Inquilab Logo

ہاکر کے بیٹے کی جے ای ای مین امتحان میں امتیازی کامیابی

Updated: March 15, 2021, 11:42 AM IST | Agency | New Delhi

گورکھپور کے بشار ت پور کے رہنے والے وویک گپتا نے جے ای ای مینس فروری ۲۰۲۱ء میں ۹۹ء۹۱؍ پرسنٹائل حاصل کرکے گاؤں کا نام روشن کیا

JEE Main Topper Hawkers Son
جے ای ای مین امتحان میں امتیازی کامیابی

جے ای ای مینس امتحان میں اترپردیش کے ایک چاٹ فروش کے بیٹے نے امتیازی کامیابی حاصل کی ہے۔  ریاست کے گورکھپور ضلع کے بشارت پور کے رہنے والےوجئے گپتا کے سب سے چھوٹے بیٹے وویک کمار گپتا نے جے ای ای مین فروری امتحان میں  ۹۹ء۹۱؍ پرسنٹائل  سے کامیابی حاصل کرکے اپنے والد اور گاؤں کا نام روشن کیا ہے ۔  یہ کامیابی وویک سے زیادہ اس کے والد وجئے گپتا کے لئے خاصی اہمیت رکھتی ہے۔ کیونکہ ان کے معاشی حالات مستحکم نہیں ہیں ، وہ چاٹ کا ٹھیلہ لگاتے ہیں۔ ان کا عزم ہے کہ اپنے بیٹے وویک کو انجینئر بنائیں۔ وویک نے ان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی طرف پہلا قدم بڑھادیا ہے۔   وویک کی اس شاندار کامیابی کے بعد ان کے گھر مبارکباد دینے والوں کا تانتا لگ گیا ہے اور گاؤں بھر میں خوشی کا ماحول ہے۔ تفصیلات کے مطابق وویک گپتا بنیادی طور پر بہار سے تعلق رکھتے ہیں اور کئی سال قبل گورکھپور کے بشارت پور منتقل ہوئے۔  یہاں وہ کرائے کے مکان میں رہتےہیں۔ 
 وویک گپتا کے بھائی دھیرج گپتا نے بتایا کہ ’’ ہمارے معاشی حالات ٹھیک نہیں ہیں، اس کے باوجود  ہمارے والد نے  ہم تینوں بھائیوں کو پڑھانے کے لئے کوئی کسرنہیں چھوڑی ہے۔ انہوں نے وویک کی پڑھائی کے اخراجات پورے کرنے کے لئے قرض  بھی لیا۔ ‘‘ دھیرج نے مزید بتایا کہ ’’لاک ڈاؤن کے دوران کام کاروبار پوری طرح بند تھا۔ اس کے باوجود انہوں نے وویک کو تعلیمی اخراجات کے معاملے میں کوئی پریشانی نہیں آنے دی۔  وویک بھی پڑھائی کے معاملے میں بہت سنجیدہ ہے۔ وہ آئی آئی ٹی میں پڑھنا چاہتا ہے۔‘‘ 
وویک اب جے ای ای ایڈوانسڈ کے لئے تیاری میں لگ گیا ہے
 وویک گپتا نے بھی والد اور اہل خانہ کی امیدوں پر کھرا اترنے کے لئے  جی ای ای مین کی بھرپور تیاری کی اور امتیازی نمبرات حاصل کئے۔ اب اس کا اگلا ہدف جے ای ای ایڈوانسڈ ہے جس کے لئے وہ تن من دھن سے پڑھائی میں مصروف ہوگیا ہے ۔ وویک نے بارہویںمیں بھی ۹۵؍فیصد سے زائد نمبرات حاصل کئے تھے۔ وویک اپنی اس کامیابی  سے بے حد خوش ہے ،ا س نے کامیابی کا سہرا اپنےاہل خانہ کے سر باندھا ۔ وہ کہتا ہے کہ ’’میری اس کامیابی میں میرے والدین،  بڑے بھائی کا بھی بہت اہم تعاون ہے۔  میرے اساتذہ نے بھی میری ہر ممکن طریقے سے رہنمائی کی۔  
 وویک کی والدہ پھول کماری نے کہا کہ ’’ہمارے لئے یہ بڑی خوشی کی بات ہے،ہم اپنے تینوں بیٹے کو اپنی کل پونجی سمجھتے ہیں۔ یہ تینوں بڑے ہونہار ہیں  اور اسکول سے اب تک ہر جماعت میں اچھے مارکس سے کامیاب ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK