Inquilab Logo

دل میں خلش رکھنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا

Updated: January 06, 2020, 5:25 PM IST | Inquilab Desk

ہمیشہ ہم جیسا سوچتے ہیں ویسا سامنے والا سوچے ضروری نہیں ہے۔ اسی وجہ سے آپسی رشتوں میں چھوٹی چھوٹی باتوں پر خلیج بڑھتی چلی جاتی ہے۔ مگر جو باتیں ناگوار گزریں ان کا ذکر کئے بغیر آگے بڑھتے چلے جانا درست نہیں ہے کیونکہ وہ ایک نہ ایک دن جھگڑے کی شکل میں باہر آہی جائیں گی لہٰذا بات کیجئے۔

بات چیت کے ذریعے ہر مسئلہ کا حل نکالا جاسکتا ہے۔ تصویر : آئی این این
بات چیت کے ذریعے ہر مسئلہ کا حل نکالا جاسکتا ہے۔ تصویر : آئی این این

آپ دنیا کا کوئی ایک رشتہ بتائیں، جس میں شکوے شکایت یا خلش نہیں ہوتی؟ دنیا کے دو بہترین لوگ بھی ساتھ رہیں گے تو کبھی نہ کبھی لڑائی جھگڑے ہوںگے ہی۔ یعنی یہ قبول کریں کہ یہ ایسی سچائی ہے جس کا سامنا آپ کو ہر حال میں کبھی نہ کبھی کرنا ہی ہے۔ اس سے بچنے کا سب سے اچھا طریقہ کیا ہے؟ آپ کہیں گے شکوے شکایت کو دل میں آنے ہی نہ دیں، مگر کیا ایسا کر پانا مشکل ہے؟ نہیں ناں! تو جو کام ممکن نہیں ہے، اس سے آخر کب تک بھاگیں گے؟ ویسے بھی شکوے شکایت سے بھاگنا یعنی اپنے جذبات کو دل میں دبا کر رکھنا، اس سے آپ کے دل میں کب غبار جمع ہونا شروع ہو جائے، پتہ ہی نہیں چلے گا اور ایک دن جب یہ غبار باہر نکلے گا تب ممکن ہے رشتہ بکھر سکتا ہے۔ جب یہ رشتہ میاں بیوی کا ہو تو اس کے نتائج کا تصور کرنا ہی ڈراؤنا سا لگتا ہے۔ لہٰذا بہتر یہی ہے ہوگا کہ شکوے شکایت کو بہتر انداز سے سلجھایا جائے۔ اس کا آسان طریقہ آپ کی زندگی خوشگوار بنا دے گا اور اس کا حل بات چیت میں چھپا ہے۔ آپ نے سنا ہی ہوگا کہ بات کرنے سے ہی بات بنتی ہے۔ اگر آپ بات کرکے بات بنانا چاہتی ہیں تو ان باتوں پر خاص توجہ دیں تاکہ بات چیت شروع کرنے کا آپ کا نیک ارادہ رائیگاں نہ جائے۔
سامنے والے کی پوری بات سنیں
 بات چیت سے بھاگنے کی چکر میں لوگ یہ بھول جاتے ہیں، ’’مجھے معلوم ہے، میری بات کو سنا نہیں جائے گا تو بات کرکے کیا فائدہ؟‘‘ اگر آپ کے ساتھی کے دل میں بھی یہ بات گھر کر گئی ہے تو سمجھ جایئے کہ آپ کا رشتہ کبھی بہتر نہیں ہوگا۔ اگر اوپر سے سب کچھ بہتر نظر آرہا ہے تو یقین مانئے یہ اوپر ہی سے ہے۔ اندر شکایتوں کا غبار ہیں، جس دن یہ غبار نکلے گا اس دن آپ حیران رہ جائیں گی۔ رشتے میں بات اتنی نہ بگڑے اسلئے بات کرنے کے لئے ماحول بنائیں۔ ساتھی کو اس بات کی تسلی ہونی چاہئے کہ آپ ان کی بات کو صبر کے ساتھ سنیں گی اور انہیں سمجھیں گی بھی۔
شک کا فائدہ
 بات کرنے سے گریز کرنے کی ایک اور وجہ آپ کا فیصلہ کن رویہ ہے۔ اگر سامنے والا شخص یہ محسوس کرتا ہے کہ اس کی غلطی ہے تو وہ پہلے ہی ہتھیار ڈال دیتا ہے، ایسی صورتحال میں اگر آپ چھوٹی چھوٹی باتوں کا رائی کا پہاڑ بنا دیتی ہیں، تو وہ شاذ و نادر ہی آپ کے سامنے اظہار کرے گا۔ آپ کو چھوٹی چھوٹی باتوں کو نظر انداز کرنا ہوگا۔ اگر گفتگو کے دوران آپ کا ساتھی اپنا دفاع نہیں کرتا ہے تو بہتر ہے کہ آپ ان غلطیوں کو نظرانداز کریں۔ ہاں انہیں یہ ضرور واقف کروائیں کہ آپ سب کچھ جانتی ہیں۔ آپ کا دوستانہ رویہ انہیں ہمیشہ بات کرنے پر آمادہ کرے گا۔ اور حقیقی معنوں میں، آپ دونوں کے مابین ہونے والی بات چیت کے ذریعے  رشتے پر پڑی دھول صاف ہو جائے گی۔
ایک ہی کشتی میں سنوار ہیں
 گفتگو میں کوئی تلخی نہیں ہوگی، اگر آپ دونوں یہ مان لیں گے کہ دونوں ایک ہی کشتی پر سوار ہیں یعنی گفتگو کا حتمی مقصد ایک جیسا ہے۔ اور یہ آپ کے تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے ہے۔ جب آپ دونوں کی بات چیت اس مقصد سے شروع ہوگی تو پھر اس بات کا قوی امکان ہے کہ نتیجہ مثبت نکلے گا۔ چونکہ دونوں ہی اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے بات چیت کریں گے، اس کے بعد وہ ایک دوسرے پر مثبت تنقید بھی کریں گے۔ بعض اوقات باتیں کرنے سے، دماغ ہلکا ہوجاتا ہے اور دل آپس میں مل جاتا ہے۔ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ آپ دونوں کو ایک نیا راستہ مل جائے، یعنی آپ کو درمیانی راستہ مل جائے۔
ضروری بات کہیں
 بات چیت کرنے کے دوران جو باتیں ضروری ہے وہ پہلے کریں اور بات اس انداز میں کہیں کہ سامنے والا آپ کی بات کو سنے۔ تبھی صحیح معنوں میں بات کرنے سے بات بنتی ہے۔

women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK