Inquilab Logo

کسی بھی شخص کو اپنے عزیز اور قریبی کو پہلا موقع دینے کا حق ہے

Updated: July 05, 2020, 10:01 AM IST | Abdul Kareem Qasam Ali | Mumbai

اداکارہ پرنیتا پنڈت نے کہا : میں اقربا پروری کی حامی ہوںلیکن زورزبردستی سے کسی کا بھی پروجیکٹ حاصل کرنے والوں کے خلاف ہوں

Pranita Pandit - Pic : INN
پرنیتا پنڈت ۔ تصویر : آئی این این

اُترن ،جمائی راجا، کَوَچ، دوہنسوں کا جوڑا، قسم تیرے پیار کی، کسوٹی زندگی کی اور دیگر معروف ٹی وی شو زمیں اداکاری کرنے والی پرنیتا پنڈت اس وقت گھر پر ہیں اور وہ آرام کررہی ہیں کیونکہ اگلے ماہ ان کے گھر ننھا مہمان آنے والاہے۔لاک ڈاؤن کی وجہ سےوہ  اپنا بہت دھیان رکھ رہی ہیں اور ساتھ ہی اپنی شوٹنگ کو بھی بہت یاد کررہی ہیں۔پرنیتا کو سیرو تفریح کا بھی شوق ہے اور وہ ایک اور ملک کی سیر کو جانا چاہتی تھیں لیکن لاک ڈاؤن کے سبب نہیں جا پائیں۔ پرنیتا نے ہمیشہ ٹی وی کریئر کو ترجیح دی ہے اور وہ اس سے بہت مطمئن ہیں۔  نمائندہ انقلاب نے ٹی وی اداکارہ  پرنیتا پنڈت سے بات  چیت کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
س:لاک ڈاؤن میں کتنی مشکلات کا سامنا کرناپڑا؟ 
ج:میرے لئے یہ لاک ڈاؤن آسان نہیں ہے کیونکہ میرے گھر اگلے ماہ ایک ننھا مہمان آنے والا ہے اور اسے سنبھالنے کی بڑی ذمہ داری مجھ پر تھی۔ ایسی حالت میں کئی تبدیلیاں ہوتی ہیں اور میں نے اسے محسوس کیاہے۔میں اپنے والدین کے گھر جانا چاہتی تھی لیکن لاک ڈاؤن کے سبب ممکن نہیں ہوسکا اور میری والدہ بھی یہاں نہیں آسکیں۔ ہم نے سوچا تھا کہ ایک ماہ میں لاک ڈاؤن ختم ہوجائے گا لیکن یہ بڑھتاہی جارہا ہے۔   
س:لاک ڈاؤن اور حمل کے دوران کبھی تناؤ محسوس کیا اور کس طرح اس سے باہر نکلتی تھیں؟ 
ج:  لاک ڈاؤن کے سبب کئی افراد ذہنی تناؤ کا شکار ہوئے ہوں گےاور میں جس حالت میں ہوں اس میںکئی تبدیلیاں آتی ہیں۔ میں ذہنی اور جسمانی طورپر کافی تبدیلیاں محسوس کررہی تھی اور کبھی کبھی بہت تناؤ بھی ہوجاتا تھا۔ ایسے وقت میں کتابیں پڑھتی تھی اور میڈیٹیشن کے ذریعہ اپنے تناؤ کو کم کرنے کی کوشش کرتی تھی۔ میں اپنے فیملی ممبر سے بات چیت کرتی تھی اور ان سے ایسی حالت میں کس طرح رہنا چاہئے اس کے بارے میں پوچھا کرتی تھی۔  
س:ننھے مہمان کی آمد کےبعد شوٹنگ سے کتنے دن دور رہیں گی؟ 
ج: اگلے ماہ ڈاکٹر نے ننھے مہمان کے آنے کی تاریخ بتائی ہے اور اس کے آنے کے بعد میں ۴؍ماہ تک شوٹنگ سے دور رہنا پسند کروں گی ۔ ایسے بھی ہم اداکار گزشتہ تقریباً ساڑھے ۳؍ماہ سے شوٹنگ سے دور  ہی ہیں اور ۴؍ماہ میرے لئے کافی ہیں۔ میں دسمبر سے شوٹنگ کرنے میں یقین رکھتی ہوں۔ حالانکہ یہ اتنا آسان نہیں ہےکیونکہ اس سال جتنے بھی افراد نے آئندہ کی منصوبہ کی تھی وہ سبھی پریشان ہیں کیونکہ وہ اپنی پلاننگ کو عملی جامہ نہیں پہنا سکے۔ حالانکہ میری دوستوں نے شوٹنگ شروع کردی ہے اور میں انہیں دیکھ کر خوش ہورہی ہوں کہ چلو وہ کچھ تو کررہی ہیں۔  
س:آپ شوٹنگ کو کتنا یاد کررہی ہیں؟
ج:جیسا کہ میں نے بتایا میر ی دوستوں نےشوٹنگ شروع کردی ہے اور میں چاہتی ہوں کہ جلد سے جلد کام پر لوٹوں لیکن یہ اتنا آسان نہیںہے۔ انہوں نے مجھے شوٹنگ شروع ہونے کی اطلاع تودی ہے لیکن وہاں ہونے والی سخت حفاظتی تدابیر کے بارے میں بھی بتایا ہے اس لئے میں انتظار کرنا بہتر سمجھتی ہوں۔  
س:آپ نے ٹی وی پر ہی اکتفا کیا ، فلموں سے دور رہیں؟
ج: میں نے ۱۸؍برس کی عمر سے ٹی وی شوز میں کام کرنا شروع کیا تھا اور میں اس وقت بہت مصروف رہتی تھی ۔ میرا ایک ٹی وی شو ختم نہیں ہوتا کہ دوسرے شو کی پیشکش آجاتی اور اس کی شوٹنگ بھی شروع ہو جاتی تھی۔ میں اس وقت ٹی وی شو میں اتنی مصروف رہی کہ مجھے فلموں کی طرف دیکھنے کی ضرورت بھی پیش نہیں آئی۔ مجھے ٹی وی انڈسٹری سے کام اور محبت ملتی گئی تو میں نے فلموں کی طرف توجہ نہیں دی۔ دوسری بات فلموں کی اپنی ترجیحات ہوتی ہیں جو میرے پیمانہ پر فٹ نہیں ہوتی تھیں۔ اس لئے میں نے ٹی وی پر اکتفا کیا۔  
س:کیا کچھ نیا پلاننگ کرنے والی ہیں؟
ج:فی  الحال تو کچھ نہیں کرنا چاہوں گی کیونکہ اس سال جتنی پلاننگ کی گئی تھی وہ ساری لاک ڈاؤن کے سبب غارت ہوگئی۔ میں اگر کام بھی شروع کروں گی تو دسمبر یا پھر اگلے سال ہی کروں گی ۔ حالانکہ بہت سی چیزیں سوچ رکھی ہیں لیکن ان کے بارے میں کسی سے بات چیت نہیں کی ہے۔سبھی کی طرح میں بھی لاک ڈاؤن کھلنے کا انتظا رکررہی ہوں۔ ملک کے حالات دیکھنے کے بعد ہی مستقبل کی پلاننگ کرنے کافیصلہ کیا ہے۔   
 س:آپ کو سیروتفریح کا شوق ہے  ، اس کی وجہ ؟
ج: مجھے سیروتفریح کرنا بہت پسند ہے ، اس کی وجہ یہی ہے کہ اس سے میں خودکو بہت تروتازہ محسوس کرتی ہوں۔ میں نے سوچا تھا کہ میں حمل کے ۶؍ماہ تک شوٹنگ کروں گی اور اس کے بعد اپنے آنے والے مہمان کے ساتھ بیرون ملک کاایک  دورہ کرکے آؤں گی لیکن لاک ڈاؤن کے سبب یہ ممکن نہیں ہوپایا۔ میںسیروتفریح کے ساتھ ساتھ وی لاگنگ بھی کرتی ہوں اور یہ سب کرنا مجھے پسند ہے۔ میںسال میں دومرتبہ بیرون ملک کا سفر کرنا پسند کرتی ہوں اور دنیا کے دیگر ممالک کی سیر کرکے ان کے بارے میں جاننا چاہتی ہوں۔   دیکھئے اگلادورہ  میرے ننھے مہمان کے ساتھ ہوگا۔ 
س:اقربا پروری کے تعلق سے آپ کی کیا رائے ہے؟
ج:میرے خیال میں اگر کوئی شخص محنت اور جدوجہد کرکے کسی شعبے میں اپنا نام کماتا ہے تو اسے حق ہے کہ وہ اپنے عزیز اور قریبی کو سب سے پہلے موقع دے۔ یہ صرف فلموں یا گلیمر کی دنیا میں نہیں ہوتا بلکہ یہ ہر شعبے اور محکمہ میں ہوتا ہے۔ ہر کوئی اپنے عزیز کو ہی پہلا موقع دینا چاہتا ہے ۔اقرباپروری میں بھی جن کے پاس صلاحیت ہوتی ہے تو وہی کامیاب ہوتے ہیں ،اگر ان کے پاس صلاحیت نہیں ہے توکوئی کب تک نقصان برداشت کرے گا۔ میرے خیال میں کسی بھی شعبے میں صلاحیت ہی سب سے اہم ہوتی ہے ۔ اگر یہ ان کے پاس رہے گی تو وہ کامیاب ہوں گے۔ میں اقرباپروری کی حمایت کرتی ہوں۔ ان افراد کے خلاف ہوں جو زور زبردستی کرکےکسی شخص کو پروجیکٹس سے نکال دیتے ہیں اور اپنے کسی فرد کو اس کی جگہ لیتے ہیں۔میں ایسے افراد کی مخالفت کرتی ہوں  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK