موجودہ دور میں بیشتر افراد اپنی صحت کے حوالے سے سنجیدگی سے غور کرتے ہیں اور کرنا بھی چاہئے کیونکہ تندرستی ہزار نعمت ہے لیکن کسی کے بھی مشورہ پر عمل کرنا نقصاندہ ہوسکتا ہے۔ اس کالم میں نیوٹریشنسٹ اور ڈائٹیشین حفصہ تھیم صحت کے بارے میں مناسب رہنمائی کریں گی۔

حفصہ تھیم۔ تصویر: آئی این این
خواتین، آپ کی کھانے کی پلیٹ صرف آپ کا پیٹ نہیں بھرتی بلکہ اس کے علاوہ بھی بہت کچھ کرسکتی ہے۔ یہ آپ کے ہارمونز کو متوازن کرسکتی ہے، آپ کی ہڈیوں کو مضبوط رکھتی ہے، آپ کو توانا رکھتی ہے اور آپ کا موڈ بہتر بناتی ہے۔ آج کی قسط میں ۴؍ غذاؤں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے جنہیں خواتین اپنی خوراک کا حصہ بنا کر صحتمند رہ سکتی ہیں:
(۱)دودھ
دودھ کیلشیم کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہ ہڈیوں کو مضبوطی فراہم کرتا ہے۔ جوڑوں کے درد سے نجات دلاتا ہے۔ موڈ کو بہتر بناتا ہے۔ اس لئے روزانہ سونے سے قبل ایک گلاس دودھ ضرور پئیں۔
(۲)پالک
یہ آئرن کا بہترین ذریعہ ہے۔ پالک تھکاوٹ دور کرنے میں مدد کرتا ہے، بالوں کا جھڑنا روکتا ہے اور کمزوری دور کرتا ہے۔ لہٰذا خواتین اسے دال اور روٹی (پالک کا پراٹھا) میں شامل کریں یا اس کی سبزی بنا کر کھائیں۔ پالک کے پکوان ہفتے میں دو مرتبہ ضرور کھائیں۔
(۳)انڈا
اس میں پروٹین وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس کے استعمال سے جلد کی صحت اچھی رہتی ہے۔ بالوں کو مضبوطی ملتی ہے۔ ہارمونز کی سطح متوازن رہتی ہے۔ انڈا وزن کنٹرول کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔ انڈا کھانے کا بہترین وقت صبح ہوتا ہے۔ آپ ناشتے میں اُبلا انڈا کھا سکتی ہیں۔
(۴)السی کے بیج
یہ بیچ چھوٹا ضرور ہوتا ہے مگر اس کے بے شمار فوائد ہیں۔ یہ مخصوص ایام میں ہونے والے مسائل کے لئے مفید سمجھا جاتا ہے۔ اس کے استعمال سے جلد کی تابناکی میں اضافہ ہوتا ہے اور ہارمونز کی سطح معتدل رہتی ہے۔ اس بیج کو دہی، روٹی اور اسموتھی میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
کالم نگار کا تعارف
حفصہ تھیم نیوٹریشنسٹ اور ڈائٹیشین ہیں۔ وہ ایل ایس آئی کالج سے نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹیکس میں بی ایس سی آنرز ہیں۔ اسی دوران انہوں نے ایس آر وی اسپتال میں کلینکل انٹرشپ کیا۔ وہ میٹابولک سینڈروم نامی پروجیکٹ کا بھی حصہ رہ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن (ایم سی اے) میں والدین اور نوعمر لڑکیوں کے لئے ہیلتھ سیشنز کا انعقاد کیا ہے۔ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ صحت کے متعلق آسان اور قابل رسائی طریقے بتائیں تاکہ ہر کسی کے لئے اس کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا آسان ہو۔