Inquilab Logo

کینسر کو مات دینے والی امریکی دوشیزہ خلاء میں جائےگی ،اسپیس ایکس خلائی مشن کیلئے منتخب

Updated: March 04, 2021, 1:12 PM IST | Agency

امریکہ کی ریاست ٹینیسی کی رہنے والی ۲۹؍ سالہ ہیلی آرسینوکا انتخاب اسپیس ایکس کے خلائی مشن کے لئے ہوا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ ہیلی کینسر کومات دے چکی ہیں اور جس اسپتال سے ان کا علاج ہوا ہے

Space - Pic : INN
اسپیس ۔ تصویر : آئی این این

 امریکہ کی ریاست ٹینیسی کی رہنے والی ۲۹؍ سالہ ہیلی آرسینوکا انتخاب اسپیس ایکس کے خلائی مشن کے لئے ہوا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ ہیلی کینسر کومات دے چکی ہیں اور جس اسپتال سے ان کا علاج ہوا ہے ، اس اسپتال نے انہیں اپنی سفیر کے طور پر خلاء میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔   امریکی خبررساں پورٹلز کے مطابق ہڈیوں کے کینسر سے شفایاب ہونے والی ۲۹؍سالہ دوشیزہ ٹیکنالوجی کے شعبے کی ارب پتی شخصیت جیرڈ آئزک مین کے ساتھ پہلے نجی خلائی جہاز اسپیس ایکس پر اس سال موسمِ خزاں میں خلائی سفر کے لیے روانہ ہوں گی۔  ٹینیسی میں بچوں کے کینسر پر ریسرچ کے اسپتال سینٹ جُوڈ چلڈرن ہاسپٹل نے پیر کے روز اعلان کیا کہ ہیلی آرسینو اس ادارہ کی سفیر بن کر خلاء میں جائیں گی۔ ہیلی اب تک کی سب سے کم عمر امریکی ہیں جو خلا کا سفر کریں گی۔۲۹؍  سالہ ہیلی نے بچپن میں کینسر جیسے موذی مرض کو شکست دی تھی اور ان کے نزدیک خلا کا سفر کوئی بڑی بات نہیں ہو گی۔ آئزک مین کو امید ہے کہ وہ اس مشن سے، سینٹ جُوڈ اسپتال کیلئے ۲۰۰؍ ملین ڈالر کے عطیات اکھٹا کر پائیں گے، جس میں سے نصف وہ اپنی جیب سے ادا کریں گے۔ اے پی  سے ایک انٹرویو کے دوران، ہیلی آرسینو کا کہنا تھا کہ کینسر سے لڑائی نے انہیں خلائی سفر کیلئے  تیار کیا۔ کینسر نے انہیں مضبوط بنایا اور شاید اس مرض نے انہیں سکھایا کہ غیر متوقع باتوں کی توقع رکھنی چاہئیے۔ پیشے کے اعتبار سے فزیشن اسسٹنٹ، آر سینو، کا کہنا تھا کہ وہ اپنے نوجوان مریضوں اور کینسر سے شفایاب ہونے والے دیگر افراد کو یہ باور کرانا چاہتی ہیں کہ اب ستاروں پر کمندیں ڈالنا بھی عام سی بات ہے۔ وہ پہلی ایسی خلا باز ہوں گی جو جزوی طور پر مصنوعی اعضاء کے ساتھ سفر کریں گی۔ جب وہ دس برس کی تھیں، تو سینٹ جوڈ چلڈرن اسپتال میں ان کا آپریشن ہوا تھا اور ان کے گھٹنے اور ران کی ہڈی کو ٹائیٹینم کی راڈ اور گھٹنے سے تبدیل کر دیا گیا تھا۔ وہ اب بھی لنگڑاکر چلتی ہیں، اور کبھی کبھار انہیں درد بھی ہوتا ہے، تاہم انہیں اسپیس ایکس کی پرواز کیلئے فِٹ قرار دیا گیا ہے۔ وہ عملے کی میڈیکل افسر ہوں گی۔
 خیال رہے کہ آئزک مین نے یکم فروری کو اپنے خلائی مشن کا اعلان کیا تھا، اور انہوں نے اپنے آپ کو خلائی جہاز کا کمانڈر مقرر کیا ہے۔ا سپیس ایکس نامی خلائی جہاز میں ۴؍ نشستیں ہیں، جن میں سے ۲؍ انہوں نے سینٹ جوڈ اسپتال کو دے دی ہیں۔۳۸؍سالہ آئزک مین شوقیہ لڑاکا طیارے اڑاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آرسینو اس خلائی سفر کیلئے  ہر لحاظ سے فٹ ہیں۔ انہیں اپنے عملے کے مزید دو اراکین کی تلاش ہے، جس کا اعلان وہ مارچ میں کریں گے۔اسپیس ایکس اکتوبر میں امریکی خلائی ادارے ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے پرواز بھرے گا، اور ان کا جہاز دو سے چار دن تک زمین کے مدار میں گردش کرے گا۔ تاہم انہوں نے اس مشن کے اخراجات کی تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK