Inquilab Logo

گلوکاری اولین ترجیح ہےاور کامیاب پاپ اسٹار بننا میرا مقصد ہے

Updated: January 29, 2020, 12:15 PM IST | Abdul Kareem Qasam Ali | Mumbai

یوٹیوب پرشہرت حاصل کرنے والی گلوکارہ دَھونی بھانوشالی نے کہا : مستقبل میں تربیت حاصل کرنے کے بعد اداکاری کی طرف متوجہ ہوں گی

دَھونی بھانوشالی ۔ تصویر : آئی این این
دَھونی بھانوشالی ۔ تصویر : آئی این این

سوشل میڈیا کے دور میں اگر کوئی فرد یوٹیوب پر وائرل ہوجائے تو اسے کافی شہرت مل جاتی ہے اور ایساہی کچھ گلوکارہ دَھونی بھانوشالی کے ساتھ بھی ہوا ہے۔ ٹی سیریز کے ذریعہ ریلیز کردہ ’سولوسانگ‘ ’نہ جاتو۔۔۔ ‘نے یوٹیوب پرکافی شہرت حاصل کرلی ہے اور اس گیت کو ایک ہی دن میں ۱۰؍ملین سے زیادہ ویووزمل چکی ہیں۔ گلوکارہ دَھونی راتوں رات اسٹار بن گئیں۔اس وقت ان کا یہ گیت ہندوستانی میوزک کے پاپ چارٹ بسٹر میں شامل ہے۔ دَھونی نے اپنے ’لے جا۔۔۔‘ اور ’واسطے ۔۔۔‘ کے ویویوز کا ریکارڈ توڑ دیاہے۔ نمائندہ انقلاب نے ابھرتی ہوئی گلوکارہ دَھونی بھانوشالی سے بات چیت کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
س :’نہ جاتو۔۔۔‘ کی تیاری کے تعلق سے بتائیں ؟ 
ج:یہ گیت دراصل میوزک کمپوزر تانشک باگچی کا ہے جنہوں نے ا س سےپہلے بھی بالی ووڈ کے کئی گیتوں کو ’ری کری ایٹ‘ کیا ہے۔ایک سال قبل مجھے ان کا فون کال آیاتھا کہ میرے پاس ایک گیت ہے اور میں وہ آپ کی آواز میں ریکارڈ کروانا چاہتا ہوں۔ اسٹوڈیو میں گیت کا ٹریک تیار کیا گیا اور اس کے بعد تانشک نے اس پورے گیت کو ریکارڈ کیا پھر اس کا ویڈیو بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ گیت سے لے کر اس کا ویڈیو بنانے کے دوران پورا ایک سال کا وقت لگا۔ اس ویڈیو کے ہدایتکار سمیت دت ہیں۔
س : تانشک باگچی کے ساتھ ایک بار پھر کام کرنا کیسا رہا؟ 
ج: میرے سبھی سنگل گیتوں کی موسیقی تانشک ہی نے ترتیب دی ہے اورانہیں معلوم ہے کہ میری آواز میں کون سا گیت بہت اچھا بنے گا۔ انہیں معلوم ہے کہ میں کس طرح کے گیت گانے میں مہارت رکھتی ہوں اورمجھے کیسی موسیقی پسند ہے۔ موسیقی کے لحاظ سے دیکھیں تو ہم دونوں کی ایک چھوٹی لیکن اچھی ٹیم بن گئی ہے جوہٹ گانے بنانے میں یقین رکھتی ہے۔تانشک کی ایک بات بہت اچھی لگتی ہے کہ وہ کبھی ذہنی دباؤ کا شکار ہوکر موسیقی تیار نہیں کرتےبلکہ گلوکاریا گلوکارہ کی پسند کے مطابق موسیقی تیار کرتے ہیں۔ 
س : ویڈیو کی شوٹنگ کے بارے میں جاننا چاہیں گے ؟ 
ج:ویڈیو کی شوٹنگ گجرات کے سرحدی علاقے کَچھ میں کی گئی ہے اور ۴؍منٹ کے گیت میں ۴؍مقامات پر اس کی شوٹنگ مکمل ہوئی ہے۔ اس وقت ’رَن اُتسو ‘ جاری تھا اور موسم بھی بہت ٹھنڈا تھا۔شوٹنگ کےوقت دشواری پیش نہیں آئی اور پروڈکشن ٹیم نے بھی آسانی سے سبھی لوکیشن پرشوٹ کیا۔ مجھے خوشی اس با ت کی ہے کہ گیت کی مناسبت سے ہمیں سبھی شاٹس ملے۔شوٹنگ کے دوران ہمیں ’رَن اُتسو ‘ سے بھی لطف اٹھانے کا موقع ملا۔موسم سرد ہونے کی وجہ سے رات کو تھوڑی تکلیف ہوتی تھی لیکن ہم موسم کے تعلق سے کچھ نہیں کرسکتے تھے۔
س : قلیل مدت میں زیادہ شہرت پر کیسا محسوس کرتی ہیں؟ 
ج: میں اسے شہرت تو نہیں کہوں گی کیونکہ میرا سفر تو ابھی شروع ہو اہے اور مجھے کئی منازل طے کرنی ہیں۔ میرے گیتوں کی مقبولیت سے بہت خوشی ہوتی ہے کہ میں جہاں کہیں جاتی ہوںلوگ پہچانتے ہیں اور میرے گیت کے بارے میں پوچھتے ہیں۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ لوگ میراگیت سنتے ہیں اور پسندبھی کرتے ہیں اور وہ مجھے پہچانتے ہیں۔ بہرحال میں چاہوں گی کہ مستقبل میں شہرت پانے کے بعد میں آسمان پر نہ رہوں اور میرے پیر زمین پر ہی ٹکے رہیں۔ 
س : بالی ووڈ میں آپ کس کی آواز بننا پسند کریں گی ؟
ج: میں بالی ووڈ میں اپنی شناخت قائم کرنا چاہتی ہوںاس لئے چاہوں گی کہ سبھی ایکسٹریس کی آواز بنوں۔لیکن میری آواز عالیہ بھٹ ، سارہ علی خان اور جھانوی کپورکی آوازوں سے کافی ملتی جلتی ہے۔ اس لئے اگر مجھے ان اداکاراؤں کیلئے گانے کاموقع ملے گا تو میں انکار نہیں کروں گی۔ میں چاہوں گی کہ ان کیلئے زیادہ سے زیادہ گیتوں کو اپنی آواز دوں۔ 
س : آپ خوبصورت ہیں توکیا مستقبل میں اداکاری کا بھی ارادہ ہے؟
ج:میری اولین ترجیح گلوکاری ہے اور میںایک پاپ گلوکارہ بننا چاہتی ہوں اس لئے میر ی پوری توجہ گلوکاری پر ہے۔ فلموں یا ٹی وی شوز میں اداکاری کرنے سے پہلے اس کی تربیت اور تعلیم لینی ہوتی ہے جوکہ میرے پاس نہیںہے ۔ مستقبل میں اگر میں ایک اچھی پاپ آئکن بن گئی تو ضرور فلموں میں کام کرنا چاہوں گی اور اس کیلئے ایکٹنگ کی باقاعدہ ٹریننگ لوں گی۔میں پوری تیاری کے ساتھ ہی بالی ووڈ میں قدم رکھنا چاہوں گی ۔ 
س : گلوکاری کا آغاز کس طرح کیا؟
ج:گلوکاری کا شوق پہلے ہی سے تھا لیکن کبھی سوچا نہیں تھا کہ میں ایک پروفیشنل سنگر بنوں گی۔ ایک بار معروف گلوکارراحت فتح علی خان کے ساتھ گانے کا موقع ملا تھا۔ اس کے بعد مجھے احساس ہوا کہ مجھے گلوکاری کے شعبے ہی میں کریئر بنانا چاہئے۔ میں نے فوری طورپرگلوکاری کی تعلیم حاصل کرنی شروع کردی۔ اس وقت میں سبھی پاپ اسٹارس کو سنا کرتی تھی۔ اس کے بعد مجھے ایک کے بعد ایک مواقع ملتے گئے اور میں آج آپ کے سامنے ہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK