Inquilab Logo

انیس بزمی عمدہ مزاحیہ فلموں کے ذریعہ خاص و عام کے دل میں جگہ بناچکے ہیں

Updated: November 01, 2021, 12:06 PM IST | Nisar Qureshi | Mumbai

ء۲۰۰۵ء کے بعد بننے والی مزاحیہ فلموں کو دیکھ کر ایک ہی نام ذہن میں آتا ہے اور وہ نام ان فلموں کے ہدایت کار انیس بزمی کا ہے۔

Anees Bazmee. Picture:INN
انیس بزمی۔ تصویر: آئی این این

ء۲۰۰۵ء کے بعد بننے والی مزاحیہ فلموں کو دیکھ کر ایک ہی نام ذہن میں آتا ہے اور وہ نام ان فلموں کے ہدایت کار انیس بزمی کا ہے۔چاہے وہ سلمان خان، انل کپور اورفردین خان کی اداکاری سے سجی فلم ’نو انٹری‘ ہو یا اکشے کمار،نانا پاٹیکر،انل کپور اور فیروزخان کی اداکاری سے سجی فلم ’ویلکم‘ ہو۔ ایسی ہی دیگر کئی فلموں کی ہدایت کاری کرنے والے انیس بزمی یکم نومبر ۱۹۶۲ء کو گجرات کے موڈاسا میں پیدا ہوئے۔ انیس بزمی کے والد جناب عبدالحمید نیرنگ بزمی اردو کے مشہورشاعر تھے۔ ۱۹۷۶ء میں اپنے والدین اور بہن بھائیوں کے ساتھ انیس ممبئی آگئے۔ چونکہ والد صاحب شاعر تھے ،اس لئے انیس بھی  اردو کی طرف راغب ہوئے۔اردو اسکول میں داخلہ لیا اور اردوسے ہی تعلیم حاصل کی۔ انیس بزمی بچپن ہی سےبہت ذہین اور شرارتی  تھے لیکن گھر کے بڑے بیٹے ہونے کا احساس بھی تھا۔ مالی حالات بہت خراب تھے۔ کسی طرح بطور چائلڈ آرٹسٹ انیس کو فلموں میں کام مِلا اور انہوںنے کچھ فلموں میں اداکاری کی۔بچپن کی حد سے نکل کر جب کچھ بڑےہوئے توبچوں والے رول ملنابھی بند ہوگئے لیکن عمرکےساتھ ساتھ گھر کی ضرورتیں بھی بڑھنے لگیں۔   انیس کے ذہن میں ایک ہی بات تھی کہ کچھ بننا ہے کچھ بڑا کرنا ہے اوراسی فلم انڈسٹری میںکرنا ہے۔ فلم انڈسٹری میں بغیر کسی گاڈ فادر کے کچھ کرنا آسان نہیں ہوتا۔ کسی طرح انیس راج کپور کے پروڈکشن ہاؤس میں چوتھےیاپانچویں اسسٹنٹ بن گئے اور ساتھ ساتھ رائٹنگ بھی کرتےرہے۔وہاں سے جدوجہد شروع ہوئی۔ پہلی فلم بطور رائٹر’’ ہم توچلے پردیس‘‘ ( ششی کپور ، شرمیلا ٹیگور، راجیوکپور اور منداکنی )لکھی جس کے ہدایتکاررویندر پیٹ تھے۔ اس طرح جب ان کی رائٹنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا توپھر انہوں نے پیچھےمڑکر نہیں دیکھا۔’شعلہ اور شبنم‘،’آنکھیں‘، ’لاڈلا‘، ’پرتی بندھ‘ ، ’سورگ‘،  ’دیوانہ مستانہ ‘ جیسی سپرہٹ فلمیں لکھیں۔ جن کی تعداد ۵۰؍سےزیادہ ہے۔ انیس بزمی نے ۱۹۹۵ءسے فلم ’ہلچل‘ کے ذریعہ ہدایت کاری کے کریئر کا آغاز کیا۔ لیکن ۱۹۹۸ء میں ریلیز ہونے والی فلم’پیار تو ہونا ہی تھا‘ کو ان کی پہلی کامیاب فلم قرار دیا جاسکتا ہے۔اس کے بعد’نوانٹری‘ ،’ویل کم‘، ’سنگھ ازکنگ‘، ’دیوانگی‘، ’ریڈی‘،’ نوپرابلم‘، ’تھینک یو‘، ’ مبارکاں‘، ’ پاگل  پنتی‘ اور ’ویکم ۲؍‘ جیسی ہٹ  فلموں کی ہدایت کاری کی۔فی الحال ان کی فلم’بھول بھلیاں۲‘ کی شوٹنگ جاری ہے۔ آج بالی ووڈ کا بڑے سے بڑا اداکار اُن کے ساتھ کام کرنے کا خواہشمندہے۔ فلموں کی کہانی لکھنے اور ہدایت کاری کے علاوہ انہوں نے فلموں کے دیگر متعدد شعبوں میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے جن میں آرٹ ڈائریکٹشن،ایڈیٹنگ اور سائونڈ ریکارڈنگ جیسے فلموں کے اہم شعبے شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK