Inquilab Logo

بی ایم ڈبلیوکی نئی ایس یو وی ’ ایکس ون فیس لفٹ ‘کشادہ اور آرام دہ کار ہے

Updated: December 26, 2020, 5:23 PM IST | ankit dubey | Mumbai

اس نئی ایس یو وی میں کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں اورٹرائل رن میں اس کار کی ڈرائیونگ کا تجربہ لاجواب معلوم ہوا، اس کا سسپینشن اوبڑ کھابڑ راستوں کا احساس ہی نہیں ہونے دیتا

Picture.Picture :INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

 ملک میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی لگژری کاروں کی بات کریں تو ان میں والوو کی ایکس سی ۴۰، مرسڈیز بینز کی جی ایل اے، آؤڈی کی کیو تھری اور بی ایم ڈبلیو کی ایکس ون شامل ہیں۔ ۲۰۲۰ء میں بی ایم ڈبلیو نے انٹری لیول لگژری ایس یو وی سیگمنٹ  میں  بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ایکس ون کو اپ ڈیٹ کرکے فیس لفٹ شکل میں بازار میں  اتارا ہے۔ اس گاڑی کو ہم نے گزشتہ دنوں آزمائشی طور پر چلایا اور اسی کا تجربہ اس رپورٹ  میں  پیش کررہے ہیں۔
لُک اور ڈیزائن
 سب سے پہلے ہم شروعات اس کے ڈیزائن سے کرتے ہیں تو یہ دوسرا جنریشن ماڈل ہے اور اس میں  چھوٹی موٹی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ فرنٹ لُک اب اس کا مزید  بہترین ہوگیا ہے ۔ اس میں اب بڑی گِرِل دی گئی ہے۔ یہ ایکس فائیو، ایکس سکس اورایکس سیون کی یاد دلاتی ہے۔ حالانکہ ان بڑی ایس یو وی کاروں میں گِرِل پر کافی زیادہ کروم دیکھنے کو ملتا ہے لیکن ایکس ون کے گِرِل پر آپ کو پینٹیڈ سلور ورٹیکل سلیٹس دیکھنے کو ملتے ہیں۔ یہ اتنے زیادہ پریمیم تو نہیں لگتے لیکن دیکھنے میں ٹھاک ضرور لگتے ہیں۔دیگر تبدیلیوں کی بات کریں تو اس کار میں  نیا فرنٹ بمپر موجود  ہے اور اس بار فوگ لیمپ کی پوزیشن الگ ہے۔ ہوریزنٹل ایل ای ڈی اسٹرپس  بھی دی گئی ہے اور نئے  ڈیزائن کردہ  ایل ای ڈی ہیڈ لیمپس کار میں موجود ہیں۔ اس کار کا پورا پروفائل دھیان سے دیکھیں تو اپ ڈیٹیڈ ایکس ون پہلے کی طرح ہی کافی خوبصورت لگ رہی ہے اور اس میں ’ایس ڈرائیو ۲۰؍ ڈی ایکس لائن‘ ویریئنٹ میں دئیے گئے ۱۷؍ انچ کے وہیل اسے مکمل  اسپورٹی لُک دیتے ہیں۔ پچھلے حصے میں اَپ ڈیٹیڈ ایل ای ڈی ٹیل لیمپ ، اپ ڈیٹیڈ بمپر اور تھوڑے بڑے ایگزاسٹ ٹپس دیکھنے کو ملتے ہیں۔
انٹیریئر ایسا ہے
 بی ایم ڈبلیو ایکس ون کا انٹیریئر پہلی کی طرح ہے، فٹنگ اینڈ فنشنگ  پہلے جیسی شاندار ہے۔ یہاں کچھ معمولی تبدیلیاں بھی ہیں۔ جن میں پہلی تبدیلی ۸ء۸؍ انچ کا ٹچ اسکرین آئی ڈرائیو انفوٹینمنٹ سسٹم ہے اور یہ کافی پریمیم ہے خاص طور پر کنکٹی ویٹی کی بات کریں تو آپ گاڑی سے ایپل کارپلے وائرلیس طریقے سے کنیکٹ کرسکتے ہیں۔ اس یونٹ میں آپ کو اینڈرائیڈ آٹو نہیں ملے گا۔ صرف ایپل کارپلے ہی دیا گیا ہےاور وہ بھی انفوٹینمنٹ سسٹم کا بالکل نیا  ورژن نہیں ہے۔
 دوسری سب سے بڑی تبدیلی پینورامک سن رُوف ہے جو اب کافی بڑی ملتی ہے۔ علاوہ ازیں گاڑی میں نیا گیئر لیور ملتا ہے جو بہترین ڈیزائن کے ساتھ آتا ہے اور انٹیریئر میں ایمبینٹ لائٹنگ بھی ملتی ہے۔ 
ڈائمینشن
 ایکس ون کے  ڈائمینشن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔ اس لئے یہ گاڑی اب بھی سیگمنٹ میں سب سے زیادہ کشادہ جگہ رکھنے والی گاڑی کہلاتی  ہے۔ اگلی اورپچھلی نشستیں آرام دہ ہیں۔  پچھلی نشستوں کے پاس چارجنگ کیلئے یو ایس بی پورٹ بھی دیا گیا ہے۔ ایکس ون کی سب سے خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں ’بیسٹ اِ ن کلاس‘ ۵۰۰؍ لیٹر کا بُوٹ اسپیس ملتاہے جس کافی سارا سامان رکھا جاسکتا ہے۔
ڈرائیونگ کا تجربہ
 ایکس ون کے بیرونی اور اندورونی حصوںکی تبدیلیاں تو بظاہر دیکھی جاسکتی ہیں لیکن بونٹ کے اندر کیا تبدیلیاں  ہیں وہ پتہ لگانا مشکل ہے۔ بی ایم ڈبلیو ایکس ون پہلے جیسی ۲؍لیٹر کے پیٹرول اور ڈیزل انجن سے لیس ہے۔ یہ بی ایس ۶؍ کمپلائنٹ انجن ہے اور ہم نے جو ماڈل چلایا وہ ’ایس ڈرائیو ۲۰؍ ڈی‘ ویریئنٹ ہے۔ یہ ۲ء۰؍ لیٹر ۴؍ سلنڈر ڈیزل انجن کے ساتھ آتا ہے۔ یہ انجن ۱۹۰؍ ایچ پی کی پاور اور ۴۰۰؍ این ایم کا ٹورک پیدا  کرتا ہے۔ بی ایس ۴؍ ماڈل کے مقابلے اس کے پاور آؤٹ پُٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔  انجن کی آواز اور ریفائنمنٹ لیول پہلے کے مقابلے زیادہ بہتر ہوگیا ہے ۔ انجن کی پاور ڈلیوری کافی بہترہے اور ڈرائیونگ کے دوران کیبن میں آپ کو پتہ ہی نہیں چلتا کہ آپ ایک ڈیزل انجن والی گاڑی چلارہے ہیں۔ ٹریفک میں بھی یہ کار آسانی سے ڈرائیو کرسکتے ہیں اور اسپورٹ موڈ پر آتے ہی پیڈل شِفٹرس اگر استعمال کررہے ہیں تو ایکس ون میں آپ کو ٹربو کی کہیں بھی کمی محسوس نہیں ہوگی۔ یہاں یہ کافی تیز طرار ہوجاتی ہے۔ ۸؍ اسپیڈ آٹومیٹک گیئر باکس کافی بہترین طریقے سے کام کرتے ہیں۔ صفر سے ۱۰۰؍ کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار گاڑی  ۸؍ سیکنڈ کے اندر ہی پکڑلیتی ہے۔ بی ایس ۴؍ ماڈل آل وہیل ڈرائیو تھا جبکہ کمپنی نے اب ایکس ون کو صرف فرنٹ وہیل ڈرائیو کے ساتھ ہی اتارا ہے۔ سسپنشن کی بات کریں تو یہ گاڑی آپ کو بہتر رائیڈ کوالیٹی دیتی ہے اور چھوٹے موٹے گڑھوں سے گزرنے کا احساس بھی نہیں ہوتا۔ اس گاڑی کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اوبڑ کھابڑ راستوں پر بھی آپ کو یہ بہترین ڈرائیونگ کا تجربہ دیتی ہے۔ مجموعی طور پر بی ایم ڈبلیو ایکس ون ایک ڈرائیورس کار ہے اور بی ایس ۴؍ ماڈل کے مقابلے اس  نئی کارکی رائیڈ کوالیٹی بہترین ہوگئی ہے ۔
ہمارا فیصلہ
 بی ایم ڈبلیو ایکس ون فیس لفٹ میں کافی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں اور یہ بی ایس ۶؍ پیٹرول اور ڈیزل انجن کے علاوہ آئی ڈرائیو انفوٹینمنٹ سسٹم سے لیس ہے۔ ایکس وان آن بھی اپنے سیگمنٹ میں سب سے کشادہ ایس یو وی ہے اور یہ چلانے میں کافی لاجواب ہے۔ ہندوستانی بازار میں اس کی قیمت ۳۵ء۹۰؍ لاکھ روپے سے شروع ہوتی ہے جو کہ ایم اسپورٹ ویریئنٹ ۴۲ء۹۰؍ لاکھ روپے (ایکس شوروم) تک جاتی ہے۔ ہم نے جو ویریئنٹ چلایا ہے اس کی قیمت ۳۹ء۹۰ ؍ لاکھ روپے (ایکس شوروم) ہے ۔ پرانے بی ایس ۴؍ ماڈل کے مقابلے اس کی قیمتوں میں ۴۰؍ سے ۶۰؍ہزار روپے تک کا اضافہ ہوا ہے۔ 

auto news bmw Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK