Inquilab Logo

دہلی کے ۹۳؍سالہ شخص نے اگنو سےماسٹرز کی ڈگری حاصل کی

Updated: February 19, 2020, 1:58 PM IST | Agency

کہتے ہیں کہ پڑھائی کیلئے عمر کی کوئی حد نہیں ہوتی، یہ بات ۹۳؍سال کی عمر میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرکے کوئمبٹور ایشور ایئر شیوسبرامنیم (سی ایل سبرامنیم) نے سچ ثابت کردی ہے۔ اگنو کی ۳۳؍ویں کنووکیشن تقریب میں انہیں ماسٹرز کی ڈگرتفویض کی گئی۔

تعلیم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی
تعلیم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی

 کہتے ہیں کہ پڑھائی کیلئے عمر کی کوئی حد نہیں ہوتی، یہ بات ۹۳؍سال کی عمر میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرکے کوئمبٹور ایشور ایئر شیوسبرامنیم(سی ایل سبرامنیم) نے سچ ثابت کردی ہے۔ اگنو کی ۳۳؍ویں کنووکیشن تقریب میں انہیں ماسٹرز کی ڈگرتفویض کی گئی۔اب ان کا خواب شارٹ ٹرم کورس کرنا اور آگے پڑھا ئی جاری رکھنا ہے۔پڑھائی کے تعلق سے ان کے اس جذبے کو انسانی وسائل کے وزیر رمیش پوکھریال نے سلام کیا ہے۔دہلی کے مانک شاہ آڈیٹوریم میں پیر کو دہلی، نوئڈا ریجنل سینٹرکے طلبہ کو ڈگری دی گئی۔ اسی تقریب میں سینئر سٹیزن زمرے کے تحت نوئیڈا کے سیکٹر ۶۱؍ میں رہنے والے سی ایل سبرامنیم کو بھی ماسٹرز ان پبلک ایڈمنسٹریشن کی ڈگری دی گئی۔انہوں نے نوئیڈا کےپی جی ڈگری کالج کے جنرل سینٹر سے پڑھائی کی ہے۔ وہ پیر کو اپنی ۲؍بیٹیوں اور بیٹے کے ساتھ پروگرام میں شرکت کیلئے پہنچے تھے۔ جیسے ہی ڈگری دینے کیلئے انہیں اسٹیج پر بلایا گیاتو ساراہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ ان کا بیٹا اور بیٹیاں بھی اپنے والد کو ملنے والی ڈگری پر خوشی سے تالیاں بجاتے ہوئے اپنی جگہ سے اٹھ کھڑے ہوئے۔
 سینئر سٹیزن زمرے کے تحت ۱۱؍افراد کو ڈگری دی گئی  جس میں ۶۵؍سال سے ۹۳؍سال تک کے افراد شامل تھے۔پروگرام میں ۸۰؍سالہ کھجان چند بھوٹانی کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔انہوںنے ڈپلوما ان نیوٹریشن اینڈ ہائیجین حاصل کیا ہے۔اس کے علاوہ مہندر کمار نے ۶۶؍سال کی عمر میں ماسٹر ان سائیکولوجی میں ڈگری حاصل کی ہے۔ وہیں ۱۱؍معذور افراد کو بھی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
 سی ایل سبرامنیم کی بڑی بیٹی(وزارت زراعت سے جوائنٹ سیکریٹری کے عہدے سے ریٹائر ڈ) وی نٹراجن نے بتایا کہ ان کے والد اعلیٰ تعلیم پوری کرنا چاہتے تھے، لیکن وہ اپنی ماں کی طبیعت اور گھر کے حالات کے سبب پڑھائی کے بجائے کوئمبٹور سے ملازمت کرنے کیلئےدہلی  آپہنچے۔ وزارت برائے کامرس سے ڈائریکٹر کے عہدے سے ریٹائر ہونے کے بعد بھی والد کو ہمیشہ اعلیٰ تعلیم کی ڈگری حاصل نہ کرپانے کا ملال تھا۔
 اس لئے انہوں نے ہم چاروں بھائی بہنوں کو ایک جیسی پڑھائی کروائی۔ ایک بیٹی میناکشی سانیال ورلڈ بینک سے ریٹائر ہیں۔دوسری ڈاکٹر آنندی کمار سنگاپور میں ڈاکٹر ہیں جبکہ چوتھے بیٹے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر سی ایل نٹراجن نیوروسرجن ہیں۔وی نٹراجن کہتی ہیں کہ ۲۰۱۳ء میں انکی ماں سورن لکشمی اچانک بیمار ہوگئیں۔ بستر پر رہنے کی وجہ سے روزانہ ایک فزیوتھیراپسٹ ایکسرسائز کرانے آتا تھا اچانک ایک دن فزیوتھیراپسٹ نے جلدی جانے کیلئے کہا تو پاپا نے پوچھا کہ کیوں جانا ہے؟ فزیوتھیراپسٹ نے کہا کہ اگنو میں بی اے کی درخواست فارم بھرنا ہے۔
 والد نے پوچھا کہ کیا میں بھی پڑھائی کرسکتا ہوں۔ اس کے بعد اگنو نےپڑھائی کیلئے عمر کوئی  معنی نہیں رکھتی کا پیغام دیا۔ والد نے ۲۰۱۴ء میں بی اے میں داخلہ لے لیا۔ماں کی بیماری کی وجہ سے وہ جو اداس رہا کرتے تھےپڑھائی کی وجہ سے ان کے معمولات میں تبدیلی آگئی۔ ماں کی موت سے ۲؍دن پہلے انہیں بی اے کا سرٹیفکیٹ ملاجو انہوںنے ان کے ہاتھ پر رکھا۔ماں کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے، کیوں کہ والد کا خواب جو پورا ہوگیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK