Inquilab Logo

’شعلے‘ کے ’سورما بھوپالی‘ جگدیپ کے انتقال پر فلمی شخصیات کا ردِّ عمل

Updated: July 10, 2020, 11:21 AM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ کے معروف اداکار جگدیپ کا بدھ کو ۸۱؍ سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ وہ بڑھاپے کی بہت سی بیماریوں سے لڑ رہے تھے۔ اداکار جگدیپ نے ۸؍ جولائی کو شام ۸؍ بجکر ۴۰؍ منٹ پر اپنے ممبئی کے گھر میں آخری سانس لی۔

Jagdeep - Pic : INN
جگدیپ ۔ تصویر : آئی این این

 جگدیپ کا اصل نام سید اشتیاق احمد جعفری تھا ، جو زائد از ۴۰۰؍ فلموں میں کام کر چکے ہیں۔ جگدیپ نے امیتابھ بچن اور دھرمیندر کی مشہور فلم ’شعلے‘ میں سورما بھوپالی کے کردار سے بہت مقبولیت حاصل کی جو ۱۹۷۵ء میں ریلیز ہوئی تھی۔
 اداکار کی موت پر بالی ووڈ کی متعدد شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موت کو انڈسٹری کیلئے بڑا نقصان قرار دیا۔
امیتابھ بچن نے مزاحیہ اداکار جگدیپ کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی موت سے فلم انڈسٹری ایک اور نگینہ سے محروم ہوگئی ہے۔ امیتابھ نے جگدیپ کو یاد کرتے ہوئے اپنے بلاگ میں لکھا کہ’’گزشتہ رات ہم نے ایک اور نگینہ کھودیا۔ جگدیپ… کامیڈی میں حیرت انگیز صلاحیتوں کے حامل گزر گئے۔ اداکاری کا ان کا انوکھا انداز تھا۔ مجھے متعدد فلموں میں ان کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ ناظرین کی نگاہوں میں جو نمایاں ہیں، ان میں ’شعلے‘ اور ’شہنشاہ‘ شامل ہیں۔ وہ ایک شائستہ شخصیت کے مالک تھے جنہیں لاکھوں لوگوں کا پیار ملا۔ میری دعائیں اور عقیدت ان کے لئے۔‘‘
اجے دیوگن : جگدیپ صاحب کی موت کی افسوسناک خبر سنی۔ انہیں ہمیشہ اسکرین پر دیکھ کر خوشی ہوتی تھی۔ انہوں نے ناظرین کو خوش کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ جاوید، نوید اور ان کے کنبہ کے تمام افراد سے میری گہری تعزیت۔ جگدیپ صاحب کی روح کیلئے دعا۔ `
انوپم کھیر : ایک اور ستارہ زمین سے آسمان میں جا پہنچا۔ جگدیپ صاحب بالی ووڈ کے ایک بہترین اداکار تھے۔ مزاحیہ اداکار کی حیثیت سے ان کا کوئی ثانی نہیں تھا۔
جاوید اختر: چائلڈ آرٹسٹ کی حیثیت سے فلمی کریئر کی شروعات کرنے اور چند فلموں میں ہیرو کے طور پر کام کرنے کے بعد جگدیپ صاحب نے کامیڈی کے میدان میں زبردست کامیابی حاصل کی تھی۔
فرحان اختر : خدا جگدیپ صاحب کی روح کو سکون پہنچائے۔ برسہا برس لوگوں کو ہنسانے کا بہت بہت شکریہ۔ میں جاوید اور نوید کے غم میں شامل ہوں۔
فرح خان : اس صبر آزما گھڑی میں مَیں جاوید، نوید اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہوں۔
ارشد وارثی : جگدیپ صاحب کی موت سے مجھے زبردست صدمہ پہنچا ہے۔کیا شاندار اداکار اور بہترین انسان تھے وہ۔ جس دور میں مَیں بچپن سے جوانی میں قدم رکھ رہا تھا اس دور میں انہوں نے فلموں کے ذریعے زبردست تفریح فراہم کی۔اللہ آپ کو جنّت نصیب فرمائے۔
آیوشمان کھرانا: ’ فلمی دنیا میں آپ کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ہنسی کے ہنگامے بکھیرنے کیلئے آپ کا بہت بہت شکریہ۔
ابھیشیک بچن : آپ کی روح کو سکون ملے۔ ہماری زندگی میں مسکراہٹیں بکھیرنے پر آپ کا شکریہ۔
رِتیش دیشمکھ : ہماری زندگی میں خوشیاں اور ہنسی بکھیرنے پر آپ کا بہت بہت شکریہ۔ ان کے اہلِ خانہ اور بے شمار مداحوں کے غم میں میں بھی شریک ہوں۔
شلپا شیٹی : مجھے فلم ’رشتے‘ میں ان کے ساتھ کام کرنے کا سنہرا موقع ملا تھا۔وہ ایک بہترین کامیڈین ہونے کے ساتھ ایک اچھے انسان بھی تھے۔
منوج باجپئی : خدا تمہیں سکون دے۔ تم نے کئی فلموں کے ذریعے فلم بینوں کو تفریح فراہم کی جس کیلئے بہت بہت شکریہ۔ ہم تمہیں بھول نہیں پائیں گے۔
وِشال ددلانی : جس وقت میں نے پہلی بار ’شعلے‘ دیکھی تھی اس وقت میں ۲؍ سال کا تھا۔ اس عمر میں بھی میں اس سورما بھوپالی کے کردار سے بے حد متاثر ہوا تھا۔خدا تمہارے اہلِ خانہ کو صبر عطا فرمائے۔
آفتاب شیو دشانی : تمہاری روح کو سکون ملے۔ جاوید جعفری، نوید جعفری اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں مَیں برابر کا شریک ہوں۔یہ صرف ان کے خاندان ہی کا نہیں بلکہ بالی ووڈ کا بھی بہت بڑا نقصان ہے۔
رِتیش سدھوانی : جگدیپ کا منفرد انداز ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے خاندان اور دوستوں کو خدا صبر عطا فرمائے۔ 
رنویر شوری : جگدیپ صاحب کامیڈی کے لیجنڈ تھے۔ ہندوستانی سنیما کے ایک اہم ستون تھے۔ میں ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK