Inquilab Logo

سلمان خان نے مزدورں کی ہر ضرورت کو پورا کرنے کی ذمّہ داری لی

Updated: April 01, 2020, 11:33 AM IST | Agency | Mumbai

وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کے انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ملک میں ۲۱؍ دن کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے تفریحی صنعت میں کام بھی مکمل طور پر بند ہے۔

Salman Khan - Pic : INN
سلمان خان ۔ تصویر : آئی این این

وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کے انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ملک میں ۲۱؍ دن کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے تفریحی صنعت میں کام بھی مکمل طور پر بند ہے۔ ایسی صورتحال میں فلم فیڈریشن سے وابستہ چھوٹے کارکن اور یومیہ اجرت کے مزدوروں کے گھر بھی چولہا نہیں جل رہا ہے اور وہ مالی طور پر پریشانی کا شکار ہیں۔لیکن کرونا وائرس کی وبا کے اس مشکل وقت میں ، ایک بار پھر سلمان خان مسیحا کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ سلمان خان نے فلم فیڈریشن سے وابستہ ۲۵؍ ہزار چھوٹے کارکنوں اور مزدوروں کو کھانا اور مالی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔  سلمان کو یوں ہی نہیں ’بالی ووڈ کا سلطان‘ کہا جاتا ہے۔
 مصدقہ ذرائع کے مطابق ، سلمان لاک ڈاؤن کے اس مشکل وقت میں فیڈریشن سے وابستہ ہر چھوٹے کارکن اور یومیہ اجرت کے مزدوروں کو کھانا اور پیسہ جیسی ہر ضروری چیز فراہم کریں گے۔ صرف یہی نہیں، اداکار نے فیڈریشن کو یہ بھی بتایا ہے کہ ان تمام چیزوں کا خرچ وہ تن تنہا اٹھائیں گے۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ سلمان نے فیڈریشن کو واضح طور پر کہا تھا کہ ان کے کام کی خبر میڈیا کو نہیں ہونی چاہئے کیونکہ وہ تشہیر کیلئے خیراتی کام نہیں کرتے ہیں۔ لیکن دل کا کوئی نیک کام پوشیدہ نہیں ہے۔
 ۲۱؍ دن کے اس لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد سلمان نے ’سلمان خان فلمز پروڈکشن‘ کے تحت ہونے والے تمام کاموں کو روکنے کیلئے بھی کہا تاکہ اس لاک ڈاؤن کی صحیح طریقے سے پیروی کی جاسکے۔ کپل شرما شو ’دی کپل شرما شو‘ بھی سلمان کے پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے شوٹ ہوتا ہے۔
 ابھی کچھ دن پہلے ہی یومیہ اجرت والے مزدور اور جونیئر آرٹسٹ کوآرڈینیٹر راجندر لیکھ راج عرف پپو نے کہا تھا کہ ’’اگر ہمارے حالات خراب ہوئے تو میں سلمان سے گفتگو کروں گا کیونکہ وہ امداد کے معاملے میں بہت مہربان ہیں اور ہمیشہ ہمارے بارے میں فکرمند رہتے ہیں۔ ان ناگفتہ بہ حالت کے سبب ہی انہوں نے حال ہی میں محبوب اسٹوڈیو میں ’رادھے‘ کی شوٹنگ بند کردی تھی۔‘‘
 یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سلمان کو انسانیت کی بھلائی کا کام کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ ان کا فاؤنڈیشن ’بیئنگ ہیومن‘ بچوں کو مختلف بیماریوں کے علاج کیلئے فنڈ فراہم کرنے کا ایک وسیلہ رہا ہے اور اس سے بہت سوں کو راحت ملی ہے۔ 
 سلمان کو خاص طور پر ان کی نیک نیتی کیلئے بھی جانا جاتا ہے۔ وہ فلم انڈسٹری سے لے کر ان لوگوں تک کی مدد جاری رکھے ہوئے ہیں جو سیٹس پر کام کرتے ہیں۔ ’دبنگ۔۳‘ کے دوران انہوں نے روزانہ اسپاٹ بوائے کی بھی مدد کی تھی۔ اس کے علاوہ، وہ نئے آنے والوں کیلئے ’لانچ پیڈ‘ بھی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK