Inquilab Logo

دپیکا نےعرب اور جدید روایات کے مظہر لباس اورجیولری زیب تن کرکےچار چاند لگا دیئے

Updated: May 24, 2022, 12:50 PM IST | Agency | Mumbai

دپیکا پڈوکون نے ’کانز فیسٹیول‘ میںجو ہار پہنا ہے اس کے ایک پتھر پر’ فی امان اللہ‘ کے الفاظ کندہ ہیں جس کی تصویرسوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے

A picture of Deepika Padukone and her engraved words on the necklace.Picture:INN
دپیکا پڈوکون اور ان کے ہار کے پتھر پر کندہ الفاظ کی تصویر ۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ کی اداکارہ دپیکا پڈوکون نے ’کانز فیسٹیول‘ میں عرب اور جدید روایات کے مظہر لباس اور جیولری زیب تن کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیئے اور بالخصوص ہار کے ایک پتھر پر فی امان اللہ کے الفاظ کندہ ہونے نے صارفین کو اپنی جانب متوجہ کرلیا۔ 
 عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق۲۸؍ مئی تک جاری رہنے والے کانز فلم فیسٹیول میں دپیکا پڈوکون جہاں جیوری کا حصہ ہیں وہیں مختلف برانڈس کی تشہیر کے لئے فوٹو سیشن بھی کرا رہی ہیں۔ ایسے ہی ایک فوٹو سیشن کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔
 اس فوٹو سیشن میں دپیکا نے موتیوں اور مختلف رنگ کے پتھروں پر مشتمل ہار پہن رکھا ہے۔ ہار کے ایک شفاف پتھر پر فی امان اللہ کے الفاظ کندہ ہیں جس کا ترجمہ ہے ’’اللہ کی امان میں رہیں‘۔ ان الفاظ کو زوم کرکے دیکھا جا سکتا ہے۔ کسی مداح نے ہار کو زوم کرکے پتھر پر کندہ الفاظ کی تصویر کو وائرل کردیا جو جنگل کی آگ کی طرح تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پھیل گئی اور صارفین نے تعریفوں کے پُل باندھ دیئے۔ یہ ہار سابیا ساچی نے قدیم ہندوستان کی مہارانیوں کے زیورات کی طرز پر تیار کیا تاہم اس میں مشرق وسطیٰ اور عرب ثقافت کو بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اس ہار میں موتی، ہیرے اور پتھر جڑے ہیں اور انہی میں سے ایک شفاف پتھر پر فی امان اللہ کندہ ہے۔  بالی ووڈ کی اداکارہ کترینہ کیف نے بھی معروف ڈیزائنر سابیا ساچی کا تیار کردہ عروسی جوڑا اور جیولری پہنی تھی جب کہ مریم صفدر کے بیٹے جنید صفدر کی اہلیہ کا عروسی لباس بھی سابیا ساچی نے ڈیزائن کیا تھا۔واضح رہے کہ۱۷؍ مئی سے شروع ہونے والے کانز میلے میں امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، اسپین، ہندوستان اور پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک کی اداکارائیں بھی جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK