Inquilab Logo

کورونا بحران؛خواتین گھر بیٹھے کیسےکریں کاروبار؟

Updated: January 17, 2022, 12:24 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

کورونا ایک آفت ہے، لیکن یہ کئی مواقع لے کر آیا ہے خاص طور پر اس قسم کے کاروبار اور کام جن کا تعلق روزمرہ کی زندگی سے ہے۔ خواتین کے لئے گھر بیٹھے کام کرنے کے بے شمار ذرائع اور مواقع موجود ہیں۔ بس ضرورت ہمت، حوصلے اور لگن کی ہے، کامیابی ان کے قدم چومے گی

If you know how to sew well, you can easily start this business.Picture:INN
اگر آپ اچھی سلائی کڑھائی جانتی ہیں تو آپ آسانی سے یہ کاروبار شروع کر سکتی ہیں۔ تصویر: آئی این این

ایک مشہور کہاوت ہے کہ ’ایوری کرائسیس کم وتھ این ایپارچونیٹی‘ یعنی ہر آفت ایک موقع لے کر آتی ہے۔ کورونا بھی ایک آفت ہے، لیکن کورونا تباہی کی صورت میں کئی مواقع لے کر آیا ہے خاص طور پر اس قسم کے کاروبار اور کام جن کا تعلق روزمرہ کی زندگی سے ہے۔ کورونا کی تیسری لہر آنے کے بعد سے پھر سے ہر کسی کو مالی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آپ گھر بیٹھے کئی کام کرکے اپنی مالی حالت کو بہتر بنا سکتی ہیں۔ اس مضمون میں چند ایسے کاموں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے:
سلائی اور کڑھائی کا کام
 اگر آپ اچھی سلائی کڑھائی جانتی ہیں تو آپ آسانی سے یہ کاروبار شروع کر سکتی ہیں۔ سلائی ایک ایسا فن ہے، جس کی ہر نسل کے لوگوں کو ضرورت ہے۔ اس کے لئے آپ کو شروع میں تھوڑی بہت مارکیٹنگ کرنی پڑے گی۔ انہیں اپنے فن کے بارے میں بتانا پڑے گا۔ اسی طرح لوگوں کو آپ کے کام کے بارے میں معلوم ہو جائے گا۔ اس کے بعد آپ کے پاس آرڈر آنے لگیں گے اور اس طرح آپ اپنے کاروبار کو آگے بڑھا سکتی ہیں۔
آن لائن کوکنگ کلاسیز
 اگر آپ مختلف قسم کے کھانے اچھی طرح پکا سکتی ہیں تو آپ آن لائن کوکنگ کلاس شروع کر سکتی ہیں۔ آپ چاہیں تو کلاسیز کو اپنے گھر میں بھی شروع کر سکتی ہیں لیکن کورونا کے بڑھتے واقعات کے پیش ِ نظر آن لائن کلاس ہی بہتر ہوگی۔ کوکنگ کلاس میں آپ ان پکوانوں کو زیادہ سکھائیں جو ریستوران وغیرہ میں ملتے ہیں، جیسے پاستا، چائنیز ڈش، پیزا اور مختلف قسم کی گریوی وغیرہ۔ ہر کوئی کھانے پینے کا شوقین ہوتا ہے، لوگ آپ کے پاس مختلف پکوان سیکھنے ضرور آئیں گے۔ اس کے علاوہ آپ سیزن کے مطابق کچھ خاص کلاسیز بھی شروع کر سکتی ہیں، جیسے اسپیشل آئس کریم، پلس کیک، گریوی کلاس، اسنیک کلاس، شیک اسپیشل، بیکنگ کلاس وغیرہ۔ ان کلاسز کو ویک اینڈ میں رکھنا چاہئے، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ سیکھنے کے لئے درخواست دیں۔
چوڑیاں اور مصنوعی زیورات
 آج کے دور میں آرٹی فیشل جویلری کی مانگ بھی بہت بڑھ گئی ہے۔ فیشن کی دنیا میں خواتین اپنے لباس سے ملتے جلتے جویلری اور دیگر متعلقہ سامان وغیرہ پہننا پسند کرتی ہیں۔ آپ کم قیمت پر گھر بیٹھے مصنوعی زیورات کا کاروبار کر سکتی ہیں۔ واضح ہو کہ خواتین کو چوڑیوں کا جنون بہت زیادہ ہے۔ کوئی بھی فنکشن ہو، چوڑیاں اور کپڑے سبھی خواتین کیلئے بنیادی چیز سمجھے جاتے ہیں۔ ایسے میں اگر آپ یہ کاروبار شروع کریں تو آپ اس میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ اگر یہ کام آپ نے مستقل مزاجی اور لگن سے کرلیا تو مستقبل میں آپ ایک کامیاب بزنس وومن بن سکتی ہیں۔
گھر کے سجاوٹ کی اشیاء
 بہت سی خواتین آرٹ کرافٹ میں بہت دلچسپی رکھتی ہیں۔ وہ مشغلے کے طور پر گھر میں طرح طرح کی چیزیں جیسے برتن، گلدان، ہینگنگ آئٹمز، سیندری، اسکرٹنگ، بیڈ شیٹس، ٹیبل کور اور اس طرح کے دیگر آئٹمز بناتی ہیں۔ اگر آپ کو بھی اس سے دلچسپی ہے تو آپ بھی انہیں بنا کر فروخت کرسکتی ہیں۔ آپ ان اشیاء کو اپنےآس پڑوس کے لوگوں کو مارکیٹنگ کے ذریعے فروخت کر سکتی ہیں، یا آپ اپنے شہر، بازار یا کسی مخصوص مقام پر اسٹال لگا کر فروخت کر سکتی ہیں۔ اس سے آپ اچھے پیسے کما سکتی ہیں۔ اگر آپ چاہیں تو ان اشیاء کی آن لائن کلاسیز بھی شروع کر سکتی ہیں۔ بہت سی لڑکیاں اس طرح کے کام میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ آپ گھر بیٹھے یہ کام بآسانی کرسکتی ہیں۔
بوٹیک
 خواتین یا لڑکیاں گھر سے اپنا بوٹیک کا بزنس شروع کر سکتی ہیں۔ بوٹیک میں آپ جدید فیشن ڈریسز اور لڑکیوں کے مختلف قسم کے کپڑے رکھ سکتی ہیں۔ آپ خواتین کے لئے جدید ترین فنکی جیولری، ساڑیاں بھی رکھ سکتی ہیں۔ اس کے لئے آپ گھر کے کسی چھوٹے حصے کو مخصوص کر لیں تاکہ آپ ان کی کئی تصاویر لے کر آن لائن تشہیر کر سکیں۔ اچھا رسپانس ملنے کے بعد آپ اپنے کلیکشن میں اضافہ کرسکتی ہیں۔
بلاگر/ یوٹیوبر/ فری لانسر
 اگر آپ کو کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کا تھوڑا بھی سا علم ہے تو آپ بلاگر، یوٹیوبر، فری لانسر بن سکتی ہیں۔اس کام کے لئے آپ کو زیادہ پیسہ بھی خرچ نہیں کرنا پڑتا۔ آپ کو بس کچھ وسائل کی ضرورت ہے، جو آج کل ہر کسی کے پاس پہلے سے دستیاب ہیں۔ جیسے :موبائل یا لیپ ٹاپ اور انٹرنیٹ کی سہولت۔ یہاںپر گھر بیٹھے پیسے کمانے کے صرف بعض آسان ذرائع کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ وگرنہ تو خواتین کے لئے بے شمار ذرائع اور مواقع موجود ہیں۔ بس ضرورت ہمت، حوصلے اور لگن کی ہے۔ اگر آپ نے اپنے اندر ان تینوں چیزوں کو جمع کر لیا تو آپ کو کام یاب ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔n

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK