Inquilab Logo

آٹو ایکسپو: نوئیڈا میں گاڑیوں کا سب سے بڑا میلہ سج گیا

Updated: February 08, 2020, 11:01 AM IST | New Delhi

آٹو ایکسپو۲۰۲۰ءمیں ۵؍ اور۶؍فروری میڈیا کیلئےتھے،۷؍ سے ۱۲؍فروری تک عوام اورتاجروں کیلئے کھلا رہے گا۔

آٹو ایکسپو ۲۰۲۰ء کا ایک منظر۔ تصویر: پی ٹی آئی
آٹو ایکسپو ۲۰۲۰ء کا ایک منظر۔ تصویر: پی ٹی آئی

 نئی دہلی:آٹو موبائل کی دنیا کا سب سے بڑا میلہ کہے جانے والے آٹو ایکسپو کے ۱۵؍ویں ایڈیشن کا آغاز ۵؍فروری سے ہوگیاہے۔ گریٹر نوئیڈا میں آٹو ایکسپو ۸؍دن چلے گا جس میں دنیا کی مشہور ترین کمپنیاں اپنے ماڈل پیش کریں گی۔میڈیا ایوینٹ کے مطابق اس مرتبہ ۲۸؍کمپنیاں آٹو ایکسپو میں شامل رہیں گی۔ خبروں کے مطابق کمپنیاں ۸۶؍ سے زیادہ گاڑیاں پیش کریں گی۔ چینی کمپنیوں نے یہاں ۲۰؍فیصد سے زیادہ احاطہ پر قبضہ کررکھا ہے۔ اس میلے میں کافی نئی کاروں کو پیش کئے جانے کے ساتھ ہندوستان میں لانچ ہونے والے کچھ نئے برانڈس سے بھی پردہ اٹھایا جائے گا۔ اس بڑے ایوینٹ کی شاندار کوریج کیلئے اس کے پہلے ۲؍دن یعنی ۵؍ اور ۶؍فروری محض میڈیا کے نمائندوں کیلئے مختص ہیں ۔اس تقریب میں آواز پر چلنے والی کارسے بھی پردہ اٹھایا جائے گا۔ اگرآپ آٹو ایکسپو میں شریک ہونے کا منصوبہ بنارہے ہیں تو ۷؍فروری سے لے کر ۱۲؍فروری کے درمیان اس میلے سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں ۔اس کیلئے آپ آن لائن ٹکٹ گھر بیٹھےبک کرواسکتے ہیں ۔ 
کانسیپٹ کاروں کا جلوہ ہوگا
 انڈیا ایکسپو مارٹ میں بدھ سے آٹو ایکسپو ۲۰۲۰ء کا آغاز ہوگیا ہے۔ یہاں پہلی مرتبہ گاہکوں کو آواز سے چلنے والی کار دیکھنے کو ملے گی۔ اس کے علاوہ ہندوستان کی پہلی ’ڈبل سن روف‘ والی کار بھی لانچ ہوگی۔
بی ایس ۶؍گاڑیوں کا دبدبہ
 ایکسپو میں بی ایس ۶؍گاڑیوں کا دبدبہ رہے گا۔۱۲؍فروری تک چلنے والے اس میلے کی تھیم’ایکسپور دی ورلڈ آف موبیلیٹی‘ رکھی گئی ہے۔۱۰۴؍کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گے۔ پہلے دن ۴۲؍گاڑیاں لانچ کی جائیں گی۔
آٹو ایکسپو تک پہنچنے کا راستہ
 نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا کے درمیا ن نوئیڈا میٹرو ریل کارپوریشن(این ایم آر سی) میٹروریل چلا رہا ہے۔اب این ایم آر سی نےآٹو ایکسپو کے دوران لوگوں کو خصوصی خدمات مہیا کرانےکا فیصلہ کیا ہے۔این ایم آر سی نے فریکوئنسی بڑھانے کے ساتھ کنیکٹیوٹی بڑھانے کا بھی منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ ایکسپو آنے والے لوگوں کو بھٹکنا نہ پڑے۔ کچھ اسٹیشنوں پر عوام کی سہولت کیلئے ہیلپ ڈیسک بھی بنائے جائے گی۔لوگ اس سے ایکسپو اورمیٹرو ٹرینوں سے متعلق معلومات حاصل کرسکیں گے۔غور طلب ہے کہ ابھی اس لائن پر میٹرو مصروف اوقات میں ساڑھے۷؍ اور دیگر اوقات میں ۱۰؍منٹ کے وقفے سے ملتی ہے۔ افسران نے بتایا کہ این ایم آر سی کے ۹۱؍ پوائنٹ، ایک ریڈیو سٹی ایف ایم چینل کے ذریعہ اسٹیشنوں کے احاطے میں بھی اس لائن سے متعلق سہولیات کے ساتھ آٹو ایکسپو کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی جائے گی۔
 گریٹر نوئیڈا کے ایکسپو مارٹ میں شروع ہونے والے آٹو ایکسپو تک لوگوں کو پہنچانے کیلئے میٹرو ہر قدم پر ساتھ دے گی۔ لوگوں کی سہولت کیلئے میٹرو مصروف اوقات میں ۶؍منٹ اور دیگر اوقات میں ساڑھے ۷؍منٹ میں میٹرو ملے گی۔یہ نظام ۷؍ سے ۱۲؍فروری تک رہے گا۔آٹو ایکسپو میں جانے کیلئے لوگ سیکٹر ۵۱؍ اسٹیشن سے سوار ہوکر آٹو ایکسپو کے پاس واقع نالج پارک ۲؍ تک جاسکیں گے۔
دس اسٹیشنوں پر پارکنگ کی سہولت
 آٹو ایکسپو میں آنے والے لوگ اس لائن کے ۱۰؍ اسٹیشنوں کے پاس پارکنگ میں اپنی گاڑی کھڑی کرسکتے ہیں ۔ سیکٹر ۵۱، ۷۶، ۱۰۱، ۸۱، ۱۳۷،۱۴۲ نالج پارک ۲؍پری چیک، الفا ون اور ڈیلٹا ون اسٹیشن پر پارکنگ کی سہولت ملے گی۔
ای رکشا اسٹیشن سے ایکسپو تک پہنچائیں گے
آٹو ایکسپوکے سب سے نزدیک نالج پارک ۲؍میٹرو اسٹیشن ہے۔ یہ اسٹیشن تقریباً ۵۰۰؍میٹر دور ہے۔ اس دوری کا سفر آسان کرنے کیلئے این ایم آر سی نے ۱۰؍ای رکشا چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ای رکشا کا زیادہ سے زیادہ کرایہ ۱۰؍روپے ہوگا۔

auto news Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK