Inquilab Logo

’منگل داس مارکیٹ‘ انتہائی قدیم اور تاریخی بازار ہے

Updated: June 25, 2024, 10:13 AM IST | Inquilab Desk | Mumbai

اس مارکیٹ سے مناسب دام میں کپڑوں کی خریداری کی جاسکتی ہے، ممبئی کے ساتھ ساتھ اطراف کے لوگ بھی بڑی تعدادمیں یہاں آتے ہیں۔

Mangaldas market has a similar crowd on the occasion of Teo Hara. Photo: Inquilab ,Syed Samir Abidi
منگل داس مارکیٹ میں تیو ہاروں کے موقع پر اسی طرح کی بھیڑ ہوتی ہے۔ تصویر، انقلاب: سید سمیر عابدی

منگل داس مارکیٹ ممبئی کا ایک خاص بازار ہے۔ یہاں بہت کچھ ملتا ہےلیکن کپڑوں کی خریداری کیلئے اس مارکیٹ کی خاص شہر ت ہے۔ عام دنوں میں اس مارکیٹ میں  بھیڑ رہتی ہے لیکن خاص مواقع پر یہاں تل دھرنے کی جگہ نہیں  ہوتی۔ ممبئی اور اطرا ف کے خریدار یہاں آتےہیں اور مناسب قیمت پر خریداری کرتےہیں۔ یہ مارکیٹ انتہائی قدیم اور تاریخی بھی ہے۔ وقت کے ساتھ یہاں ترقی ہوتی رہتی ہےاور مارکیٹ کی تصویر بدلتی رہتی ہے۔ یہاں طرح طرح کے ملبوسات ملتےہیں ۔ سستے سے سستے اور مہنگے سے مہنگے کپڑے یہاں دستیاب ہیں۔ خواتین کے ملبوسات کے ساتھ اس مارکیٹ میں مردوں کے کپڑوں کی بھی دکانیں    ہیں۔   
 ممبئی میں واقع منگل داس مارکیٹ کے بارے میں مزید معلومات سے پہلے آپ کو جان لینا چاہئے کہ یہ بازار صرف کپڑوں کی خریداری کیلئے نہیں ہے بلکہ دوسرے پہلوؤں   سے بھی خاص ہے۔ یہ اصل ممبئی میں  واقع ہے۔ 
 ایک دکاندار کا کہنا تھا، ’’ منگل داس مارکیٹ خریداری کیلئے بہت مشہور ہے۔ یہاں سے خریداری کیلئے آپ کو کافی وقت صرف کرنا پڑے گا۔ آپ اس مارکیٹ کی اہمیت کا اندازہ اس سے لگا سکتےہیں کہ آن لائن خریداری کے زمانے میں بھی لو گ منگل داس مارکیٹ میں  گھوم پھر کر خریداری کرتےہیں اور ایک ایک دکان پر جا کر وہاں  مول بھا ؤ کرتےہیں ۔ اس کے بعد روایتی انداز میں بہت سی تھیلیوں کے ساتھی یہاں سے نکلتےہیں۔ اس بازار میں ہر طرح کے خریدار آتے ہیں۔ بہترین کپڑے آسانی سے دستیاب ہیں۔ یہ چیزیں آپ اپنے بجٹ کے مطابق خرید سکتے ہیں۔ ‘‘
 ’’اس مارکیٹ کانام منگل داس کیوں  پڑا ؟‘‘اس کے سوال کے جواب میں  مارکیٹ کے پرانے تاجر بتاتےہیں  ، ’’ اس بازار کا نام منگل داس نتھو بھائی کپولے بھاٹیہ کے نام پر رکھا گیا ہے۔ منگل داس ناتھو بھائی کپولے بھاٹیہ کا تعلق ایک کاروباری گھرانے سے تھا۔ وہ ممبئی یونیورسٹی کے بڑے خیر خواہوں  میں سے تھے۔ اس کی مدد میں  پیش پیش رہتےتھے اور بہت سے خیراتی اداروں کی بھی مدد کرتے تھے۔ ان کے نام سے یہ مارکیٹ بسایا گیا۔ ‘‘
  دکانداروں کا کہنا ہے، ’’ یہ بازار اپنی قدیم تاریخ کی بنیاد پر بہت مشہور ہے۔ اس دور میں یہ بازار اچھے کپڑوں کی خرید وفروخت کا مرکز ہے۔ یہاں  نت نئے ڈیزائن کے کپڑے دستیاب ہیں۔ دور دور سے لوگ خریدا ری کیلئے آتے ہیں۔ منگل داس مارکیٹ ایک ایسامارکیٹ ہے جس میں بہت سے اسٹال اور دکانیں ہیں۔ اگر آپ اچھا لباس خریدنا چاہتے ہیں تو یہاں کی مختلف دکانوں  کا چکر لگا سکتے ہیں۔ یہاں عروسی ملبوسات بھی ملتےہیں۔ اسی لئے شادی بیاہ کی مناسبت سے بھی ایک بڑی تعداد یہاں خریداری کرتی ہوئی نظر آتی ہے۔ تمام تیو ہاروں میں  بھی اس مارکیٹ میں بھیڑ رہتی ہے۔ عید، دیوالی، دسہرہ اور کر سمس ہر تیوہار کی خریداری کیلئے یہ مارکیٹ مناسب ہے۔ ممبئی کے علاوہ اطراف شہروں سے ایک بڑی تعداد اس مارکیٹ کا رخ کرتی ہے اور یہاں خریداری کرتی ہے۔ ‘‘
  اس مارکیٹ میں   شادی کے ملبوسات کے ساتھ روزانہ استعمال کے لباس بھی ملتےہیں۔ اسی لئے اس مارکیٹ میں آپ کو خواتین  سادہ کرتی، پرنٹ شدہ کرتی، کاٹن کی کرتی اور سلوار قمیص وغیرہ کی بھی خریداری کرتی ہوئی نظر آئیں  گی۔ 
 شاپنگ کے علاوہ آپ کو منگل داس مارکیٹ میں کئی طرح کے اسٹریٹ فوڈ ملیں گے جن سے آپ خریداری کے دوران لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ آپ یہاں کے گول گپے اور آلو کی ٹکیا کا خصوصی طور پر لطف لے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں آپ کو مختلف قسم کے لذیذ نان ویج اور ویج ڈشز آسانی سے مل جائیں گی۔ 
 منگل داس مارکیٹ چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس( سی ایس ایم ٹی) ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع ہے۔ مسجد بندر ریلوے اسٹیشن سے بھی قریب ہے۔ یہاں سے پہنچنے کا سب سے آسان طریقہ ہےکہ آپ چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس یا مسجد بندر ریلوے اسٹیشن بذریعہ ٹرین پہنچئے اور اس کے بعد وہاں سے پیدل جائیے۔ یہاں پہنچنے کیلئے آپ بسوں کا بھی استعمال کرسکتےہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK