Inquilab Logo

بالی ووڈ میں کوئی ’مافیا‘ نہیں، اقربا پروری پربحث ’بکواس‘ ہے: نصیر الدین شاہ

Updated: August 20, 2020, 12:15 PM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار۷۰؍ سالہ نصیر الدین شاہ نے فلم انڈسٹری میں ’مافیا‘ اور ’اقربا پروری‘ جیسے موضوعات پر کھل کر بات چیت کرتے ہوئے انہیں کچھ لوگوں کے دماغ کی خرافات قرار دیا ہے۔

Naseeruddin Shah - Pic : INN
نصرالدین شاہ ۔ تصویر : آئی این این

 فلموں میں منفی، مثبت، کامیڈی، مرکزی اور معاون سمیت ہر طرح کے کردار ادا کرنے والے نصیر الدین شاہ مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے مظالم پر کھل کر بات کرتے اور حکومت کی مخالفت کرتے آئے ہیں۔تاہم وہ بالی و وڈ میں مافیا کے ہونے، آؤٹ سائیڈر اور ان سائیڈر سمیت اقربا پروری جیسے موضوعات پر بحث کو چند لوگوں کے ذہن کی تخلیق قرار دیتے ہوئے دعویٰ کرتے ہیں کہ فلم انڈسٹری میں کوئی بھی ’مافیا‘ نہیں ہے ۔
 حال ہی میں ایک نیوز ٹی وی  کو دئیے گئے  انٹرویو میں نصیر الدین شاہ نے بالی ووڈ میں جاری ’مافیا‘ اور ’اقربا پروری‘ جیسے موضوعات پر کھل کر بات کی اور دعویٰ کیا کہ یہ سب کچھ کم تعلیم یافتہ اور پریشانی میں مبتلا افراد کے ذہن کی خرافات ہیں۔
 انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ اقربا پروری جیسی بحث کچھ لوگوں کی تخلیق کردہ ہے جو ہر بات کو اپنے اوپر لے جاتے ہیں۔لیجنڈ اداکار نے وضاحت کی کہ اگر کوئی شخص ڈاکٹر ہے تو وہ چاہتا ہے کہ اس کا بیٹا بھی ڈاکٹر بنے، کوئی اگر وکیل ہے تو وہ چاہتا ہے کہ اس کی اولاد بھی اس کے نقش قدم پر چلے۔اداکار کے مطابق اسی طرح اگر ان کے بیٹوں کو کوئی اداکاری کرنے کا موقع دیتا ہے تو اس پر اعتراض کیوں؟
 نصیر الدین شاہ کے مطابق اگر کوئی ان کے بیٹوں کو اداکاری کا موقع دے رہا ہے تو وہ اس لئے نہیں دے رہا کہ وہ ان کے بیٹے ہیں بلکہ وہ ان میں کچھ خصوصیات دیکھ کر انہیں موقع دے رہا ہے اور جب انہیں چانس مل جائے تو اسے اقربا پروری کہنا غلط ہے۔
  ان کے مطابق اسی طرح دنیا کے ہر شعبے میں موجود افراد کے بچے اسی شعبے میں آتے ہیں اور یہ دنیا کی قدیم رسم ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ بالی ووڈ میں کوئی ’مافیا‘ موجود ہے۔ انہوں نے دلیل دی کہ اگر کوئی ’مافیا‘ موجود ہوتی تو انہیں بھی کام سے روکتی۔ نصیرالدین شاہ نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ ماضی میں اوم پوری جیسے غیر فلمی خاندان سے وابستہ افراد بھی مقبول اداکار بنے اور انہیں بھی آج تک کسی نے کسی کام سے نہیں روکا اور نہ ہی کوئی ان کے فلمی کام کے آڑے آیا۔
 انہوں نےبالی ووڈ میں ’مافیا‘ اور ’اقربا پروری‘ یا ’آؤٹ سائیڈر‘ یا ’ان سائیڈر‘ کے ہونے کے تاثرات کو مسترد کیا اور کہا کہ سب باتیں کچھ کم تعلیم یافتہ لوگوں کے ذہن کی تخلیق ہیں۔نصیر الدین شاہ کا کہنا تھا کہ موجود ہ دور میں تھوڑا بہت ڈپریشن ہر کسی کو ہے اور ایسے ہی افراد ڈپریشن کی وجہ سے میڈیا کے سامنے اپنے مسائل کو لاتے ہیں۔
 انہوں نے سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے معاملے پر بھی بات کی اور نوجوان اداکار کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بالی ووڈ کا روشن ستارہ بھی قرار دیا اور کہا کہ ان کی خودکشی کو بہانہ بنا کر کچھ لوگ اپنے ذہنی مسائل میڈیا کے سامنے رکھ رہے ہیں۔انہوں نے اپنے انٹرویو میں کسی کا نام لئے بغیر کچھ فلمی شخصیات کو کم تعلیم یافتہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ہی لوگ بالی و وڈ میں ’مافیا‘ اور ’اقربا پروری‘ کی باتیں کرتے ہیں اور لوگ ان پر یقین کرتے ہیں۔
 خیال رہے کہ نصیرالدین شاہ نے۱۹۶۵ء میں بطور چائلڈ آرٹسٹ ہی کام شروع کیا تھا اور انہوں نے اب تک۲۵۰؍ سے زائد فلموں میں ہر طرح کے کردار ادا کئے ہیں۔نصیر الدین شاہ نے زندگی کے ۷۰؍سال میں سے۵۰؍ سال تک بالی  ووڈ انڈسٹری کو دیئے ہیں اور ان کی اہلیہ رتنا پھاٹک شاہ بھی اداکارہ ہیں ۔نصیرالدین شاہ کو ان کی شاندار اداکاری کی وجہ سے حکومت ہند نے نیشنل ایوارڈ سمیت پدم شری اور پدم  بھوشن ایوارڈس سے بھی نواز ا ہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK