Inquilab Logo

نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی کے کورسیز میں اب فارغین مدارس کو بھی داخلہ ملے گا

Updated: July 29, 2020, 11:28 AM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon

عالمیت اور فضیلت سندیافتہ طلبہ بالترتیب بی اے اور ایم اے کورسیز میں داخلے کے اہل ہوں گے

North Maharashtra University Campus
نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی کی مرکزی عمارت

مدرسہ سے فارغ ایسے طلبہ کیلئے خوشخبری ہے جو بی اے یا ایم اے کورسیز کرنا چاہتے ہوں۔ کاویتری بہینا بائی نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی نے امسال سےعالمیت اورفضیلت سند یافتہ فارغین مدارس کیلئے اپنے گریجویشن کورسیز میں داخلوں کااعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کاویتری بہینا بائی نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی انتظامیہ نے  منسلک کالجوں کو فارغین مدارس کو بی اے اور ایم اے کورسیز میں  داخلہ دئیے  جانے کا حکم جاری کردیاہے۔نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی نے تعلیمی سال ۲۱۔۲۰۲۰ء  سے  عالمیت کے سند یافتہ طلبہ کوایف وائی بی اے اور سند فضیلت  یافتہ کو ایم اے کے سال اول میں داخلہ دینے کا اعلان کردیا ہے ۔معلوم ہوکہ ریاست  میں مراٹھواڑا یونیورسٹی اورنگ آباد واحد یونیورسٹی تھی جہاں  مدارس کے فارغین کو مختلف کورسیز میں داخلہ دیا جاتا تھا ۔مزید تفصیلات کے مطابق شمالی مہاراشٹر یونیورسٹی نے ایم اے سال اول میں داخلہ کیلئے شرائط رکھی ہے کہ انہی مدارس کے فارغین کو داخلہ دیا جائے گا جہاں دارالعلوم اور جامعہ نظامیہ کا نصاب پڑھایا جاتا ہے اس کی تصدیق یونیورسٹی کے اردو ،پرشین اور اسلامک کلچر کے بورڈ آف اسٹڈیز چیئرمین پروفیسر سید شجاعت علی نے کی۔اس کے علاوہ یونیورسٹی نے اپنے حکم نامے میں پونے کے معروف ایڈوکیٹ شیخ سلیم کے مطالبے اور یونیورسٹی کے اردو ،پرشین اور اسلامک کلچر کے موجودہ چیئرمین سید شجاعت علی نے جو سفارشات پیش کی تھیں  اس کا حوالہ بھی دیا ہے ۔مزید بات چیت میں قاضی مزمل الدین ندوی نے انقلاب کو بتایا کہ ’’میں اور یونیورسٹی کے اردو ،پرشین اور اسلامک کلچر بورڈ آف اسٹڈیز کے سابق چیئرمین ڈاکٹر اقبال شاہ  دو تین سال  سے اس بات کیلئے کوشاں تھے ۔مدارس کے فارغین کو داخلے کیلئے ایک دو رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اس نے بھی سفارشات کی تھیں ۔مجموعی طور پر دو مرتبہ کوشش کی گئی ۔جو کچھ دیر ہی سے سہی لیکن جد جہد بار آور اور نتیجہ خیز ثابت ہوئی۔ ‘‘ڈاکٹر اقبال شاہ نےکہا کہ’’ یونیورسٹی کا یہ فیصلہ تاریخی ہے اور اس سے خطہ کے علماء کو بہت فائدہ ہوگا اور زندگی کے میدان عمل میں مدارس کے فارغین کو بہتر کارکردگی کے بہت سے مواقع حاصل ہو ں گے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK