Inquilab Logo

آئی آئی ٹی مدراس کا ڈیٹا سیکٹر میں آن لائن ڈگری / ڈپلوما کورس کا اعلان

Updated: July 01, 2020, 10:00 AM IST | Agency

یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا کورس ہوگا جسے آئی آئی ٹی مدراس نے رواں تعلیمی سال سےمتعارف کرایا ہے

iit madras
آئی آئی ٹی مدراس ۔

کووڈ۱۹؍بحران کے دور میں  آئی ٹی مدراس نےاپنی نوعیت کا منفرد آن لائن ڈگری /ڈپلوما کورس متعارف کرایا ہے۔ اس موقر تعلیمی ادارہ نے  منگل کو’ڈیٹا پروسیسنگ اور کمپیوٹر سائنس‘ میں آن لائن ڈگری اور ڈپلوما کورس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی آئی آئی ٹی مدراس  ڈیٹا پروسیسنگ اور کمپیوٹرز کے شعبہ میں آن لائن ڈگری اور ڈپلوما کورسز شروع کرنے والا دنیا کا پہلا تعلیمی ادارہ بن گیا ہے۔
 انسانی ترقیات ووسائل کے  وزیر رمیش پوکھریال نشنک نے منگل کو یہاں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اس آن لائن کورس کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تحقیقاتی کام اور آئی آئی ٹی ، مدراس کی عمدہ کارکردگی سے بخوبی واقف ہیں کیوں کہ وہ ہمیشہ قومی رینکنگ فریم ورک میں پہلے نمبر پر رہا ہے اور اس نے ملک کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر بھاسکر رام مورتھی نے کوروناوائرس کے دور میں یہ آن لائن ڈگری اور ڈپلوما کورس شروع کرکے قابل ستائش کام کیا ہے ، جس کیلئے  میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ نشنک نے کہا کہ آئی آئی ٹی ، آئی آئی ایم اور آئی سی اے آر جیسے اداروں نے ملک کے نظام تعلیم کے معیار کو بڑھایا ہے اور انہوں نے تحقیق و  ریسرچ میں بہترین  کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کی آئی آئی ٹی نے اپنی کارکردگی سے دنیا میں ہندوستان کا نام روشن کیا ہے اور ملک کی بڑی بڑی کمپنیوں میں آئی آئی ٹی کے سابق اسٹوڈنٹس  اعلی عہدوں پر کام کررہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا  کہ ان تعلیمی اداروں نے ہندوستان کو خود کفیل  بنانے کی سمت میں میں بڑا کردار ادا کیا ہے اور حال ہی میں آل انڈیا ٹیکنیکل ایجوکیشن کونسل نے ’یکتی دو‘  نام سے ایک پلیٹ فارم شروع کیا ہے جس میں ملک میں جاری تمام تکنیک، تحقیق و ریسرچ کو  ایک جگہ جمع کیا جائے گا۔اس آن لائن ڈگری اور ڈپلومہ کورس کے لئے کسی بھی عمر گروپ کا فرد ملک کے کسی بھی حصے سے رجسٹریشن اور امتحان دے سکتا ہے۔اس پروگرام سے وزیرمملکت برائے انسانی وسائل و ترقیات  سنجے دھوترے ، آئی آئی ٹی مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین پون کمار گوینکا وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔ اس پروگرام میں سکریٹری ایجوکیشن  امت کھڑے اور اے آئی سی ٹی کے صدر انل سہستربدھے بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK