Inquilab Logo

بینائی سے محروم طالبعلم کی دسویں بورڈ میں امتیازی کامیابی

Updated: July 06, 2020, 8:58 AM IST | Inquilab Desk / Agency

کیرالا کے ملاپورم ضلع کے مانکڑا گاؤں کے رہنے والے ہارون کریم نامی اس طالب علم نے کمپیوٹر کی مدد سے اپنے پرچے خود لکھے تھے

Haroon Karim - Pic : The Hindu
ہارون کریم ۔ تصویر : دی ہندو

ریاست کیرالا کے دسویں جماعت  کے طالب علم کے ٹی ہارون کریم دسویں  بورڈ امتحان میں امتیازی کامیابی کے سبب گزشتہ دوہفتوں سے اب تک  ذرائع ابلاغ  کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی چھائے  ہوئے ہیں ۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ  ہارون کریم قوت بینائی سے محروم ہیںلیکن انہوں نے کمپیوٹر اور خصوصی اسسٹیو ٹیکنالوجی کی مدد سے دسویں بورڈ امتحان میں شرکت کی اور اپنی انتھک محنت کے دم پر سبھی مضامین میں اے پلس نمبرات حاصل کرکے ایک مثال قائم کی ہے ۔ ہارون کی یہ کامیابی صحیح معنوں میں سبھی طلبہ کے لئے ترغیبی ومثالی ہے ، اس نے ثابت کردیا کہ بلند حوصلے، پختہ قوت ارادی اور سخت  محنت کے دم پر آپ جو چاہیں وہ حاصل کرسکتے ہیں۔ معلوم ہوکہ کیرالا بورڈ نے ۳۰؍ جون کو ایس ایس ایل سی (دسویں  بورڈ) کے نتائج ظاہر کئے تھے  ۔ 
 تفصیلات کے مطابق  کے ٹی ہارون کریم کیرالا کے ملاپورم ضلع میں واقع  مانکڑا کے  رہنے والے ہیں۔ ۱۵؍ سالہ ہارون نے  دسویں  بورڈ کے سبھی پرچوں میں اے پلس گریڈ حاصل کئے ہیں۔ چونکہ ہارون کریم قوت بینائی سے محروم ہیں لہٰذا انہیں بورڈ کی جانب سے ’اِسکرائب(پرچہ لکھنے والا معاون شخص)‘ کی سہولت حاصل تھی مگر انہوں نے اسکرائب کے بجائے خود پرچہ لکھنے کا عزم کیا اور ا س کے لئے انہوں نے لیپ ٹاپ اور خصوصی سافٹ ویئر’اِن اسپائے‘ کی مدد لی ۔ ہارون نے اسی کی مدد سے سبھی پرچے لکھے اوران کی محنت رنگ لائی اور انہوں نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی ۔ 
 باعزم و بلند حوصلہ رکھنے والے ہارون کہتے ہیں کہ ’’میں چاہتا تو کنوینشنل اِسکرائب سسٹم کے ذریعے امتحان دیتا اور اگر  اے پلس گریڈ ملتا  تو اس کا کریڈٹ اسکرائب کو جاتا اور میری محنت کو سمجھا جاتا۔ کمپیوٹرکے ذریعے میں خود پرچہ لکھ کر خوش ہوں۔ مجھے خود پر فخر محسوس ہورہا ہے۔ بینائی سے محروم ہونے کے باوجود کمپیوٹر کے  ذریعے امتحان دے کر میرا اے پلس گریڈ حاصل کرنا میرے  جیسے دوسرے طلبہ کیلئے حوصلہ افزاء اور ترغیبی ثابت ہوگا۔ ‘‘
 معلوم ہوکہ فروری میں جب ہارون نے کمپیوٹر کی مدد سے پرچہ لکھنے کی درخواست کی تھی تو بورڈ انتظامیہ نے اس درخواست کومسترد کردیا تھا۔ تاہم ریاستی وزیر تعلیم  سی رویندر ناتھ کی مداخلت کے بعد ہارون کو پرچہ لکھنے کی اجازت مل گئی ۔  ہارون نے ریاستی وزیر تعلیم سے ملاقات کی تھی اور اس معاملے میں مدد کی درخواست کی تھی۔ رویندر ناتھ نے جب ہارون کا جذبہ اور حوصلہ دیکھا تو انہو ں نے بورڈ انتظامیہ سے گزارش کی کہ وہ ہارون کو کمپیوٹر کی مدد سے پرچہ لکھنے کی اجازت دیں۔ قابل ذکر ہے کہ جب دسویں بورڈ کے نتائج کا اعلان ہو اور ہارون کی کامیابی کی اطلاع ریاستی وزیر کو ملی تو انہوں نے سوشل میڈیا پر یہ خبر شیئر کی اور ہارون کریم کو مبارکباد پیش کی ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK