Inquilab Logo

دلیپ کمار کی ۵؍سدابہارفلمیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا

Updated: July 08, 2021, 11:27 AM IST | Agency | Mumbai

یوں تو دلیپ کمار کی ہر فلم ناقابل فراموش ہے،ان میں سے ۵؍فلمیں منتخب کرنا بہت ہی مشکل کام ہے،لیکن یہ فلمیں ایسی ہیں جن کی کہیں کوئی مثال نہیں ملتی

Ram and Shyam .Picture:INN
رام اور شیام۔تصویر :آئی این این

دلیپ کمار صاحب کے انتقال سے آج  بالی ووڈ کا ایک سنہری دور ختم ہوگیا۔ انہوں نے آج صبح۷؍بجکر ۳۰؍ منٹ پرآخری سانس لی۔ دلیپ صاحب اب ہمارے بیچ نہیں ہیں لیکن ان کی کلاسک فلمیں شائقین کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔  دلیپ صاحب نے بالی ووڈ کو دیوداس، نیا دور ، مغل اعظم ، رام اور شیام جیسی بہت سی  شاندارفلمیں دی ہیں ان فلموں کوآج بھی دیکھو تو اچھا لگتا ہے۔دلیپ کمارکے فلمی کریئر کا آغاز۱۹۴۴ءمیں فلم ’جوار بھاٹا‘ سے ہوا تھا ، لیکن ۱۹۴۹ءمیںبنی محبوب خان کی فلم ’انداز‘سے شہرت حاصل کی۔ ان کی پہلی ہٹ فلم ’جگنو‘ تھی۔ ۱۹۴۷ء میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے دلیپ کمار کو بالی ووڈ کی کامیاب فلموں کا اسٹار بنا دیا تھا۔ ۱۹۴۹ءمیںفلم ’انداز میںدلیپ کمار نے راج کپور کے ساتھ کام کیا۔ یہ ایک  ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ دیدار (۱۹۵۱ء)اور دیوداس(۱۹۵۵ء)جیسی فلموں میں اپنے سنجیدہ کرداروں کی  شہرت کے سبب وہ ٹریجڈی کنگ کے نام سے مشہور ہوگئے۔
  مغل اعظم (۱۹۶۰ء) میں ، انہوں نے مغل شہزادہ جہانگیر کا کردار ادا کیا۔ دلیپ کمار کی چند منتخبہ، اہم اور ناقابل فراموش فلمیں درج ذیل ہیں۔
مغل اعظم
 بالی ووڈمیں کچھ ایسی فلمیں بھی آئی ہیں جن کے کردار ہمیشہ کے لئے امر ہوگئے ہیں۔ ہندوستانی سنیما کی ایسی ہی ایک فلم ’مغل اعظم‘ ہے۔ ۱۹۶۰ءمیں ریلیز ہونےوالی اس فلم میں دلیپ کمار نے شہزادہ سلیم کا کردار ادا کیا تھا۔ فلم اس قدر ہٹ ہوئی تھی کہ آج بھی اس فلم کو شوق سے دیکھا جاتا ہے۔اس کی شہرت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ اس پر کئی فلمیں اور اس کی کہانی پر مبنی کئی ڈرامے بنائے جاچکے ہیں۔  اس کے باوجود عوام میں اس کی اصل فلم کا جادو اس قدر سر چڑھ کر بولتا ہے کہ اس بلیک اینڈ وہائٹ فلم کو رنگین بناکر دوبارہ ریلیز کیا گیااور اس فلم کی ریلیز سے قبل  ایروز  تھیٹر میںمنعقد کئے جانے والے شاندار پریمئر میںبھی عوام اور فلمی ستارے اسی انداز سے امڈ رہے تھے کہ جیسے کوئی نئی اور بڑے بجٹ کی فلم ریلیز ہورہی ہو۔ اس رنگین فلم کی ریلوں کو بھی پرانی فلم کی طرح ہاتھی پر رکھ کر لایا گیا تھا۔  اس رنگین فلم کو دیکھنے کیلئے بھی تھیٹروں کے باہر پہلی جیسی ہی بھیڑ دیکھی گئی۔
دیوداس
 ہندوستان میں سب سے زیادہ جذباتی ناولوں میں سے ایک ’دیوداس‘ہے۔ اس پر بہت ساری فلمیں بن چکی ہیں ، لیکن ان میں سب سے زیادہ مشہور دلیپ کمار کی اداکاری سے سجی فلم ہے۔۱۹۵۵ء میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں دلیپ کمار کے کردار کو آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔
رام اور شیام
 اس فلم میں دلیپ صاحب نے جڑواں بھائیوں کا کردار ادا کیا تھا جن کے نام رام اور شیام تھے۔ اس فلم میں دلیپ کمار کی شاندار اداکاری کو دیکھ کر ناظرین ان کی اداکاری کےگرویدہ ہوگئے۔کہا جاتا ہے کہ یہ فلم کمرشیل سنیما کی ایک بڑی فلم ہے۔ اس کے بعد متعدد فلمیں آئیں جن میں جڑواں کردار ادا کیے گئے لیکن کسی کو بھی وہ شہرت نہیں مل سکی جو دلیپ کمار کی رام اور شیام کو ملی۔
کرما
 اگر ہم بالی ووڈ کی۸۰ءکے دہائی کی سب سے زیادہ سپرہٹ فلموں کے بارے میں بات کریں تو یہ ’کرما‘کے بغیر ادھوری رہے گی۔اس فلم میں دلیپ کمار نے پولیس اہلکار کا کردار ادا کیا ہے۔ اس فلم میں بھی دلیپ کمار کے ڈائیلاگ کے ساتھ تھپڑ مارنے کا انداز آج تک یاد کیا جاتا ہے اور اسے کوئی فراموش نہیں کرسکتا۔ اس فلم میں انیل کپور اور جیکی شراف بھی مرکزی کردار میں ہیں۔ اس فلم کے گانے اس قدر مشہور ہوئے کہ آج بھی انہیں یوم آزادی اور یوم جمہوریہ پرہمیشہ سنا جاتا ہے۔
کرانتی
 ڈراما اور ایکشن سے بھر پور ’کرانتی‘ اداکار دلیپ کمار کی کبھی فراموش نہ کی جاسکنے والی فلموں میں سے ایک ہے۔ فلم میں اداکار ششی کپور ، شتروگھن سنہا اور اداکارہ ہیما مالینی بھی مرکزی کردار میں ہیں۔ دلیپ صاحب کی اس فلم نے سینما گھروں میں بے حد کامیابی حاصل کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK