Inquilab Logo

فلم’گنگو بائی کاٹھیاواڑی ‘کی شوٹنگ ۲؍سال بعدختم،عالیہ نے کہا:میراایک حصہ ختم ہوا

Updated: June 28, 2021, 2:21 PM IST | Agency | Mumbai

اداکارہ عالیہ بھٹ نے فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’گنگوبائی کاٹھیا واڑی‘ کی شوٹنگ مکمل کرلی ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ سنجے لیلا بھنسالی کےساتھ کام کرناان کی پوری زندگی میں ایک خواب رہاہے اور یہ ایک ’زندگی کو بدلنے والا ایک بہت بڑا تجربہ‘ بھی رہا ہے۔

Alia Bhatt shared Picture with Sanjay Leela Bhansali by.Picture:INN
عالیہ بھٹ کے ذریعہ سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ شیئر کی گئی ایک تصویر۔تصویر :آئی این این

 اداکارہ عالیہ بھٹ نے فلمساز سنجے لیلا  بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’گنگوبائی کاٹھیا واڑی‘ کی شوٹنگ مکمل کرلی ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ سنجے لیلا بھنسالی کےساتھ کام کرناان کی پوری زندگی میں ایک خواب رہاہے اور یہ ایک ’زندگی کو بدلنے والا ایک بہت بڑا تجربہ‘ بھی رہا ہے۔ عالیہ نےفلم کے سیٹ سے متعدد تصاویر پوسٹ کیں۔ ایک تصویر میں وہ بھنسالی کے ساتھ پوز کرتی نظر آرہی ہیں۔انہوں نے انسٹاگرام پر کچھ بیک دی کیمرہ شاٹس بھی شیئر کیے۔تصاویر کے ساتھ ، انہوں نے لکھا’’ہم نے۸؍  دسمبر ۲۰۱۹ء کو گنگوبائی کی شوٹنگ شروع کی تھی اور اب ہم نے۲؍سال بعد فلم کی شوٹنگ مکمل کرلی ہے!اس فلم کا سیٹ ۲؍ لاک ڈائون، ۲؍ طوفانوں، ہدایتکار اور اداکار کے کورونا سے متاثر ہونےجیسی پریشانیوں کو جھیل چکا ہے۔سیٹ کو جن پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے وہ ایک الگ فلم ہے۔‘‘
عالیہ نے اپنا تجربہ بیان کیا
 ۲۸؍سالہ اداکارہ نےمزیدلکھا’’لیکن اس سب سے زیادہ مجھے لگتا ہے کہ یہ میری زندگی کو یکسر تبدیل کردینے والا تجربہ رہا ہے۔ (سنجے لیلا بھنسالی) سر کی ہدایت کاری میں کام کرنامیری زندگی کا ایک خواب رہا ہےلیکن مجھے نہیں لگتا کہ کسی بھی چیز نے مجھے اس سفر کیلئے تیار کیا ہوگا جس کے لئے میں۲؍سال سے کام کررہی تھی۔‘‘
 سر کے ساتھ کام کرنا ایک خواب تھا
 سیٹ سے باہر نکلتے ہی عالیہ خود میں ایک مثبت تبدیلی محسوس کررہی ہیں۔انہوں نے کہا ’’میں آج اس سیٹ سے باہر نکلتے ہوئے خود کو ایک الگ ہی انسان محسوس کررہی ہوں۔‘‘ عالیہ نے سنجے لیلا بھنسالی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا’’آئی لو یو سر!آپ کے ہونے کیلئے شکریہ۔ حقیقت میں آپ جیسا کوئی نہیں ہے۔ جب کوئی فلم ختم ہوتی ہے تو آپ کا ایک حصہ اس کے ساتھ ختم ہوجاتا ہے! آج میں نے اپنا ایک حصہ کھو دیا ہے۔ گنگو آئی لو یو!آپ کی کمی محسوس ہوگی۔پس لفظ:میں ان ۲؍ برسوں کیلئے اپنی ٹیم کا خصوصی طور پر ذکر کرنا چاہوں گی۔ میرے خاندان اور دوستوآپ کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں! لو یو دوستو۔‘‘
 سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’گنگوبائی کاٹھیا واڑی‘ میں عالیہ نے اداکار اجے دیوگن کے ساتھ ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔  سنجے لیلا بھنسالی اوراجے دیوگن ۱۹۹۹ءکی بلاک بسٹر فلم’ہم دل دے چکے صنم‘ میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں، اس طرح دونوں ۲۲؍ سال بعد  ایک ساتھ کام کررہے ہیں۔ عالیہ بھٹ گنگوبائی کاٹھیا واڑی کے کردار میں ہیں۔ یہ کہانی کماٹھی پورہ میں ایک کوٹھے کی میڈم گنگو بائی کوٹھےوالی کی زندگی پر مبنی ہے۔یہ ممبئی کے حسین زیدی کی کتاب ’مافیا کوئینز‘ کے ایک باب پر مبنی ہے۔  یہ پہلی بار ہے جب بھنسالی نے عالیہ کیلئے ہدایت کاری کی ہے۔اس فلم کے علاوہ عالیہ ’آر آر آر‘ کا بھی حصہ ہیں۔ وہ رنبیر کپور کے ساتھ ایان مکھرجی کی فلم ’برہماستر‘میں بھی نظر آئیں گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK