Inquilab Logo

گریمی ایوارڈز کی تقریب میں یوٹیوبر للی سنگھ نے کسانوں کیلئے آواز اٹھائی

Updated: March 16, 2021, 11:08 AM IST | Agency | Mumbai

ہندوستانی نژاد کینیڈا کی مشہور شخصیت نے ریڈ کارپیٹ پر جو ماسک لگایا اس پر کسانوں کی تحریک کی حمایت میں نعرہ درج تھا،سوشل میڈیاپر وائرل

Lilly Singh attended the Grammy Awards in this way.Picture:INN
للی سنگھ گریمی ایوارڈز کی تقریب میں کچھ اس انداز میں شریک ہوئیں۔تصویر :آئی این این

 کافی دنوں سے ملک میں کسان مرکزی حکومت کے ذریعہ پیش کئے گئے زرعی قوانین کےخلاف احتجاج کررہے ہیں۔اب اس تحریک کو بین الاقوامی سطح پر حمایت حاصل ہورہی ہے۔ہالی ووڈکی کئی مشہورشخصیات کی حمایت کے بعدکسانوںکی تحریک کی آواز اب گریمی ایوارڈز تک پہنچ چکی ہے۔ در حقیقت گریمی ایوارڈ کی تقریب میں کینیڈین یوٹیوبر للی سنگھ نے ریڈکارپیٹ پرجو ماسک لگایا تھا اس پر کسانوں کی تحریک کی حمایت میں نعرہ درج تھا۔للی نے اپنی یہ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جو وائرل ہوگئی ہے۔ للی سنگھ نے ماسک پر لکھا تھا کہ’’میں کسانوں کے ساتھ کھڑی ہوں۔‘‘ انہوں نےاپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’مجھے معلوم ہے کہ ریڈ کارپٹ / ایوارڈ شو کی تصاویر ہمیشہ ہی زیادہ تر کوریج حاصل کرتی ہیں ، اسلئے یہ لیجئے میڈیا۔ اسے دکھانے کیلئے آپ آزاد ہیں۔‘‘واضح رہے کہ للی سنگھ ہندوستانی نژاد ہیں  اور ان کے والدین پنجاب میں پیدا ہوئے تھے۔للی سنگھ کو انسٹا گرام پر ۹۰؍لاکھ سے زیادہ لوگ فالو کرتے ہیں جبکہ ان کے یو ٹیوب چینل کو ایک کروڑ ۴۰؍لاکھ افراد نے سبسکرائب کررکھا ہے۔اس سے پہلے دسمبر میں بھی للی نے ٹک ٹاک پر اپنا ایک کلپ شیئر کیا تھا جس میں انہوںاپنے فالوئرز سے ہندوستان کے کسانوں کی تحریک کی حمایت کرنے کی اپیل کی تھی۔للی سنگھ سےقبل پاپ اسٹار ریحانہ، اداکارہ اور ترغیب کار امانڈا سرنی، گریٹا تھنبرگ، ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر سنیل سنگھ جیسی بہت ساری عالمی سطح کی مشہور شخصیات ہندوستان کی کسان تحریک کی حمایت کرچکی ہیں۔واضح رہے کہ دہلی کی سرحد پر کسان گزشتہ ۱۰۰؍دن سے زیادہ عرصہ سے تحریک چلا رہے ہیں اور مرکزی حکومت سے زرعی قوانین واپس لینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK