Inquilab Logo

لاک ڈاؤن میں یومیہ اجرت پانے والوں کی مالی امداد کا جذبہ ہے

Updated: April 05, 2020, 1:31 PM IST | Abdul Kareem Qasam Ali | Mumbai

بالی ووڈ اور ٹی وی اداکارہ امریتا پرکاش نے کہا :ںشوٹنگ بند ہونے کی وجہ سے والدین کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کا موقع مل رہا ہے

Amrita Prakash - Pic : Mid-Day
امریتہ پرکاش ۔ تصویر : مڈ ڈے

امریتا پرکاش بالی ووڈ اور ٹی وی انڈسٹری کیلئے نیا نام نہیں ہے۔ ۴؍برس کی عمر سے امریتا اداکاری کررہی ہیں۔ انہوں نے اشتہاروں کے ساتھ ساتھ ٹی وی شوز اور فلموں میں بھی کام کیاہے اور ان کا ارادہ ویب سیریز  کرنے کا بھی ہے۔انہوں نے ملیالم زبان کی فلم بھی کی تھی، اس وقت وہ ۱۶؍برس کی تھیں۔ انہو ںنے اپنے کریئر میں انڈسٹری کے بڑے بینرس  اور سپر اسٹارس کے ساتھ بھی کام کیاہے۔ ان کی مشہور فلموں میں ’تم بن‘ ،’وواہ‘، ’مین نے دل تجھ کو دیا‘، ’ایک وواہ ایسا بھی ‘ اور ’وی آر فیملی‘قابل ذکر ہیں۔ فی الحال وہ ٹی وی شوز میں نظر آرہی ہیں۔ ’پٹیالہ بیبز‘ میں وہ اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ نمائندہ انقلاب نے امریتا پرکاش  سے بات چیت کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
س:شوٹنگ بند ہے تو آپ کی کیا مصروفیات ہیں؟ 
ج:شوٹنگ بندہونے کی وجہ سے ایک فائدہ یہ ہوا ہے کہ میں اپنے گھر کے جو کام باقی ہیں وہ سب کررہی ہیں مثلاً گھر کی صفائی ، الماری کو صحیح کرنا وغیرہ وغیرہ۔  میں اپنے والدین کے ساتھ ہی رہتی ہوں لیکن اکثر شوٹنگ میں مصروف ہونے کے سبب زیادہ وقت گزارنے کا موقع نہیں ملتا ۔اب جبکہ گھرپر ہوں تو ان کے ساتھ بھی وقت گزارنے کا موقع مل رہاہے۔ صبح اٹھ کر کہیں جانا نہیں ہے اور نہ ہی کسی کام کی جلدبازی ہے۔ اس لئے یہ وقت بہت پُرسکون انداز میں گزر رہا ہے ۔
س:گھر بیٹھے کوئی سماجی خدمات انجام دے رہی ہیں؟ 
ج:  جی ہاں، سب سے پہلا کام تو یہی کررہی ہوںکہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے سبھی کو یہ پیغام دے رہی ہوں کہ وہ گھرپر رہیں اور محفوظ رہیں کیونکہ میں نے دیکھا ہے کہ چند افرادلاک داؤن کی ہدایت پر عمل نہیں کررہے ہیں اس لئے میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے انہیں گھرپر رہنے کی اپیل کررہی ہوں۔ دوسرے میں ایسی غیرسرکاری تنظیموں کے ساتھ  مل کر یومیہ اجرت پانے والوں کی مالی امداد کیلئے بھی مہم چلا رہی ہوں تاکہ ان افراد کی بھی مدد ہوسکے۔ لاک داؤن کی وجہ سے یہ طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور پریشان حال ہے تو میں این جی اوز کے ساتھ ان لوگوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کیلئے اپیل کررہی ہوں۔   
س:انڈسٹری میں آپ کا اب تک کا سفر کیسا رہا ہے؟ 
ج: جب میں ۴؍برس کی تھی  میں تب سے ہی ٹی وی اور فلموں میں کام کررہی ہوں۔ میں نے چائلڈ آرٹسٹ کی حیثیت سے اپنے کریئرکا آغاز کیا  تھا اور میں خوش نصیب رہی کہ اب تک اسے کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہوں کیونکہ میرے ساتھ بحیثیت چائلڈ آرٹسٹ۱۳۰
 کریئر شروع کرنے والے اداکاروں نے ہار مان کر انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا ہے ۔ کریئر میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں اور میرے کریئرمیں بھی آئے لیکن میں نے کبھی ہار نہیں مانی ۔میں اپنے ہر شو اورفلم سے ہمیشہ لطف اندوز ہوئی ہوں ۔
س:چائلڈ آرٹسٹ اور آج  کے دور میں کتنا فرق محسوس کرتی ہیں؟
ج:بہت زیادہ فرق محسوس کرتی ہوں۔سب سے بڑا فرق تو یہی ہے کہ موجودہ دور میں کہانی پر زیادہ محنت نہیں کی جارہی ہے۔ اس وقت کہانی پر بہت زیادہ محنت کی جاتی تھی اور ہر کسی کے رول کو بہتر انداز میں لکھا جاتا تھا۔ میں آج کے شوز کی بات کروں تو شو کے آغاز میں کہانی صحیح چلتی ہے لیکن بعد میں ٹی آرپی کیلئے شو کی کہانی کا رخ کہیں اورموڑدیاجاتاہے۔ موجودہ  دور کے اداکاربھی اسٹارڈم پر زیادہ توجہ دیتے ہیں ۔ تکنیک کے معاملے میں کافی مثبت ترقی ہوئی ہے اور کئی ساری نہیں چیزیں دیکھنے میں آرہی ہیں۔ 
س:کیا آپ نے فلموں سے وقفہ لیا ہوا ہے ؟
ج:ایسی بات نہیں ہے۔ میں فلم اور ٹی وی دونوں میں کام کرنےکی خواہشمند   ہوں ۔۲۰۱۱ء کے بعد میں نے چند فلموں میں کام کیا تھا لیکن وہ ریلیز نہیں ہوپائیں۔ دوسری بات اچھے رول نہیں مل رہے تھے جبکہ ٹی وی سے مجھے بہت اچھے آفر مل رہے تھے ۔ جب ٹی وی شوز میں کام کرنا شروع کیا تو یہاں مصروف ہوگئی۔یکے بعددیگرے اچھے شو ملتے گئے اور فلموں کا خیال بھی دل سے نکلتا گیا۔ اب اگر کوئی اچھی فلم ملتی ہے تو اس میں ضرور کام کروں گی اس لئے  اپنی پوری توجہ ٹی وی شوز پر مرکوز کئے ہوئے ہوں۔  
س:آپ نے بڑے بینرس اور اسٹار س کے ساتھ کام کیا ہے ،ان کے ساتھ تجربہ کیسا رہا؟
ج:میں نے راجشری پروڈکشن، دھرما پروڈکشن اور دیگر بڑے بینرس کے ساتھ کیا ہے۔ میں نے شاہدکپور اور کرینہ کپور جیسے اسٹار س کے ساتھ بھی کام کیاہے ۔ ان سبھی کے ساتھ تجربہ بہت اچھا رہا۔ خصوصاً سورج بھڑجاتیا سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ میں نے اداکاری کیلئے کوئی ادارہ میں داخلہ نہیں لیا تھاجو سیکھا ہے اس میں سورج بھڑجاتیا کا اہم رول رہاہے۔ فلم کی شوٹنگ کے دوران جب میری چھٹی ہوتی تھی تو اس وقت بھی میں سورج سر کے ساتھ بیٹھی رہتی تھی۔ وہ مجھے بتاتے تھے کہ کس طرح اداکاری کی جاتی ہے اور مکالموں کی ادائیگی کس طرح ہوتی ہے۔  
 س:کریئر میں نبھایا ہوا آپ کا کوئی پسندیدہ رول  ؟
ج:میرے لئے اس کا  جواب دینا تھوڑا مشکل ہےکیونکہ یہ ایسا ہی سوال ہے کہ آپ کو ماں اور باپ میں سے یہ بتانا ہے کہ کون اچھا ہے۔میں نے ۱۶؍برس کی عمر میں  ایک ملیالم فلم کی تھی اس میںجو رول اداکیا تھا وہ مشکل تھا   اور ملیالی زبان مجھے آتی نہیں تھی۔حالانکہ فلم کو نیشنل ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔ یہ فلم اور رول میں مجھے پسندہے۔    
س:مستقبل کے کیا منصوبے ہیں؟
ج:فی الحال تو شوٹنگ بند ہے اور اس کے شروع ہونےکے بعد پٹیالہ بیبز کی شوٹنگ شروع کرنی ہے لیکن اس میں میں کب تک کام کروں گی یہ کہنا مشکل ہے۔ ایک ویب سیریز اور ایک فلم کی کہانی مجھے پڑھنے دی گئی ہے اور اس پر جب حتمی فیصلہ ہوگا تو ضرور ان میں نظر آؤں گی 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK