Inquilab Logo

علی گڑھ کے نوجوان نے آسٹریلیا میں ۱۰؍کروڑ کے ٹرن اووروالی کمپنی بنائی

Updated: March 22, 2021, 11:20 AM IST | Agency

اکتیس سالہ عامر قطب کے لئے یہ سفر جدوجہد بھرا رہا ہے، انہوں نے آسٹریلیا میں اپنے قیام کے  ابتدائی دنوں  میں ایئرپورٹ پر صفائی ملازم کے طور پر کام بھی کیا ہے

Amir Qutb
عامر قطب

 علی گڑھ کے رہنے والے ۳۱؍ سالہ نوجوان کاروباری  عامر قطب نے کچھ کرگزرنے کی چاہ ، جہد مسلسل اور انتھک محنت کے ذریعہ بالآخر پردیس میں کامیابی کے جھنڈے گاڑلئے ہیں۔ عامر نے آسٹریلیا میں قیام کے اپنے ابتدائی دنوں میں کئی چھوٹے موٹے کام کئے اور اپنی دھن میں لگے رہے۔ ۲۰۱۴ء میں انہوں نے اپنی کمپنی ’انٹرپرائز منکی ‘ قائم کی اور اب یہ کمپنی ۱۰؍کروڑ  روپے سالانہ ٹرن اوورکرنے والی کمپنی بن گئی ہے اتنا ہی نہیں اس میں ۲۰۰؍ سے زائد ملازمین کام کررہے ہیں۔ 
 عامر کے بقول’’انسان خود کو جس چیز کا اہل سمجھتا ہے ، اسے اس سے کم چیز پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہئے۔‘‘یہی وجہ ہے کہ عامر نے اپنی منزل سے کبھی نظریں نہیں ہٹائیں ۔ عامر جب آسٹریلیا آئے تو ابتداء میں انہوں نے کئی چھوٹے موٹے کام کئے۔ اخبارتقسیم کرنے سے لے کر  ایئر پور ٹ پر صفائی ملازم بننے تک انہوں نے کئی طرح کے کام کئے۔ ’دی بیٹر انڈیا ‘ کی رپورٹ کے مطابق  عامر قطب اترپردیش کے سہارنپور میں پیدا ہوئے۔ کچھ بڑے ہوئے تو   ان کے والدین علی گڑھ منتقل ہوگئے۔  وہ  عامر کو ڈاکٹر بنانا چاہتے تھے مگر کچھ مارکس کی کمی کے سبب  ان کا  ایم بی بی ایس میں داخلہ نہ ہوا۔ عامر نے میکانیکل انجینئرنگ  میں داخلہ لے لیا۔ گریجویشن کے بعد عامر نے ۲۰۲۱ء میں ہونڈا کمپنی میں ملازمت اختیار کرلی  لیکن ۹؍سے ۵؍ بجے کی شفٹ والی ملازمت میں ان کا دل نہیں لگا۔  انہوں نے پھر انٹرپرینیور بننے کا سوچا لیکن سوال یہ تھا کہ کریں تو کیا کریں۔ عامر نے وہ ملازمت چھوڑ دی اور  ویب ڈیزائننگ کا کام فری لانسنگ کرنے لگے۔ ان کے زیادہ تر گاہک آسٹریلیا اور لندن کے تھے۔  اسی دوران ایک گاہک نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ آسٹریلیا میں آکر اپنا کاروبار کریں۔
 لہٰذا   عامرقطب نے اس مشورے پر غور و فکرکے بعد بالآخر عملی قدم اٹھایا۔ انہیں  آسٹریلیا میں ویزا  صرف تعلیم کے لئے مل رہا تھا ، انہوں نے موقع غنیمت جانا اور  ’اسٹوڈنٹ ویزا‘ کے تحت آسٹریلیا میں ایم بی اے کے ارادے سے قدم رکھا۔  عامر نے یہاں ایم بی اے کی تعلیم حاصل کرتے ہوئے گزربسر کے لئے کئی چھوٹے موٹے کام کئے۔ کبھی اخبار تقسیم کیا ، کبھی صفائی ملازم بنے۔ کئی ماہ کی جدوجہد کے بعد بالآخر انہیں  ڈھنگ کا کام ملا۔ اس طرح انہوں نے پڑھائی کے ساتھ ساتھ ملازمت جاری رکھی۔  ۲۰۱۴ء میں عامر نے آئی سی ٹی گیلونگ میں ملازمت کرتے ہوئے ویب اور ایپ ڈیولپمنٹ کمپنی’انٹرپرائز منکی پروپرائٹر لمیٹیڈ‘رجسٹر کروائی۔ اب یہ کمپنی ورچوئل اور آگمینٹیڈ ریالٹی ، آرٹی فیشیل انٹیلی جنس کے شعبے میں بھی کام کررہی ہے۔ عامر قطب اپنی کمپنی کے ذریعے  نئے کاروباروں میں سرمایہ کاری کا کام بھی کرتے ہیں۔
 عامر کہتے ہیں کہ اگر آپ کو اپنے ہدف کو پانا ہے اور کچھ کرگزرنا ہے تو خود پر یقین کریں۔  اپنے والدین، اساتذہ اور اپنے بہی خواہوں کے علاوہ  دوسروں کی باتوں پر دھیان نہ دیں۔ناکامی سے نہ گھبرائیں، کیونکہ یہ آپ کو کامیابی کی طرف لے جاتی ہیں۔  وہ کہتے ہیں کہ انسان کووہی کام کرنا چاہئےجس میں اسے دلچسپی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK