Inquilab Logo

اسمیتا پاٹل نےمتوازی اورکمرشیل فلموں اپنا خاص مقام بنایا تھا

Updated: October 17, 2021, 7:35 AM IST | Mumbai

ہندوستانی سنیما کی اسٹار اداکارہ اسمیتا پاٹل نے اپنی بہترین ادکاری سے متوازی فلموں کے ساتھ ساتھ کمرشیل فلموں میں ناظرین کے بیچ اپنی خاص جگہ بنائی

smita Patil has left a deep impression on cinema.
اسمیتا پاٹل نے سنیما پر گہری چھاپ چھوڑی ہے

ہندوستانی سنیما کی اسٹار اداکارہ اسمیتا پاٹل نے اپنی بہترین ادکاری سے متوازی فلموں کے ساتھ ساتھ کمرشیل فلموں میں ناظرین کے بیچ اپنی خاص جگہ بنائی۔۱۷؍اکتوبر۱۹۵۵ءکو پونے شہر میں پیدا ہونے والی اسمیتا پاٹل نے اپنی تعلیم مہاراشٹر سے مکمل کی۔ ان کے والد شیواجی رائے پاٹل مہاراشٹر حکومت میں وزیرتھے جبکہ ان کی والدہ سماجی کارکن تھیں۔ کالج کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ مراٹھی ٹیلی ویژن میں بطور  نیوز ریڈر کام کرنے لگی تھیں۔ اس دوران ان کی ملاقات معروف ڈائریکٹر اور ہدایت کار شیام بینگل سے ہوئی۔
 شیام بینگل ان دنوں اپنی فلم ’چرن داس چور‘ بنانے کی تیاری کررہے تھے۔ شیام بینگل کو اسمیتا پاٹل میں ایک ابھرتی ہوئی اداکارہ نظر آئی اور انہوں نے اپنی فلم ’چرن داس چور‘ میںان کو ایک چھوٹا سا کردار دیا۔ منتھن اور بھومیکا  میں  اسمیتا کے ساتھ نصیرالدین شاہ، شبانااعظمی ، امول پالیکر اور امریش پوری  جیسے مشہور اداکار ساتھ تھے۔ فلم بھومیکا سے اسمیتا پاٹل کا جو سفر شروع ہوا وہ چکر، نشانت ، آکروش ، گدھ، البرٹ پنٹو کو غصہ کیوں آتا ہے اور مرچ مصالحہ جیسی کامیاب فلموں تک جاری رہا۔
  ۱۹۸۰ء ریلیز ہونےوالی فلم ’چکر میں اسمیتا پاٹل نے جھوپڑی میں رہنے والی خاتون کا کردار ادا کیا جس کے لئے انہیں  دوسری مرتبہ نیشنل  ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ۔ ۸۰ءکی دہائی میں اسمیتا پاٹل نے کمرشیل فلموں کی طرف اپنا رخ کیا اور اس دوران انہوں نے سپراسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ ’نمک حلال‘ اور ’شکتی ‘ جیسی سپرہٹ فلموں میں کام کیا جس کے بعد اسمیتا پاٹل نے کمرشیل فلموں میں بھی کامیابی حاصل کی۔ ۱۹۸۵ءمیں ہندوستانی سنیما میں انہیں شاندار اداکاری کی وجہ سے پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ہندی فلموں کے علاوہ  اسمیتا  نے مراٹھی، گجراتی،تیلگو، بنگلہ، کنڑ اور ملیالم فلموں میں بھی  اپنی اداکاری کے  جوہر دکھائے۔ اس کے علاوہ اسمیتا کو عظیم فلمکار ستیہ جیت رے کے ساتھ بھی کام کرنے کا موقع ملا۔  منشی پریم چندر کی کہانی پر مبنی ٹیلی فلم ’سدگتی‘ کو آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔
 اپنی  بہترین اداکاری سے  ۲؍دہائی تک ناظرین کے دلوں میں راج کرنے  والی اداکارہ  اسمیتا پاٹل  نے محض۳۱؍ برس کی عمر میں۱۳؍ دسمبر۱۹۸۶ء کواس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ ان کی موت کے بعد ۱۹۸۸ءمیں ان کی فلم وارث ریلیز ہوئی جو مہاراشٹر کی اداکارہ اسمیتا پاٹل کے فلمی کریئر کی اہم فلموں میں سے ایک تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK