Inquilab Logo

وینس فلم فیسٹیول ختم،چیتنیہ تمہانے کو اسکرین پلے کا ایوارڈ

Updated: September 15, 2020, 1:49 PM IST | Agency | Mumbai

یہ پہلا فلم فیسٹیول ہے جو کورونا کے باوجود منعقد کیا گیا،محدود تقریب میں ریڈ کارپٹ نہیں بچھایا گیا

Chaitanya Tamhane. Picture:INN
چیتنیہ تمہانے۔ تصویر: آئی این این

 کوروناکی وبا کے باوجود رواں ماہ۲؍ستمبر سے شروع ہونےوالادنیا کا قدیم ترین اور مقبول ترین ’وینس‘ فلم فیسٹیول ۱۰؍ دن تک رنگ بکھیرنے کے بعدختم  ہوگیا۔اس فلم فیسٹیول میںچیتنیہ تمہانے کوبہترین اسکرین پلے کا ایوارڈ دیا گیا۔ ’وینس‘ فیسٹیول کا آغاز ۲؍ستمبر کو ہوا تھا اور اس کا اختتام ۱۲؍ ستمبر کی شب کو ہوا۔ ’وینس‘ فلم فیسٹیول کی ویب سائٹ کے مطابق فلمی میلےکی اختتامی تقریب کو سوشل میڈیا سائٹس سمیت ٹی وی چینلز پر براہ راست بھی دکھایا گیا تھا۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق۷۷؍ویں ’وینس‘ فیسٹیول میں سب سے بڑابہترین فلم کا ’گولڈن لیون ایوارڈ‘ امریکی نژاد چینی فلم ساز چلوئے ژاؤ کو ان کی فلم ’نوماڈ لینڈ‘ کو دیا گیا۔مجموعی طور پر وینس فلم فیسٹیول میں ۲۴؍ کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے گئے، جن میںزیادہ ترمرد حضرات ایوارڈز لینے میں کامیاب رہے۔ فیسٹیول کے دوران بہترین  اداکارہ کا ایوارڈ برطانوی اداکارہ ونیساکربی کو دیا گیا جب کہ بہترین اداکار کا ایوارڈ اٹلی کے اداکار پیر فرانسیسکو فاوینو کو دیا گیا۔ بہترین اسکرین پلے کا ایوارڈ ہندوستانی فلم ساز چیتنیہ تمہانےکو دیا گیا جب کہ سلور گرانڈجیوری کا ایوارڈ میکسیکن نژاد فرانسیسی فلم ساز مائیکل فرانکو کو دیا گیا۔سلور لیون کا بہترین ڈائریکٹر کا ایک ایوارڈ جاپانی فلم ساز کو بھی دیا گیا جب کہ اسپیشل جیوری ایوارڈ روسی فلم ساز کو دیا گیا۔ ۱۰؍ دن تک جاری رہنے والے فلم فیسٹیول میں مجموعی طور پر۵؍ درجن فلمیں پیش کی گئیں، جن میں سے۴۴؍ فیصد فلمیں خواتین فلم سازوں کی تھیں۔ کورونا کی وبا کے باعث جہاں اس سال فیسٹیول کو محدود کیا گیا تھا، وہیں ریڈ کارپٹ بھی نہیں سجایاگیا تھا جب کہ یورپ کے علاوہ دیگر ممالک کے فنکار بھی فیسٹیول میں شریک نہیں ہوسکے تھے۔ فیسٹیول میں شرکت کرنے والے افراد نے جہاں سماجی فاصلے کو برقرار رکھا، وہیں تمام افرادنے فیس ماسک بھی پہنے رکھا جب کہ سینی ٹائزر کا بھی استعمال کیا گیا۔’وینس‘ فلم فیسٹیول یورپ میں رواں سال منعقد ہونےوالا پہلا فلمی میلہ ہے جو کورونا کی وبا کے باوجودمنعقد ہوا اور اب خیال کیا جا رہا ہےکہ دیگر فیسٹیول بھی منعقد ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK