Inquilab Logo

راجیش کھنّہ بڑے شرمیلے انسان تھے : وحیدہ رحمٰن

Updated: July 18, 2020, 3:06 AM IST | Mumbai

بالی ووڈ کے پہلے سپر اسٹار راجیش کھنّہ کی پیدائش ۲۹؍ دسمبر ۱۹۴۲ء کو امرتسر(پنجاب) میں ہوئی تھی۔ ان کا پیدائشی نام جتین کھنّہ تھا۔ان کی پروش ان کے رشتے دار چنی لال کھنّہ اور لیلا وتی کھنّہ نے کی تھی۔ ۱۹۶۶ء میں فلم آخری خط‘ سے اپنے فلمی کریئر کی شروعات کرنے والے راجیش کھنّہ ۱۹۶۹ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’آرادھنا‘ سے سپر اسٹار بن گئے تھے۔ ان کا انتقال ۱۸؍ جولائی ۲۰۱۲ء کو ہوا تھا۔ ان کی فلمی جوڑی شرمیلا ٹیگور اور ممتاز کے ساتھ بہت پسند کی جاتی تھی۔

Rajesh Khanna and Waheeda Rehman in the movie `Khamoshi`. Photo: INN
راجیش کھنّہ اور وحیدہ رحمٰن فلم ’خاموشی‘ میں ۔ تصویر: آئی این این

پہلے سُپر اسٹار کی برسی کے موقع پر خراج عقیدت
بالی ووڈ کے پہلے سپر اسٹار راجیش کھنّہ کی پیدائش ۲۹؍ دسمبر ۱۹۴۲ء کو امرتسر(پنجاب) میں ہوئی تھی۔ ان کا پیدائشی نام جتین کھنّہ تھا۔ان کی پروش ان کے رشتے دار چنی لال کھنّہ اور لیلا وتی کھنّہ نے کی تھی۔ ۱۹۶۶ء میں فلم آخری خط‘ سے اپنے فلمی کریئر کی شروعات کرنے والے راجیش کھنّہ ۱۹۶۹ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’آرادھنا‘ سے سپر اسٹار بن گئے تھے۔ ان کا انتقال ۱۸؍ جولائی ۲۰۱۲ء کو ہوا تھا۔ ان کی فلمی جوڑی شرمیلا ٹیگور اور ممتاز کے ساتھ بہت پسند کی جاتی تھی مگر انہوں دیگر ہیروئینوں کے ساتھ بھی کام کیا تھا جن میں سے ایک وحیدہ رحمٰن بھی تھیں ۔ وحیدہ رحمٰن نے ابتدائی دور میں راجیش کھنہ کے ساتھ فلم میں کام کیا تھا۔ ایک انٹرویومیں انہوں راجیش کھنّہ کے تعلق سے اپنے تجربات شیئر کئے، ملاحظہ کریں ۔
 میری راجیش کھنہ سے پہلی ملاقات فلم ’خاموشی‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی۔ اس وقت وہ فلموں میں نئے نئے آئے تھے۔ وہ بہت ہی خاموش اور شرمیلی طبیعت کے انسان تھے۔ زیادہ باتیں نہیں کرتے تھے۔ پھر فلم کی شوٹنگ کیلئے ہم کولکاتا گئے۔ وہاں فلم کی ساری یونٹ نے ایک ہی ہوٹل میں قیام کیا تھا۔ تب تھوڑی تھوڑی ان سے ملاقات ہونے لگی اور وہ کچھ کھلنے لگے۔ راجیش کھنہ ان دنوں بڑی سادگی سے رہا کرتے تھے۔ کسی کو علم بھی نہیں تھا کہ یہ لڑکا اتنا بڑا اسٹار بننے والا ہے۔ بہت کم لوگوں کو معلوم ہے کہ فلم ’خاموشی‘ کیلئے فلمساز ہیمنت کمار کو میں نے ہی راجیش کھنہ کا نام تجویز کیا تھا۔ اس وقت ان کی فلم ’آخری خط‘ ریلیز ہو چکی تھی۔ دراصل ’خاموشی‘ ایک ہیروئن کے کردار پر مبنی فلم تھی۔ اس لئے اس فلم میں اس وقت کا کوئی بڑا اسٹار کام کرنے کیلئے تیار نہیں تھا۔ ہیمنت دا، دیو آنند کو لینا چاہتے تھے، لیکن بات بنی نہیں ۔ میں نے ہیمنت دا سے کہا کہ یہ جو نیا لڑکا آیا ہے، یہ ٹھیک ہے۔ اسے لے سکتے ہیں اور انہوں نے بات مان لی۔ فلم ’خاموشی‘ کی شوٹنگ کا ایک دلچسپ واقعہ ہے۔ ہم اس کے گیت ’وہ شام کچھ عجیب تھی‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے اور راجیش کھنہ گیت کی دھن بار بار بھول رہے تھے، جس کی وجہ سے ’لِپ سِنک‘ میں دشواری پیش آ رہی تھی۔ گانے کے منظر میں مجھے ان کو گلے لگنا تھا۔ انہوں نے مجھ سے کہا: وحیدہ جی جب کیمرہ میرے چہرے پر آئے اور آپ کی پیٹھ پر تب آپ گیت گنگنا دینا جس سے مجھے اس کے الفاظ پکڑنے میں آسانی ہو جائے گی۔ وہ اکثر گیت کی دھن پکڑ نہیں پاتے تھے۔ فلم ’خاموشی‘ کے بعد آہستہ آہستہ وہ بڑے اسٹار بننے لگے۔ ان کی اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور ممتاز کے ساتھ جوڑی زیادہ جمنے لگی۔ میں سنجیدہ قسم کی فلمیں زیادہ کرتی تھی اور بطور اداکارہ میرا کریئر آہستہ آہستہ ختم ہو رہا تھاڈ اس لئے میں نے ان کے ساتھ زیادہ فلمیں نہیں کیں ۔ وہ بہت ہی سادہ قسم کے انسان تھے لیکن ان میں کوئی جادو تھا۔ ہر عمر کا انسان ان کی طرف كھنچا چلا آتا تھا۔ ان کی اس کشش کی وضاحت کرنا مشکل ہے۔ بہت سے لوگ انہیں موڈی قسم کا آرٹسٹ کہتے تھے لیکن ایسا نہیں تھا۔ ہم فنکاروں کے ساتھ مشکل یہ ہے کہ میڈیا والے سمجھتے نہیں کہ ہماری بھی ذاتی زندگی ہوتی ہے۔ اکثر ہم اپنے ذاتی مسائل کی وجہ سے پریشان رہتے ہیں اور سیٹ پر غصے کا اظہار کر دیتے ہیں ، یا فرض کریں کسی وجہ سے اسپاٹ بوائے یا یونٹ کے کسی رکن کو ڈانٹ دیا تو لوگ رائی کا پہاڑ بنا دیتے ہیں ۔ اس پر لوگ کہنے لگتے ہیں کہ بڑے غصے والا آرٹسٹ ہے، موڈی ہے۔ بعض مواقع پر راجیش کھنّہ کے بھی ایسے ہی برتاؤ کا لوگوں نے غلط تاثر لیا۔ انہیں بھی موڈی قرار دیا جبکہ وہ ایسے بالکل نہیں تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK