Inquilab Logo

مہا بھارت سیریل کے ہر اداکار کو فی اپیسوڈ ۳؍ہزار روپے ملتے تھے

Updated: April 08, 2020, 12:45 PM IST | Agency | Mumbai

ان دنوں دور درشن پر ’مہابھارت‘سیریل دوبارہ نشر کیا جا رہا ہے۔اس سیریل میں شکونی ماما کا کردار ادا کرنے والے گوفی پینٹل اس سیریل کے کاسٹنگ ڈائریکٹر بھی تھے

Mahabharat - Pic : INN
مہابھارت ۔ تصویر : آئی این این

ان دنوں دور درشن پر ’مہابھارت‘سیریل دوبارہ نشر کیا جا رہا ہے۔اس سیریل میں شکونی ماما کا کردار ادا کرنے والے گوفی پینٹل اس سیریل کے کاسٹنگ ڈائریکٹر بھی تھے۔ ان کے مطابق اس شو کی تیاری میں ۵؍ سال لگ گئے تھے۔ ایک سال تک تو آڈیشن ہوتا رہا۔وہ کہتے ہیں کہ کاسٹنگ کے دوران کافی رد وبدل کی گئی تھی۔ مکیش کھنہ پہلے بھیشم پتا ما کے کردار کےلئے نہیں بلکہ دروناچاریہ کے لئے منتخب کئے گئے تھے۔اسی طرح نتیش بھاردواج کو ہم نے ودور کےلئے منتخب کیا تھا۔ میں نے نتیش کو ایک اشتہار میں دیکھا تو اس کی آنکھوں میں گہرائی نظر آئی اور اس کے بعد انہیں کرشن کا رول دینے کا فیصلہ کیا گیا۔فلم اداکار گووندہ ابھیمنیو کا کردار ادا کرنے والے تھے لیکن اس دوران انہیں ’لَو۔۸۶‘ مل گئی۔ دروپدی کے کردار کےلئے ہم نے جوہی چاؤلہ کو منتخب کیا تھا لیکن بات نہیں بن سکی۔
 اپنے کردار کی کاسٹنگ کے تعلق سے گوفی پینٹل کہتے ہیں’’ یہ میں نے فیصلہ نہیں کیا تھا۔ دراصل ’بہادر شاہ ظفر‘ نام کا ایک سیریل آیا تھا  جس میں میں نے برطانوی جنرل میٹکاف کا رول ادا کیا تھا۔چوپڑہ صاحب اس رول سے کافی متاثر  ہوئےتھے۔انہوںنے کہا کہ شکونی کے رول کےلئے انہوںنے مجھے ہی ذہن میں رکھا تھا۔ اس کردار کی ڈریس سیاہ ہوگی اور سیریل میں وہ لنگڑا کر چلے گا۔یہ مشورہ میں نے دیا تھا۔ میرے دادا سے میں نے بچپن میں پوچھا تھا کہ اچھے اور برے میں کیا فرق ہوتا ہے تب انہوں نے کہا تھا کہ اچھا انسان دوسروں کو اپنی جانب راغب کرتا ہے جبکہ انہوںنے مجھے بتایا تھا کہ برے انسان میںجسمانی طور پر کوئی نہ کوئی خامی رہتی ہے۔میں نے یہ بات چوپڑہ صاحب کو بتائی تو انہیں میرا مشورہ پسند آیا اور اس طرح سے شکونی کا کردار تیار ہوا۔‘‘
 گوفی پینٹل نے سیریل کے تعلق سے بتایا کہ ’’سیریل کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں کام کرنے والے تمام اہم اداکاروں کو ۳؍ہزار روپے فی اپیسوڈ دئیے جاتے تھے۔جب سیریل شروع ہوا تو ۲؍سے ۳؍ہی گاڑیاں پارکنگ لاٹ میں نظر آتی تھیں لیکن سیریل ختم ہوتے ہوتے، ۳۵؍سے ۳۶؍گاڑیاں پارکنگ میں رہتی تھیں۔اس سیریل کا اہم کردار ’وقت‘ بھی تھا۔
 سیریل کے رائٹر راہی معصوم رضا ’سمئے‘کا آئیڈیا لے کر آئے تھے۔ہر چیز کا گواہ وقت ہی ہوتا ہے۔ہمیں ۶؍سے ۷؍ماہ لگ گئے یہ  طے کرنے میں کہ اس میں آواز کس کی ہوگی۔اُس وقت امین سیانی، برج بھوشن جی، پرتاپ شرما اور ہریش بھیمانی، یہ ۴؍آوازیں کافی مشہور اور مقبول تھیں۔ہریش بھیمانی نے ’سمئے‘ کےلئے آواز دی تھی۔’سمئے‘ کا جو بولنے کا انداز تھا اس کے تعلق سے ہریش بھیمانی نے کہا تھا کہ اتنا دھیرے بولنےسے لوگ بوریت محسوس کریںگے لیکن چوپڑہ صاحب نے کہا اسی طرح دھیرے دھیرے ہی بولا جائے تاکہ سب کی سمجھ میں آسکے کہ ہم کیا کہنا چاہتے ہیں۔

mahabharat Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK