Inquilab Logo

سُشانت کی موت پر لتا، دھرمیندر، امیتابھ، سلمان، شاہ رخ اور پرینکا وغیرہ کا اظہار افسوس

Updated: June 16, 2020, 1:39 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی موت پر سروں کی ملکہ لتا منگیشکر ، امیتابھ بچن، دھرمیندر، سلمان، شاہ رخ اور پرینکا چوپڑہ نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

sushant.photo:inquilab
سشانت۔تصویر:انقلاب

بالی ووڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی موت پر سروں کی ملکہ لتا منگیشکر ، امیتابھ بچن، دھرمیندر، سلمان، شاہ رخ اور پرینکا چوپڑہ نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
لتـــا منگیشکر اب بھی کرکٹ اور فلمیں بہت شوق سے دیکھتی ہیں اور وقتاً فوقتاً ٹویٹر پر اپنی رائے کا اظہار بھی کرتی ہیں۔ وہ مہندر سنگھ دھونی کی بہت بڑی مداح ہیں۔ جب دھونی پر مبنی فلم ’ایم ایس دھونی: اَن ٹولڈ اسٹوری‘ ریلیز ہوئی تھی تو لتا خود کو فلم دیکھنے سےنہیں روک سکی تھیں۔ فلم کے ساتھ انہیں سُشانت سنگھ راجپوت کی اداکاری بھی پسند آئی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ راجپوت نے جس انداز میں کام کیا وہ اسے کبھی نہیں بھول سکتیں۔
 لتا نے ٹویٹ کیا کہ ’’سُشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کی خبر سن کر میں حیران ہوں۔ ہماری کبھی ملاقات نہیں ہوئی لیکن انہوں نے فلم ’دھونی‘ میں ایسا خوبصورت پرفارمنس پیش کیا تھا جسے میں کبھی نہیں بھول سکتی۔ میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔ خدا ان کی روح کو سکون عطا فرمائے۔‘‘
دھرمیــندر بھی سُشانت کی موت سے جذباتی ہوگئے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹر پر سُشانت کی تصویر پوسٹ کی اور لکھا کہ ’’پیارے سُشانت ، نہ فلم دیکھی ، نہ کبھی ملا تم سے۔ پر تمہارے اچانک چلے جانے سے بڑا صدمہ ہوا۔یہ خوبصورت پیارا شو بزنس واقعی بڑا بے رحم ہے۔ میں تمہارا ناقابل برداشت درد محسوس کرسکتا ہوں۔ میں تمہارے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ اس غم کو بانٹ  رہا ہوں۔‘‘
امیتابھ بچن نے سُشانت کی موت پر کہا کہ ’’ وہ نہ صرف لاجواب اداکار بلکہ ایک ذہین انسان بھی تھے۔  وہ پردۂ سیمیں ہی طرح عام زندگی میں بھی نپی تلی باتیں کرتے تھے۔ جو انسان بلا کا ذہین ہوتا ہے وہ کسی بھی میدان میں بہت ترقی کرتا ہے۔ سمجھ میں نہیں آتا ہے کہ ان کی ذہانت نے انہیں اس انتہائی قدم اٹھانے سے باز کیوں نہیں رکھا۔ ان کی زندگی کا اس طرح اختتام  میرے لئے ایک معمّہ ہے۔‘‘
سلمان خان نے بھی سُشانت کی موت پر افسوس ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’’آپ بہت یاد آؤگے سُشانت۔‘‘
شاہ رخ خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ مجھے بہت چاہتا تھا۔ وہ مجھے بہت یاد آئے گا۔ وہ اُمنگ اور آرزوؤں سے بھر پور ایک ہنس مکھ انسان تھا۔ اللہ اس کی روح سکون پہنچائے۔ یہ انتہائی افسوس ناک خبر ہے۔ میں ان کی اہلِ خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔‘‘ 
پرینکا چوپڑہ نے سُشانت کی موت کے بعد انہیں یاد کرتے ہوئے ان کیلئے ایک پیغام لکھا ہے۔ پرینکا نے سُشانت کے ساتھ اپنا ایک فوٹو بھی شیئر کیا اور انہوں نے لکھا کہ ’’میں حیران ہوں، تم کتنے درد میں مبتلا رہے ہوں گے۔ مجھے اُمید ہے کہ تم جہاں بھی رہوگے وہاں سکون سے رہوگے۔ میں طلوع آفتاب کے وقت ہماری ’ایسٹروفزکس‘ کی بات چیت کبھی نہیں بھول سکتی۔‘‘
انوراگ گشیپ نے سُشانت سنگھ کی موت کی خبر پر کہا کہ انہیں یقین نہیں آرہا جبکہ اکشے کمار  بھی یہ خبر سن کر صدمے کی کیفیت میں ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK