Inquilab Logo

موسم باراں میں محفوظ و آسان سفر کیلئے اپنی کار کو یوں  تیار رکھیں

Updated: June 06, 2020, 11:18 AM IST | Inquilab Desk | Mumbai

موٹر سواروں کیلئے بارش کے موسم میں  سفر کرنا آسان نہیں ہوتا۔گاڑی دو پہیہ ہو یا چار پہیہ ، اس موسم کیلئے اس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

ماہ جون کا آغاز ہوچکا ہے اور اب مانسون کی آمد کے ساتھ ہی موسم باراں  کا آغاز ہوجائے گا۔موٹر سواروں کیلئے اس موسم میں  سفر کرنا آسان نہیں ہوتا۔گاڑی دو پہیہ ہو یا چار پہیہ ، اس موسم کیلئے اس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ کیونکہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ بارش میں آپ کا سفر سہانا اور محفوظ رہے تو مانسون آنے سے پہلے اپنی کار کو اس موسم کے لئے تیار کرلیں ۔ اس غرض سے ہم آپ کو کچھ ایسے ہی مشورے بتارہے ہیں جن پر عمل کرکے اور کچھ احتیاط اپناکر آپ بارش کے دوران خود کو اور اپنی کار کو محفوظ رکھ سکتے ہیں ۔
 سروسنگ کروالیں 
 بارش کا موسم شروع ہونے سے پہلے اپنی کار کی ایک بار سروسنگ ضرور کروالیں ۔ بارش میں  اکثر گاڑیاں  بند ہوجاتی ہیں ایسے میں اگر کار میں پہلے سے کوئی پریشانی ہے تو یہ پریشانی سفر کے دوران بڑی دقت بن سکتی ہے۔ لہٰذا اچھے کار میکانک سے اپنی کار کا معائنہ اور ضروری مرمتی کام کروالیں ۔
 ٹائر چیک کرلیجئے
 برسات میں سڑکوں پر کیچڑ کے سبب پھسلن پیدا ہوجاتی ہے۔ اگر آپ کی کار کے ٹائر گھس چکے ہیں  تو یہ خطرناک ہوسکتا ہے۔ ایسے میں ٹائر تبدیل کروالینا ہی بہتر ہے ۔ ایک اضافی ٹائر بھی اپنی گاڑی کی ڈِکی میں ہمیشہ ساتھ رکھیں ۔
 وائپر اور واشر
 بارش کے دوران وائپر کا کام سب سے ضرورت ہوتا ہے۔ وائپر بلیڈس اگر صحیح طریقے سے کام نہیں  کریں  گے تو بارش کے وقت گاڑی چلانا بے حد مشکل ہوجائے گا، اس لئے وائپر بلیڈس سے جڑی ساری دقتیں دور کرلیں ۔ اسکے علاوہ واشر سسٹم کو بھی چیک کرتے رہیں اور واشر بوٹل کو خالی نہ رکھیں ۔
 بریک
 بارش سے پہلے یہ جانچ کروالیں کہ گاڑی کے بریک صحیح طرح سے کام کررہے ہیں  یا نہیں ۔ بریکس کے تئیں ذرا بھی لاپروائی نہ برتیں ۔ بریک پیڈس کو صاف کراتے رہیں ۔ نئے بریک شُو لگوانا ہی صحیح فیصلہ ہوگا۔
) بیٹری
 کار میں  اس چیز کی فکر کرنا بھی بہت ضروری ہے، بارش کے دوران اگر آپ کی کار کی بیٹری ٹھیک ڈھنگ سے کام کررہی ہے یا نہیں ۔ ضروری لگے تو بیٹری تبدیل کروالیں کیونکہ بارش کے دوران بیٹری کا استعمال زیادہ ہوتا ہے ۔ 
الیکٹرک کنکشن
 اگر گاڑی کے الیکٹرک کنکشن ڈھیلے یا کمزور ہیں  تو انہیں بروقت ٹھیک کروالیں ۔ کبھی کبھی الیکٹرک کنکشن سے متعلقہ چھوٹا سا مسئلہ بھی بڑے حادثے کی وجہ بن جاتا ہے ۔
لائٹس 
 بارش کے موسم ’وِزیبلٹی‘ کم ہونے کی وجہ سے اکثر پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ گاڑی کی ہیڈلائٹس سے لے کر ٹیل لائٹ تک صحیح حالت میں ہونا چاہئے۔ ڈرائیونگ کے دوران ہیڈلائٹس سے آپ کو درکار روشنی ملے، اس لئے اس کی موقع بہ موقع جانچ کرتے رہیں ۔ 
بارش کے دوران محفوظ ڈرائیونگ کے لئے اہم مشورے
 بارش کے دوران اگر آپ کار کے ذریعہ کہیں جارہے ہیں  ہوں  تو کوشش کریں کہ گاڑی کی رفتار کم ہی ہو، یہ رفتار اتنی ہو جسے آپ آسانی سے قابومیں کرسکتے ہوں ۔
بارش کے دوران جب آپ ڈرائیونگ کررہے ہیں  تو اپنے آگے چل رہی گاڑی اور آپ کی کار کے درمیان عام دنوں سے زیادہ فاصلہ رکھیں ۔ اس دوران اچانک بریک نہ لگائیں کیونکہ اس سے آپ کی گاڑی پھسل سکتی ہے اور جس کی وجہ سے گاڑی کا کنٹرول بگڑ سکتا ہے ۔ اس سے کوئی حادثہ بھی ہوسکتا ہے ۔ 
دھیان رہے کہ گاڑی کے انڈیکیٹرز اور لائٹیں ، روڈ پر چل رہے دیگر گاڑی سواروں  سے رابطے کا ذریعہ ہیں لہٰذا اس بات کی یقین دہانی کرلیں کہ آپ کی گاڑی کے یہ لائٹس اور انڈیکیٹرس ٹھیک طرح سے کام کر رہے ہیں ۔
گاڑی کے وائپرز بارش میں گاڑی چلاتے وقت صاف طور پر دیکھنے میں بہت ہی اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔اس لئے وائپرکو ہمیشہ ورکنگ کنڈیشن میں  رکھیں ۔
اس بات کو یقینی بنالیں کہ آ پ کی گاڑی کے ٹائرز بالکل درست ہیں اوران میں ہوا کا دباؤ بھی مناسب ہے ۔
 جب آپ کو صاف طور پر نظر آنا بند ہو جائے تو اپنی گاڑی کو روڈ سے ہٹا کر کھڑی کرنے سے نہ ہچکچائیں کیونکہ اس میں آپ کی اور روڈ پر موجود دیگر افراد کی سلامتی ہے ۔
 بارش میں گاڑی چلاتے وقت کبھی بھی ہزارڈ لائٹس استعمال نہ کریں کیونکہ یہ صرف ایمرجنسی میں رکنے کیلئے استعمال کی جاتی ہیں لہٰذا بارش میں ہلکی لائٹس ہی استعمال کریں ۔
ڈرائیونگ کے دوران سڑک پر جمع شدہ پانی کے دھوکے میں نہ پڑیں اور ساتھ ہی اس پر سے گاڑی چلانے کا خطرہ نہ مول لیں کیونکہ آپ اس کی گہرائی اور سطحی خطروں سے ناواقف ہوتے ہیں ۔

auto news Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK