Updated: November 14, 2025, 4:55 PM IST
| Los Angeles
معروف اداکار چاڈوک بوسمین، جو ’’بلیک پینتھر‘‘ سمیت متعدد یادگار کرداروں کے ذریعے دنیا بھر میں دلوں پر راج کرتے رہے، کو بعد از مرگ ہالی ووڈ واک آف فیم کا اسٹار دیا جائے گا۔ ۲۰؍ نومبر کو ہونے والی اس تقریب میں بوسمین کی اہلیہ سیمون لیڈورڈ اعزاز وصول کریں گی۔
چاڈوک بوسمین۔ تصویر:آئی این این
یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ دنیا کو چاڈوک بوسمین سے بچھڑے پانچ سال گزر چکے ہیں۔ وہ مقناطیسی شخصیت کے حامل ایک ایسے اداکار تھے جنہوں نے جدید سنیما کے کچھ طاقتور ترین کرداروں میں نئی جان ڈال دی۔ ’’بلیک پینتھر‘‘ اور ’’دا۵ بلڈز‘‘ جیسی فلموں میں اپنی بھرپور اور پراثر اداکاری کے باعث وہ عالمی سطح پر پہچانے گئے۔ بوسمین ۲۰۲۰ء میں ۴۳؍ سال کی عمر میں بڑی آنت کے کینسر سے خاموش جنگ لڑتے ہوئے انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کے بعد بھی ان کا فن، ان کی شخصیت اور ان کا اثر دنیا بھر کے شائقین کے دلوں میں زندہ ہے۔ اب ہالی ووڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی شاندار خدمات کو اپنی سب سے معزز روایت کے ذریعے ہمیشہ کیلئے محفوظ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھئے: شیکھر کپور اے آئی کی مدد سے فلم ’پانی ‘دوبارہ بنائیں گے
ہالی ووڈ چیمبر آف کامرس نے اعلان کیا ہے کہ چاڈوک بوسمین کو بعد از مرگ ہالی ووڈ واک آف فیم کا ستارہ دیا جائے گا۔ یہ تقریب ۲۰؍ نومبر کو منعقد ہوگی، جو ان کی کامیابیوں اور میراث کا ایک اور تاریخی سنگ میل ثابت ہوگی۔ بل بورڈ کے مطابق، بلیک پینتھر کے ڈائریکٹر راین کوگلر اور ما رینیز بلیک باٹم میں ان کے ساتھی اداکارہ وائلا ڈیوس تقریب میں خصوصی خطاب کریں گے۔ بوسمین کی اہلیہ، سیمون لیڈورڈ بوسمین، ان کی جانب سے یہ اعزاز قبول کریں گی۔ بوسمین کا ستارہ مستقل طور پر ۶۹۰۴؍ ہالی ووڈ بلیوارڈ پر نصب کیا جائے، ایک ایسی جگہ جو بالکل اس شخص کیلئے موزوں ہے جس کی اداکاری نے دنیا بھر کی اسکرینوں اور دلوں کو روشن کیا۔
یہ بھی پڑھئے: امجد خان نے ویلن کے علاوہ کئی طرح کے رول نبھائے
ہالی ووڈ واک آف فیم کی پروڈیوسر اینا مارٹینیز کا کہنا تھا کہ ’’ہالی ووڈ چیمبر آف کامرس کو انتہائی فخر ہے کہ وہ چاڈوک بوسمین کی غیر معمولی میراث کو واک آف فیم کے ستارے کے ساتھ سجا رہا ہے۔‘‘ ’’بلیک پینتھر‘‘ میں عالمی مقبولیت پانے سے پہلے بھی بوسمین امریکی سیاہ فام تاریخ کے اہم کرداروں کی شاندار تصویر کشی کے ذریعے اپنے فن کا لوہا منوا چکے تھے۔ ۲۰۱۳ء کی بائیوپک ’’۴۲‘‘ میں میجر لیگ بیس بال کے پہلے سیاہ فام کھلاڑی جیکی رابنسن کا کردار اور ’’گیٹ آن اپ‘‘ (۲۰۱۴ء) میں جیمز براؤن، اور ’’مارشل ‘‘ (۲۰۱۷ء)میں تھرگڈ مارشل قابل ذکر ہیں۔ ان کرداروں نے انہیں ایک گہرائی رکھنے والے سنجیدہ اداکار کے طور پر مضبوط مقام دلایا۔
یہ بھی پڑھئے: اداکار ہرش وردھن رانےکا فلم ’’فورس ۳ ‘‘ میں داخلہ
بعد از مرگ اعزازات اور ناقابلِ فراموش پرفارمنس
ان کی آخری فلم ’’ما رینیز بلیک باٹم‘‘ (۲۰۲۰ء) میں ان کی شاندار اداکاری نے پوری دنیا کو متاثر کیا۔ لیوی گرین کے کردار پر انہیں بعد از مرگ اکیڈمی ایوارڈ نامزدگی، گولڈن گلوب ایوارڈ، اسکرین ایکٹرز گلڈ ایوارڈ اور کریٹکس چوائس ایوارڈ حاصل ہوئے۔ یہ تمام اعزازات ان کی اہلیہ سیمون لیڈورڈ نے بے حد وقار کے ساتھ وصول کئے۔ چاڈوک بوسمین کی میراث ان کی فلموں، کرداروں اور دنیا بھر کے مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔