• Sun, 15 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گوا نائٹ کلب آتشزدگی معاملہ: مالک سوربھ اور گورو لوتھرا تھائی لینڈ میں گرفتار

Updated: December 11, 2025, 2:14 PM IST | New Delhi

گوا کے نائٹ کلب میں ہولناک آگ سے۲۵؍ جانیں ضائع ہونے کے بعد معاملہ بین الاقوامی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ تھائی حکام نے کلب کے مالک سوربھ اور گورو لوتھرا کو پھوکٹ سے حراست میں لے لیا ہے اور انہیں ہندوستان واپس لانے کی کارروائی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

Luthra Brothers. photo: X
لوتھرا برادران۔ تصویر: ایکس

تھائی حکام نے سوربھ لوتھرا اور ان کے بھائی گورو لوتھرا کو حراست میں لے لیا ہےجو گوا کے اس نائٹ کلب کے شریک مالک ہیں جہاں خوفناک آگ لگنے سے ۲۵؍افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یہ بات حکام نے جمعرات کو بتائی۔ بھائیوں کو انٹرپول کے بلیو کارنر نوٹس کی بنیاد پر پھوکٹ سے گرفتار کیا گیا، جو ہندوستانی حکومت کی درخواست پر جاری کیا گیا تھا۔ سینئر حکام نے تصدیق کی ہے کہ انہیں ہندوستان واپس لانے کا عمل جاری ہے۔ حکام کے مطابق لوتھرا برادران نے۷؍ دسمبر کو رات ایک بج کر۱۷؍منٹ پر ایک ٹریول پورٹل کے ذریعے پھوکٹ کے ٹکٹ بک کئے، اس واقعے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد جب انہیں آروپورا، شمالی گوا میں برچ بائی رومیو لین نائٹ کلب میں آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔ وہ اتوار کی صبح انڈیگو کی پرواز سے ہندوستان سے روانہ ہو گئے، اس وقت بھی ریسکیو ٹیمیں آگ بجھانے اور عملے کے ارکان کو بچانے کی کوششوں میں مصروف تھیں۔ بعد ازاں گوا پولیس نے سی بی آئی سے رابطہ کرکے بلیو کارنر نوٹس جاری کرنے کی درخواست کی، جو عام طور پر ایسے افراد کی شناخت اور موجودگی کا سراغ لگانے کیلئے جاری کیا جاتا ہے جو فوجداری تحقیقات سے جڑے ہوں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ریاستی وزیرکی مالونی اسکول معاملے کو فرقہ وارانہ رنگ دینےکی کوشش

وزارتِ خارجہ کو بھی گوا حکومت کی جانب سے ایک مراسلہ موصول ہوا ہے اور وہ پاسپورٹ ایکٹ کے تحت دونوں بھائیوں کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کی درخواست کا جائزہ لے رہی ہے۔ دریں اثنا، دہلی میں ایک عدالت نے بدھ کو بھائیوں کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ ایڈیشنل سیشن جج وندنا نے گوا پولیس سے اس درخواست پر جواب طلب کیا ہے جس میں انہوں نے ’’ٹرانزٹ اینٹی سیپیٹری بیل‘‘ مانگی ہے۔ لوتھرا برادران کے وکیل نے کہا کہ وہ ’’فرار نہیں ہوئے بلکہ کاروباری دورے پر تھائی لینڈ گئے تھے‘‘ اور دعویٰ کیا کہ دونوں کوہندوستان واپس آنے پر گرفتاری کا خدشہ ہے۔ انہوں نے گوا کی عدالتوں سے مزید ریلیف حاصل کرنے کیلئے چار ہفتوں کی ٹرانزٹ ضمانت کی درخواست کی ہے۔ تاہم، دہلی کی عدالت نے انہیں عبوری تحفظ دینے سے انکار کر دیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’ ملک کے آئین کا آغاز لفظ ’ہم ہندوستان کے لوگ‘ سے ہوتا ہے’بھارت ماتا‘ کے نام سے نہیں‘‘

اسی دوران، نائٹ کلب کے پارٹنر اجے گپتا کو دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے گوا پولیس کی درخواست پر حراست میں لے لیا۔ انہیں ساکیت کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں ایڈیشنل چیف جوڈیشل میجسٹریٹ ونود جوشی نے پروازوں میں رکاوٹ کے باعث گوا پولیس کو ۳۶؍گھنٹے کا ٹرانزٹ ریمانڈ دیا۔ ایک سینئر افسر نے بتایا کہ گپتا کو گوا پہنچنے پر باقاعدہ طور پر گرفتار کیا جائے گا۔ گوا پولیس اب تک پانچ عملے کے ارکان کو گرفتار کر چکی ہے: چیف جنرل منیجر راجیو موڈک، جنرلمنیجر ویوک سنگھ، بار منیجرراجیو سنگھانیہ، گیٹمنیجر ریانسو ٹھاکر اور ملازم بھرت کوہلی۔ لوتھرا برادران کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ ’’صرف لائسنس ہولڈر ہیں، نائٹ کلب کے حقیقی مالک نہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK