Inquilab Logo

مہنگے بجٹ کی فلم ’آر آر آر ‘ کی ریلیز غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

Updated: January 05, 2022, 12:07 PM IST | Agency | Mumbai

ء۲۰۲۲ء کا پہلا ہی دن فلم بینوں پر بجلی بن کر گر گیا،۴۵۰؍ کروڑروپے کی لاگت سے بننے والی فلم ’آرآر آر‘ کی ریلیز ۶؍ دن قبل ملتوی کردی گئی۔

A scene from the movie RRR.Picture:INN
فلم آر آر آر کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

ء۲۰۲۲ء کا پہلا ہی دن فلم بینوں پر بجلی بن کر گر گیا،۴۵۰؍ کروڑروپے کی لاگت سے بننے والی فلم ’آرآر آر‘ کی ریلیز ۶؍ دن قبل ملتوی کردی گئی۔ جنوبی ہند کے اسٹار اداکار رام چرن اور جونیئر این ٹی آر اور بالی ووڈ کے میگا اسٹار اجے دیوگن اور عالیہ بھٹ جیسی کاسٹ پر مشتمل فلم’آرآر آر‘ کی ریلیز غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔باہو بلی جیسی شہرہ آفاق فلم کے ہدایتکار راجا مولی نے اس بار بالی ووڈ ستاروں کو ملا کر۴۵۰؍ کروڑ کے بڑے بجٹ کے ساتھ فلم بینوں کےلیے آرآر آر جیسی فلم تیار کی۔فلم کی ریلیز ایک بار پہلے بھی ملتوی ہوچکی تھی، تاہم اس بار۷؍ جنوری۲۰۲۲ء کو اسے سنیما گھروں کی زینت بنانے کا اعلان کیا تو مداح اس کا بے تابی انتظار کرنے لگے۔ آرآر آر کے ٹیزر اور ٹریلرز نے مداحوں میں فلم کے حوالے سے دلچسپی بڑھادی، فلمی پنڈت بھی اس کے باکس آفس پر نئے ریکارڈ تخلیق کرنے کی پیشگوئی کرنے لگے۔ راجا مولی، رام چرن، جونیئر این ٹی آر، اجے دیوگن اور عالیہ بھٹ سمیت فلم کی کاسٹ اس کی پروموشن میں مصروف تھی۔ فلم کی ۷؍ جنوری کو ریلیز کی تیاریاں بھی دھوم دھام سے جاری تھیں کہ کورونا وائرس کی نئی لہر، لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں اس کے فلم بینوں کے درمیان رکاوٹ بن گئیں۔ دارالحکومت نئی دہلی میں سنیما گھر بند کردئیے گئے ہیں جبکہ تمل ناڈو میں تھیٹر میں حاضری۵۰؍ فیصد کردی گئی ہے۔ فلم میکرس جو چھپر پھاڑ کمائی کی امیدیں لگائے بیٹھے تھے سنیما گھروں کی حالت دیکھتے ہوئے آرآر آر کی ریلیز غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے پر مجبور ہوگئے۔فلم میکر س نےمداحوں کےلیے خصوصی پیغام جاری کیا اور ساتھ ہی فلم کی ریلیز ملتوی ہونے کا اعلان کیا۔اپنے پیغام میں فلم میکرس نے کہا کہ فلم کی ریلیز سے جڑی تمام ہی پارٹیز کے فائدے کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم اس کی ریلیز ملتوی کرنے پر مجبور ہیں۔پیغام میں مزید کہا گیا کہ ہم دل کی گہرائیوں سے اُن سب مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جنہوں نے ہمیں بے انتہا پیار دیا۔ فلم میکرس نے ایک اور پیغام میں کہا کہ تمام کوششوں کے باوجود کبھی کبھی حالات ہمارے کنٹرول سے باہر ہوتے ہیں، ملک کی بہت سی ریاستوں میں سنیما بند ہورہے ہیں، جس کے بعد ہمارے پاس کوئی چوائس نہیں کہ فلم کی ریلیز ملتوی کردیں اس لیے مداح اپنی بے تابی کو تھام کر رکھیں، ہم درست وقت پر سنیما گھروں میں  لوٹیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK