Inquilab Logo

 ہڈیوں میں نئے خلیے کی دریافت سےمختلف امراض کے علاج کی راہ کھلے گی

Updated: March 03, 2021, 1:10 PM IST | Agency

آسٹریلوی ماہرین نے ایک تازہ تحقیق کی بنیاد پر دعویٰ کیاہے کہ انہوں نے انسانی ڈھانچہ میں بالکل نئی قسم کا خلیہ دریافت کرلیا ہے۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسے سمجھتے ہوئے ہم گٹھیا، جوڑوں کے درد، ہڈیوں کی بریدگی اور دیگر بیماریوں کو نہ صرف بہتر طور پر سمجھ سکیں گے بلکہ ان کے علاج کی نئی راہ بھی ہموار ہوگی۔

Health - Pic : INN
ہیلتھ ۔ تصویر : آئی این این

 آسٹریلوی ماہرین نے ایک تازہ تحقیق کی بنیاد پر دعویٰ کیاہے کہ انہوں نے انسانی ڈھانچہ میں بالکل نئی قسم کا خلیہ دریافت کرلیا ہے۔  ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ  اسے سمجھتے ہوئے ہم گٹھیا، جوڑوں کے درد، ہڈیوں کی بریدگی اور دیگر بیماریوں کو نہ صرف بہتر طور پر سمجھ سکیں گے بلکہ ان کے علاج کی نئی راہ بھی ہموار ہوگی۔ آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف ساؤتھ ویلز کے ماہرین نے خردبین سے انسانی ڈھانچوں کا ایک ایک حصہ دیکھا ہے۔ انہوں نے اس کاوش میں ہڈیوں میں موجود ایک خلیہ (سیل) دیکھا ہے جس سے سائنس اب تک ناواقف تھی۔ یہ خلیہ کئی طرح کے جین کھولتا اور بند کرتا ہے یعنی جینیاتی سطح تک سرگرم ہوسکتا ہے۔ اس تحقیق سے ہڈیوں کی ٹوٹ پھوٹ کوجاننے اور اسے روکنے کے عمل کو سمجھنے میں بہت مدد ملے گی جن میں سرِ فہرست گٹھیا (اوسٹیوپوروسس) کا مرض شامل ہے۔  ہم جانتے ہیں کہ ہیں کہ استخوانی فطری نشوونما میں خلیات پرانی ہڈیوں کو بریدہ کرتے ہیں اور نئی ہڈیوں کی افزائش ہوتی رہتی ہے۔ لیکن یہ توازن بگڑ جائے تو ہڈیاں نرم پڑجاتی ہیں اور کئی مرض لاحق ہوجاتے ہیں جن میں گٹھیا سرِ فہرست ہے۔ یونیورسٹی آف نیو ساؤتھ ویلز کے ڈاکٹر مچیل مک ڈونلڈ اوران کے ساتھیوں نے ایک زندہ ہڈی کے ٹشوز کو خردبین سے بغور دیکھا تو معلوم ہوا کہ وہ کے مخصوص خلیات اوسٹیوکلاسٹس مزید چھوٹے خلیات میں منقسم ہیں۔ یہ ایک بالکل نئی بات تھی۔ پھر یہ بھی معلوم ہوا کہ وہ خلیات مرکر بھی ری سائیکل ہوجاتے ہیں اور دوبارہ ٹوٹ کر اور جڑ کر اپنی زندگی بڑھاتے ہیں۔سائنسدانوں کو خون اور ہڈیوں کے گودے میں بھی اسی طرح کے نئے خلیات ملے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ ہڈیوں میں فاضل پرزوں کی طرح چھپے رہتے ہیں۔ دریافت کے بعد ماہرین نے ان کا آر این اے پڑھا ہے اور جینیاتی سطح پر اس کے راز کھولے ہیں۔ ان میں بعض نئے جین ایسے ملے ہیں جو اوسٹیوکلاسٹس کو سرگرم کرنے کا کام کرتے ہیں۔ پھر جب خلیات کو دوبارہ جڑتا دیکھا گیا تو ماہرین نے اسے بالکل نیا خلیہ قرار دیا ہے اور انہیں ’اوسٹیومارفس‘ کا نام دیا ہے۔ یہ نام پاور رینجرز کے ایک کردار کے نام پر دیا گیا ہے۔ اگلے مرحلے میں امپریل کالج لندن کے ماہرین نے جب اس خلیے کے اندر۴۰؍جین خاموش کرادیئے تو معلوم ہوا کہ ان میں سے۱۷؍ جین ہڈیوں کی مضبوطی، بڑھوتری اور جسامت میں اہم کردار ادا کررہے تھے۔ اس طرح نودریافت خلیہ ہڈیوں کی نشوونما میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK