Inquilab Logo

’شکارا‘ میں کشمیری پنڈتوں کے درد کو بیاں کیا گیا ہے : ودھو ونود چوپڑہ

Updated: January 11, 2020, 5:10 PM IST | Agency | Mumbai

تقریباً ۱۳؍سال بعد ودھو ونود چوپڑہ نے فلم’شکارا‘ سے ڈائریکشن میں واپسی کی ہے۔اس سے قبل انہوںنے ۲۰۰۷ء میں ریلیز ہونے والی فلم’ایکلویہ:دی ریئل گارڈ‘ کا ڈائریکشن دیا تھا۔

شکارا فلم کا پوسٹر ۔ تصویر : آئی این این
شکارا فلم کا پوسٹر ۔ تصویر : آئی این این

 تقریباً ۱۳؍سال بعد ودھو ونود چوپڑہ نے فلم’شکارا‘ سے ڈائریکشن میں واپسی کی ہے۔اس سے قبل انہوںنے ۲۰۰۷ء میں ریلیز ہونے والی فلم’ایکلویہ:دی ریئل گارڈ‘ کا ڈائریکشن دیا تھا۔ گزشتہ دنوں ممبئی میں فلم’شکارا‘ کے ٹریلر لانچ کے موقع پر ودھو نود چوپڑہ نےبتایا کہ اس فلم کو بنانے میں انہیں ۱۱؍سال لگ گئے۔۱۹؍ جنوری ۱۹۹۰ء کو لاکھوں کشمیری پنڈتوں کو کشمیر چھوڑنے پر مجبور کر دیا گیا تھا۔فلم کی کہانی کا آغاز وہیں سےہوتے ہوئے موجودہ دور میں آتی ہے۔
 ودھو ونود چوپڑہ کے مطابق یہ فلم ایک کشمیری جوڑے کی کہانی ہےجس میں ان کے ۳۰؍سال کے سفر کو دکھایا گیا ہے۔یہ کہانی ان تمام لوگوں کی ہے جو گزشتہ ۳؍دہائی سے اپنے ہی ملک میں مہاجرکی طرح زندگی گزار رہے ہیں۔بالی ووڈ میں کشمیری پنڈتوں کے معاملے کو نظر انداز کرنے کے سوال پر ودھو ونود چوپڑہ نے کہا کہ میں ہندی فلموں سے تعلق رکھتا ہوں مگر کہیں آتا جاتا نہیں ہوں۔ اس لئے انڈسٹری کے لوگ کیا بنا رہے ہیں اس  بارے میں بات نہیں کر سکتا ۔میں اتنا کہہ سکتا ہوں کہ میں نے جو فلم بنائی ہے اس میں ۴؍ہزار اصل کشمیری پنڈتوں نے کام کیا ہے۔
 انہوںنے مزید بتایا کہ پوسٹر میں نظر آنے والے لوگ اصلی مہاجر ہیں۔ایک سین میں رجسٹریشن کا شاٹ ہے ۔شوٹنگ کے دوران  ایک خاتون رجسٹریشن کے لئے آتی ہے اور رونے لگتی ہے۔ہم نے کہا کہ دوسرا ٹیک لیتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ مجھ سے نہیں ہوگا۔۲؍بار ہوچکا ہے  ، تیسری بار اسی سین کو نہیں کر سکتی۔تب میں نے ان سے کہا کہ یہ تو دوسرا ٹیک ہے۔اس پر انہوںنے کہا کہ پہلی بار ۳۰؍سال قبل اسی طرح کے حالات سے گزرنا پڑا تھا۔
 اسی طرح فلم میں کینسر کے مرض میں مبتلابنسی لال نے فلم میں کام کیا ہے۔ انہوں نے کینسر ہونے کی بات بتائی نہیں تھی۔اب ان کا انتقال ہوچکا ہے۔فلم کی شوٹنگ کے دوران جب ان سے کھانے کےلئے پوچھا جاتا تھا تو وہ یہ کہہ کر ٹال دیتے تھے کہ بھوک نہیں ہے۔ حالانکہ اصل وجہ یہ تھی کہ وہ کھانا کھا ہی نہیں سکتے تھے۔ ایسی حالت میں بھی انہوں نے کام کیا۔ واضح رہے کہ اس فلم کی میوزک اے آر رحمان نے کمپوز کی ہے اور یہ فلم۷؍فروری کو ریلیز ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK