Inquilab Logo

سنجے لیلا بھنسالی کی ’ہیرامنڈی‘ میں جوہی چائولہ بھی کام کریں گی

Updated: August 31, 2021, 12:33 PM IST | Agency | Mumbai

مشہور فلم سازکی اس نئی ویب سیریزمیں ۱۸؍اداکارائیںکام کریں گی جن میںسوناکشی سنہا، منیشا کوئرالا،نمرت کور، سنجیدہ شیخ اور ڈائنا پینٹی شامل ہیں

Juhi Chawla .Picture:INN
جوہی چائولہ ۔ تصویر: آئی این این

فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی نے فلم انڈسٹری میں ۲۵؍سال پورے کر لئے ہیں۔ کچھ دن پہلے انہوں نے اپنے ڈریم پروجیکٹ’ہیرامنڈی‘ کا اعلان کیا تھا اور اب اس پر کام بھی شروع کردیا ہے۔ سنجے لیلا بھنسالی اسے ویب سیریز کے طور پر بنائیں گے۔ اس کے لئے انہوں نے نیٹ فلکس کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ فلم میں سوناکشی سنہا،نمرت کور اور منیشاکوئرالا سمیت کئی مشہور اداکارائیں کام کریں گی۔ اب خبر آرہی ہے کہ اس  ویب سیریز سے اداکارہ جوہی چائولہ بھی منسلک ہوگئی ہیں۔ پروجیکٹ پر کام کرنے والے ذرائع نے بتایا کہ ’’ہیرامنڈی میںمجموعی طور پر ۱۸؍ اداکارائیں نظر آئیں گی جن میںسوناکشی سنہا، منیشا کوئرالا،نمرت کور، سنجیدہ شیخ اور ڈائنا پینٹی شامل ہیں۔ اب جوہی چائولہ بھی فلم میں شامل ہونگی۔ وہ ۸؍ایپی سوڈ کی ویب سیریز میں ایک اہم کردار میں لیکن مہمان اداکارہ کے طورپر نظر آئیں گی۔ جوہی چائولہ نے سنجے لیلا بھنسالی سے ملاقات کی اور فوراً کردار نبھانے کیلئے تیار ہوگئیں۔ وہ جلد ہی اپنی شوٹنگ شروع کرنے والی ہیں۔‘‘ ذرائع نے مزید بتایا کہ ویب سیریز ہندوستان کی تقسیم سے پہلے کی کہانی ہے اور بھنسالی نے اس میں کچھ تبدیلی بھی کی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ’’حقیقی ہیرامنڈی لاہور میں واقع تھی اور اسے پہلے شاہی محلہ کہا جاتا تھا۔ یہاں درباریوں نے زمین پر قبضہ کرنا شروع کردیا اور پھر یہاں مجراشروع ہوگیا۔ یہاں مغل حکومت کے ملازم رہتے تھے۔‘‘ذرائع نے کہا’’بھنسالی نے میوزک اور ڈانس سیکھنے کیلئے ہیرامنڈی کو ایک پاکیزہ مقام کے طور پر دکھانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ یہ ویب سیریز موسیقی کے دو گھرانوں کے بیچ ٹکرائو پر مبنی ہوگی۔ کہانی لاہور سے ممبئی تک جاتی ہے۔‘‘  اس کا پہلا اور آخری ایپی سوڈ خود سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں ہوگا جبکہ دیگر ایپی سوڈ ویبھو پوری اور میتاکشرا کمار کی ہدایت کاری میں ہوگا۔ یہ دونوں کئی فلموں میں سنجے لیلا بھنسالی کے معاون رہ چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK