Inquilab Logo

یو پی ایس سی امتحان کیلئے مستقل مزاجی اور جامع منصوبہ بندی ضروری

Updated: June 01, 2022, 12:37 PM IST | Shaikh Akhlaque Ahmed | Mumbai

یوپی ایس سی کےسول سروس ایگزام(سی ایس ای) ۲۰۲۱ء  میں مسلم طلبہ میں سرفہرست اریبہ نعمان سے انقلاب کے لئے خصوصی بات چیت

Areeba Nomaan .Picture:INN
اریبہ نعمان ۔ تصویر: آئی این این

سلطان پور ریاست اترپردیش کی اریبہ نے اپنے نام کے لغوی معنی ’عقلمند‘ کو حقیقی زندگی میں سچ کر دکھایا ہے۔ اریبہ نعمان نے یو پی ایس سی امتحان۲۰۲۱ء میں قومی سطح پر۱۰۹؍ واں اور تمام مسلم امیدواروں میں اول پوزیشن حاصل کرکے  اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔  اریبہ نعمان نے یہ کامیابی اپنی تیسری کوشش میں حاصل کی ہے۔ اریبہ کی کامیابی سے اہل خانہ اور علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔  سول سروس امتحان کی تیاری کے دوران اریبہ صرف والدین سے رابطہ میں رہی۔ قریبی رشتہ داروں اور جان پہچان والوں سے مکمل فاصلہ بنائے رکھا۔ اریبہ کے والد نعمان احمد اور والدہ رخسانہ نکہت  اپنی بیٹی کی یوپی ایس ای امتحان  کی تیاری سے متعلق لوگوں میں بہت کم گفتگو کرتے تھے۔ ان کا ماننا تھا، اگر اریبہ کامیابی ہوئی تو ہمیں توقع ہے وہ پوری قوم کا نام روشن کرے گی۔ نتیجتاً ویسا ہی ہوا، اریبہ نے یوپی ایس سی کے  سول سروس امتحان ۲۰۲۱ء  میں ۱۰۹؍ واں رینک حاصل کرکے  اچانک سرخیوں میں جگہ بنالی ہے۔ اور سبھی جگہ سے مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اریبہ ریاست اترپردیش کے بلدیرے کے علاقے پٹیلا گاؤں کے رہنے والے نعمان احمد کی بیٹی ہے۔ اریبہ کے والد نعمان احمد نیشنل انشورنس کمپنی میں ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ہیں۔  ان کی دو بیٹیوں میں سب سے بڑی اریبہ نعمان شروع سے ہی پڑھائی میں ذہین تھیں۔ ۲۰۱۱ء  میں اسٹیلا مورس کانوینٹ اسکول سے ۱۰؍ سی جی پی اے   کے ساتھ ہائی اسکول پاس کرنے کے بعد مزید تعلیم کے لئے  دہلی گئی جہاں انڈین پبلک اسکول، نئی دہلی سے انٹرمیڈیٹ کا امتحان۹۱؍  فیصد نمبرات سے کامیاب کیا۔ بعد ازیں دہلی یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنس میں بی ٹیک کی ڈگری۲۰۱۷ء  میں۸۳؍  فیصد نمبرات سے کامیاب کیا۔  ۲۰۱۷ء  میں بی ٹیک پاس کرنے کے بعد، اریبہ نے دو ماہ تک ’اسٹارٹ اپ‘ جاب کیا۔ 
اریبہ کو سول سروس امتحان کی ترغیب  ایسے ملی 
 سول سروسیز کی تیاری سے متعلق اریبہ نے بتایا کہ ایڈمنسٹریٹیو سروسیز میں جانے کا خواب بچپن میں دیکھا تھا لیکن انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد مجھے تحریک میرے ماموں جان غفران احمد سیفی سے ملی۔ وہ سماجی خدمات سے منسلک ہونے کے ساتھ ساتھ بیڈ منٹن کھیلنے کے شوقین ہے۔ بیڈ منٹن کوچنگ کے دوران ان کی  دوستی وہاں کے ایس ڈی ایم صاحب سے ہو گئی۔ جب میں ایک دن اپنے نانیہال گئی تو ماموں جان نے میری ملاقات اپنے دوست اور علاقہ کے ایس ڈی ایم پرمود کمار پانڈے سے کروائی جنہوں نے میری تعلیمی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے مقابلہ جاتی امتحان میں حصہ لینے کا مشورہ دیا اور مقابلہ جاتی امتحانات کی تفصیلی معلومات فراہم کی۔ میں ان کی  باتوں سے بہت متاثر ہوئی اور فوراً دہلی آکر واجی رام کوچنگ سینٹر جوائن کیا جہاں سے ایک سال تک ابتدائی کوچنگ حاصل کی۔
اریبہ نے کووڈ سے صحتیابی کے فوراًبعدامتحان کی تیاری شروع کردی تھی
 اریبہ نے آگے بتایا کہ  ۲۰۱۸ء  سے باقاعدہ سیلف اسٹڈی کی بنیاد پر  خصوصی تیاری شروع کی۔۲۰۱۸ء  کی پہلی کوشش میں نا کامی ملی۔۲۰۱۹ء  میں پریلیم میں کامیابی لیکن صرف۱۰؍ نمبر سے مینس امتحان میں ناکامی ملی۔ لیکن۲۰۲۰ء کا سال میرے لئے مصیبت کا ثابت ہوا اور اس سال پریلیم جی سیٹ امتحان کے پرچہ کے بعد اچانک میری طبیعت بہت خراب ہوئی اور مکمل تیاری کے باوجود میں سی سیٹ کا پیپر نہیں دے پائی، نتیجتاً اس سال میں پریلیم بھی کوالیفائی نہیں کر سکی۔۲۰۲۱ء  میں کورونا وباء کی دوسری  لہر کے دوران مجھے کووڈ ہوگیا تھا اور میری بہت زیادہ حالت خراب ہوگئی تھی۔  مجھے اسپتال میں داخل ہونا پڑھا  لیکن اس کے بعد جامع منصوبہ بندی کے ساتھ تیاری شروع کی اور۲۰۲۱ء  کی کوشش میں مجھے پریلیم، مینس اور انٹرویو میں مسلسل کامیابی سے مجھے۱۰۹؍  واں رینک حاصل ہوا۔ میرا انٹرویو بہت اچھا ہوا تھا کامیابی کی امید بھی تھی لیکن یہ توقع نہیں تھی کہ میرا رینک اتنا اچھا ہوگا۔ میں اس کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں۔
سول سروس امتحان کے لئے طلبہ کویہ کرنا چاہئے
 اریبہ نے طلباء کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ یو پی ایس سی   کا سفر طویل اور صبر آزما ہے جہاں مستقل مزاجی اور جامع منصوبہ بندی کے ساتھ تیاری بہت ضروری ہے۔ ہمارا مقصد جتنا واضح اور صاف ہوگا کامیابی حاصل کرنا  اتنا ہی آسان ہوگا۔ روزانہ کے اہداف متعین کرکے  انہیں عبور کرنے کی کوشش بہت ضروری ہے۔ پڑھائی کے دوران اپنے ساتھیوں سے کار آمد ربط، فضولیات سے پرہیز اور اپنے آپ کو خوش و خرم رکھنا نہایت ضروری ہے وگرنہ یوپی ایس سی  امتحان  کا تناؤ، خوف شخصیت کو متاثر کرتا ہے ۔ کامیابی اور ناکامی ہر امتحان میں ہے اسے اپنے اوپر حاوی نہ ہونے دیں، یہی آپ کی صلاحیتوں کا امتحان ہے اور اسی میں آپ کی کامیابی پنہاں ہے۔
’’پرلیم اور مینس سیلف اسٹڈی  اور انٹرویو کیلئے جامعہ کا رخ کیا ‘‘
  ماموں  جان کی تحریک، ایس ڈی ایم پرمود کمارسرسے ملاقات اور ان کی رہنمائی میری یو پی ایس سی کی تیاری کا ٹرننگ پوائنٹ رہا۔ میں۲۰۱۸ء سے لے کر یوپی ایس سی میں کامیابی کے سفر تک مسلسل پرمود صاحب کے   رابطہ میں رہی، ان سے رہنمائی حاصل کرتی رہی۔ سیلف اسٹڈی کی بنیاد پر میں نے اس امتحان کو کامیاب کیا۔۲۰۲۱ء کے مینس امتحان میں کامیابی کے بعد میں نے انٹرویو کی تیاری کے لئے جامعہ ریسیڈنشیل  کوچنگ جوائن کی جس کا مجھے بہت فائدہ ہوا وہاں کا ماحول پڑھائی کے لئے بالخصوص انٹرویو کی تیاری کے لئے بہت خوشگوار اور کارساز ہے۔ سینئرز کی رہنمائی میں وہاں تیاری بہت نمایاں انداز میں ہوتی ہے۔ میں مشکور ہوں ان تمام کی جنہوں نے کامیابی کے سفر میں میری رہنمائی کی اور میرے لئے دعائی کی۔ اریبہ نے کہا کہ میرے والد نعمان احمد نے ہم دونوں بہنوں کو بہت اچھی تعلیم و تربیت سے نوازا۔ شروع دن سے بیٹوں کی طرح پیار اور عزت دی۔ اریبہ نے اپنے خاندان سے متعلق بتایا کہ میرے والد نعمان احمد نیشنل انشورنس کمپنی میں افسر ہے انہوںنے الٰہ آباد یونیورسٹی سے ایم کام کی ڈگری حاصل کی ہے والدہ رخسانہ نکہت نے گریجویشن کیا ہے اور وہ خاتونِ خانہ  ہیں، بہن طوبیٰ نعمان لکھنو یونیورسٹی سے بی کام کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK