Inquilab Logo

شاہد کپور: رومانٹک ہیرو سے ایکشن ہیرو بننے والے اداکار

Updated: February 25, 2020, 9:35 AM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ میں شاہد کپور ایک ایسے اداکار کے طور شمار کئے جاتے ہیں جنہوں نے اپنی رومانوی شبیہ کے ذریعہ ناظرین کے درمیان ایک منفرد شناخت بنائی۔ دہلی میں ۲۵؍ فروری ۱۹۸۱ء کو پیدا ہونے والے شاہد کپور کو اداکاری وراثت میں ملی ہے۔ ان کے والد پنکج کپور مشہور اداکار ہیں۔

شاہد کپور اور کیارا آڈوانی ۔ تصویر : آئی این این
شاہد کپور اور کیارا آڈوانی ۔ تصویر : آئی این این

ممبئی : بالی ووڈ میں شاہد کپور ایک ایسے اداکار کے طور شمار کئے جاتے ہیں جنہوں نے اپنی رومانوی شبیہ کے ذریعہ ناظرین کے درمیان ایک منفرد شناخت بنائی۔ دہلی میں ۲۵؍ فروری ۱۹۸۱ء کو پیدا ہونے والے شاہد کپور کو اداکاری وراثت میں ملی ہے۔ ان کے والد پنکج کپور مشہور اداکار ہیں۔ شاہد کپور نے اپنے کریئر کا آغاز اشتہاری فلموں سے کیا۔ بطور اداکار اپنا کریئر  ۲۰۰۳ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’عشق وشق‘ سے شروع کیا یہ فلم کامیاب رہی اور انہیں فلم فیئر کے سرفہرست ڈیبو اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ’عشق وشق‘ کے بعد شاہد کپور کی کئی فلمیں فلاپ رہیں۔ ۲۰۰۶ء میں انہیں سورج بڑجاتیہ کی فلم ’وِواہ‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ شاہد نے اس فلم میں اپنی سنجیدہ اداکاری سے شائقین کو مسحور کردیا یہ فلم باکس آفس پر سپرہٹ ثابت ہوئی اور اسی کے ساتھ شاہد فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے میں بھی کامیاب رہے۔ 
سال ۲۰۰۷ میں ریلیز ہونے والی فلم ’جب وی میٹ‘ شاہد کپور کے کریئر کی قابل ذکر فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ امتیاز علی کی ہدایتکاری میں بنائی ئی اس فلم میں شاہد کپور اور کرینہ کپور کی جوڑی کو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔ فلم ’جب وی میٹ‘ باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی اور شاہد کپور بہترین اداکار کے فلم فیئر ایوارڈ کیلئے نامزد کئے گئے۔
 ۲۰۰۹ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’کمینے‘ شاہد کپور کے کریئر کیلئے ایک اور اہم فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم میں شاہد کپور نے ڈبل کردار نبھاکر ناظرین کو لطف اندوزکر دیا۔پرینکا چوپڑہ کے ساتھ شاہد کپور کی جوڑی کو شائقین کافی سراہا۔ اس فلم میں اپنی بااثر اداکاری کیلئے انہیں بہترین اداکار کے فلم فیئر ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا۔ ۲۰۱۰ء تا ۲۰۱۲ء تک کا وقت شاہد کے کریئر کیلئے برا ثابت ہوا۔ اس دوران ان کی کوئی بھی فلم باکس آفس پر کامیاب نہیں رہی حالانکہ فلم ’موسم‘ میں شاہد کپور کی اداکاری کو ناظرین نے ضرور پسند کیا۔ ۲۰۱۳ء میں شاہد کپور کی فلم ’پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو‘ اور ’آرراجكمار‘ منظر عام پر آئیں۔ ’آرراجكمار‘ کو اوسط کامیابی ملی۔ اس فلم میں شاہد کپور نے اپنے زبردست ایکشن مناظر سے ناظرین کا دل جیت لیا۔ اس کے بعد ۲۰۱۴ء میں شاہد کپور کی فلم’حیدر‘ ریلیز ہوئی۔ وشال بھاردواج کی ہدایتکاری میں بنی فلم ’حیدر‘ میں ان کی بااثر اداکاری کیلئے شاہد کپور کو بہترین اداکار کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے بعد شاہد نے ’رنگون‘، ’اُڑتا پنجاب‘، ’پدماوت‘، ’بتی گل میٹر چالو‘ اور گزشتہ برس ریلیز ہونے والی سپر ہٹ فلم ’کبیر سنگھ‘ میں کام کیا۔ شاہد ان دنوں فلم ’جرسی‘ میں کام کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK