Inquilab Logo

عید سے قبل گھر کے ان کاموں کو نمٹانا ضروری

Updated: April 28, 2022, 11:03 AM IST | Odhani Desk | Mumbai

ماہ رمضان کے رخصت ہونے میں چند دن باقی رہ گئے ہیں اور عید کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ گھر کی صفائی، سجاوٹ اور مسالوں کی تیاری جیسے کئی کام عید سے قبل نمٹانے ہوتے ہیں۔ لہٰذا ابھی سے کمر کس لیجئے اور تیاری میں لگ جایئے تاکہ پُرمسرت عید کی خوشیوں میں کوئی کمی باقی نہ رہے

Prepare spices for Eid dishes.Picture:INN
عید کے موقع پر بنائے جانے والے پکوانوں کے لئے مسالے تیار کرلیں۔ تصویر: آئی این این

اس میں کوئی شک نہیں کہ گھر کی خوبصورتی اور آرائش اور زیبائش مکینوں کے حسن ذوق کا پتہ دیتی ہے یہ ایک ایسی جگہ ہے جس کا ہمیشہ صاف رہنا ضروری ہے لیکن پھر بھی کچھ موقعوں پر گھر کی صفائی کرنا زیادہ ضروری ہو جاتا ہے جیسے گھر کی تقریب ہو یا مہمانوں کی دعوت۔ لیکن اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ عید بھی ایک ایسا ہی موقع ہے جب ملنے والوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے۔ ایسے میں آپ کے گھر کی ہر چیز سے ترتیب، خوش ذوقی کا اظہار ہونا ضروری ہے تاکہ آنے والا ہر فرد آپ کے ہی نہیں بلکہ پورے اہل خانہ کے بارے میں ایک اچھا تاثر قائم کر سکے۔ اس لئے آپ کو ہر دن کے مقابلے میں تھوڑی زیادہ محنت کرکے عید کی صفائی کرنی چاہئے۔ اس کے علاوہ گھر کے دیگر چھوٹے موٹے کام پہلے ہی نمٹا لیں تاکہ بعد میں پریشانی نہ ہوں۔
گھرکی جھٹ پٹ صفائی
ز   سب سے پہلے آپ اپنے گھر کی غیر ضروری اشیاء کو ضائع کر دیں تاکہ صفائی کے دوران پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ز  اس کے بعد گھر کے سارے جالے جھاڑ لیں۔ جالے جھاڑتے وقت پنکھے، ٹیوب لائٹ اور چھتوں کی صفائی بھی کرتی جائیں۔
ز کچن کی صفائی کرتے وقت سارا سامان ایک ساتھ نہ نکالیں بلکہ ایک گوشہ صاف کرکے ساری چیزیں ترتیب سے رکھ دیں پھر دوسرے حصے کی صفائی کریں۔ اس طرح آپ کم وقت میں زیادہ کام کر پائیں گی۔
ز فریج کی صفائی کرتے وقت پورا سامان باہر نکالیں۔ سب سے پہلے غیر ضروری سامان پھینک دیں۔ اس کے بعد صاف پانی میں کپڑا ڈبو کر فریج صاف کرلیں۔ آخر میں خشک کپڑے سے پورے فریج کو پونچھیں۔ اس کے بعد فریج میں ضروری اشیاء ترتیب سے رکھیں اور پانی بوتلیں دھو کر بھریں اور انہیں فریج میں رکھ دیں۔
ز  گھر کے پردے، بستر، چادر، بیڈ شیٹ سب بدل لیں۔ گھر کی رونق بڑھ جائے گی۔
ز الماری کی صفائی کرتے وقت بھی پہلے پرانے کپڑے جو کئی عرصے نہیں پہنا گیا ہے باہر نکال دیں۔ اس کے بعد دوبارہ ترتیب سے کپڑے رکھ دیں۔
ز صفائی کے ساتھ ساتھ سجاوٹ کی جانب بھی توجہ دیں۔ چھوٹی آرائشی تفصیلات جیسے پھول، پودے، موم بتیاں اور تصاویر گھر کو آرام دہ اور خوشگوار ماحول فراہم کرتی ہیں۔آپ ان آرائشی اشیاء کو گھر میں کرسی، صوفے، ٹیبل، روم کارنر اور ہال میں جہاں کہیں مناسب سمجھیں، سجا سکتے ہیں۔نتائج حیران کن ہوں گے۔
چند مسالوں کی تیاری
 عید ہو اور مزے مزے کے پکوان نہ ہوں تو ایساتوممکن ہی نہیں ہوتا۔اسی لئے ان تمام پکوانوں کی تیاری کیلئے مسالوں کاانتظام پہلے سے ہی کرکے رکھ لیں۔ خصوصاً ان مسالہ جات کی تیاری پہلے سے کرلیں جن کی زیادہ ضرورت پیش آتی ہے۔ چند مسالے کی ترکیب ملاحظہ فرمائیں:
گرم مسالہ
  ڈیڑھ کپ زیرہ، آدھا، آدھا کپ دھنیا اور بڑی الائچی، ایک پون کپ ثابت کالی مرچ، ۳؍ چوتھائی کپ ہری الائچی، ۷؍ سے ۸؍ دارچینی کے ٹکڑے، ایک پون کپ لونگ، ایک کپ جاوتری، جائفل کے ۲؍ ٹکڑے۔ ساری اشیاء کو توے پر بھون لیں۔ ٹھنڈا ہونے پر ثابت مسالوں کو بلینڈر میں پیس کر پاؤڈر بنا لیں۔ہوا بند ڈبے میں بھر کر محفوظ کر لیں۔ یہ بقر عید میں کافی کام آئے گا۔
بریانی مسالہ
 ایک تیز پات، ڈیڑھ چھوٹے چمچے سونف، ۲؍ اسٹار پھول، ۶؍ ہری الائچی، ۲؍ کالی الائچی، ایک بڑا چمچہ ثابت کالی مرچ، دارچینی کے ۵؍ ٹکڑے، ایک بڑا چمچہ لونگ، ۴؍ سے ۵؍ جاوتری، آدھا چھوٹا چمچہ جائفل پاؤڈر، ۳؍ اسٹون فلاور، دھیمی آنچ پر گرم توے ان ثابت مسالوں کو بھون لیں۔ اب بلینڈر میں پیس کر چھلنی سے سے چھان لیں۔ دردرا پسے ہوئے مسالے کو الگ کریں۔ مہین پسا ہوا مسالے کو ہوا بند ڈبے میں محفوظ کرلیں۔ عید کے موقع پر اکثر گھروں میں بریانی بنتی ہے۔ یہ بریانی کا مسالہ بے حد کام آئے گا۔
عید کے دن پہنے جانے والے کپڑے
 جی ہاں! اکثر عید کے دن گھر میں ہنگامہ مچ جاتا ہے کہ میرا کرتا کہاں ہے... اور میرے جوتے نہیں مل رہے ہیں..... ان ہنگاموں سے بچنے کے لئے بہتر ہوگا کہ عید کے دن پہنے جانے والے کپڑے اور جوتے یا چپل وغیرہ کا ایک پیکٹ بنا کر رکھ لیں تاکہ کوئی ہنگامی صورت پیدا نہ ہو۔
بچوں کی تیاری کا جائزہ
 عید کی اصل خوشی بچّوں سے منسوب ہوتی ہے لہٰذا ان کی تیاری کا ایک مرتبہ جائزہ لے لیں۔ اکثر بچّے کسی کمی و بیشی کے سبب ہنگامہ کرتے ہیں اور والدین کو مجبوراً عین وقت پر ان کی ضد پوری کرنی پڑتی ہے لہٰذا ان کے سائز وغیرہ بھی جانچ لیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK