Inquilab Logo

دس بہانے کرکے لے گئے دل کا ریمکس ورژن یوٹیوب پر ٹرینڈ کررہا ہے

Updated: February 20, 2020, 9:58 AM IST | Staff Reporter | Mumbai

مشہور نغمہ نگار پنچھی جالونوی نے ۲۰۰۵ء میں ریلیز ہونے والی انوبھو سنہا کی فلم کیلئے ’دس بہانے کرکے لے گئے دل ‘ لکھا تھا تو یہ اس وقت بھی ٹاپ ۱۰؍ گیتوں میں شامل رہا تھا لیکن انہیں یہ نہیں معلوم رہا ہو گا کہ فلم کی ریلیز کے ۱۵؍ سال بعد بھی اس گیت کی دھوم ہوگی۔ یہ گیت ٹائیگر شروف اور شردھا کپور کی آنے والی فلم ’ باغی۔۳ ‘ میں ریمکس کرکے شامل کیا گیا ہے اور ان دنوں یو ٹیوب پر فلم سے زیادہ اس گیت نے دھوم مچارکھی ہے

ٹائیگر شراف اور شردھا کپور ۔ تصویر : آئی این این
ٹائیگر شراف اور شردھا کپور ۔ تصویر : آئی این این

ممبئی : مشہور نغمہ نگار پنچھی جالونوی نے ۲۰۰۵ء میں ریلیز ہونے والی انوبھو سنہا کی فلم کیلئے ’دس بہانے کرکے لے گئے دل ‘ لکھا تھا تو یہ اس وقت بھی ٹاپ ۱۰؍ گیتوں میں شامل رہا تھا لیکن انہیں یہ نہیں معلوم رہا ہو گا کہ فلم کی ریلیز کے ۱۵؍ سال بعد بھی اس گیت کی دھوم ہوگی۔ یہ گیت ٹائیگر شروف اور شردھا کپور کی آنے والی فلم ’ باغی۔۳ ‘ میں ریمکس کرکے شامل کیا گیا ہے اور ان دنوں یو ٹیوب پر فلم سے زیادہ اس گیت نے دھوم مچارکھی ہے۔’ دس بہانے کرکے  لے گئے دل ‘کو یوٹیوب پر ریلیز کرنے کے بعد سے اب تک ۳؍ کروڑ سے زائد افراد اسے دیکھ چکے ہیں۔ اس بارے میں نغمہ نگار پنچھی جالونوی نے بتایا کہ ’’ مجھے بالکل بھی حیرت نہیں ہے کہ یہ گیت دوبارہ ٹرینڈ کر رہا ہے کیوں کہ جس  وقت فلم ’دس‘ ریلیز ہوئی تھی اس سے قبل بھی  یہ چارٹ ٹاپر بن گیا تھا جبکہ اب سوشل میڈیا، یوٹیوب اور دیگر میوزک ایپس کے زمانے میں تو اس کے مزید مقبول ہونےکے امکانات بڑھ گئے ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ یہ گیت ۱۱؍ فروری ہی کو ری ریلیز کیا گیا ہے اور تب سے اب تک لاکھوں افراد اسے یوٹیوب پر دیکھ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ میوزک چینلوں پر بھی یہ دکھایا جارہا ہے۔پنچھی جالونوی جنہوں نے ’دس‘ کے علاوہ شاہ رخ خان کی ’را۔وَن‘  اور دیگر فلموں کیلئے بھی گیت لکھے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’گیت تبھی ہٹ ہو تے ہیں جب ان میں نغمگی ہواور نغمگی اردو ہی سے آتی ہے۔ اسی لئے ’دس بہانے‘ ہو یا پھر اسی فلم کا ’دیدار دے ‘ گیت ہو یا پھر جگجیت سنگھ کے ذریعے گائی گئی غزل ہو، سبھی کے ہٹ ہونے کی اصل وجہ اردو ہی رہی ہے۔ میں نے پھرپور کوشش کی ہے کہ اپنے نغموں میں اردو شاعری کو جگہ دینے کی کوشش کروں ، اگر وہ ممکن نہیں ہے تو اردو کے الفاظ کا زیادہ سے زیادہ اور برمحل استعمال کروں۔ ورنہ آج کے دور میں اردو کا استعمال تو کیا جارہا ہے لیکن  یہ واضح طور پر محسوس کیا جاسکتا ہے کہ اردو کے الفاظ کو زبردستی گیت میں فٹ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے ’باغی۔۳‘ کے تعلق سے کہا کہ شردھا کپور اور ٹائیگر شروف کو اس گیت میں پیش کیا گیا ہے، یہ دونوں بہت اچھے رقاص ہیں  جبکہ ۲۰۰۵ء میں ابھیشیک بچن  اور زید خان پر اسے فلمایا گیا تھا ۔ پنچھی جالونوی کی اگلی فلم راجکمار رائو کی ’چھلانگ‘ ہے جس میں ایک مرتبہ پھر وہ اپنے قلم کا جادو چلائیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK