کرتا ہے تو اسے بتاؤ کہ یہ غیر امریکی طرز عمل ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK