Inquilab Logo

عیدالاضحی کے موقع پر بنائیں ذائقہ دار پکوان

Updated: July 30, 2020, 11:34 AM IST | Inquilab Desk

عیدالاضحی گوشت سے بنے خوب مزے مزے کےلذیذ اور توانائی بخش پکوانوں سے لطف اندوز ہونے کا تہوار ہے۔ ویسے تہوار کوئی بھی ہو اچھے اچھے کھانوں کے بغیر ادھورا ہی رہتا ہے۔ اس لئے ہم نے آپ کیلئے گوشت سے بنے کچھ پکوان منتخب کئے ہیں جو آپ کی عید کا مزہ دوبالا کردیں گے

Cooking
بقر عید کے موقع پر ذائقہ دار پکوان تیار کرکے گھروالوں کی تواضع کریں

آپ اتفاق کریں یا نہ کریں عیدالاضحی خوب مزے مزے کے گوشت سے بنے لذیذ اور توانائی بخش کھانے کھانے کا تہوار ہے۔ بقر عید میں چونکہ گوشت کی بہتات ہوتی ہے تو اس گوشت سے لذیذ اور مزیدار باربی کیو بنانے کا سیزن بھی شروع ہو جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قربانی کے گوشت سے آپ اور بہت سے درجنوں قسم کے پکوان بنا سکتے ہیں جن میں سے بہت سارے یقیناً آپ کے پسندیدہ کھانوں کی فہرست میں شامل بھی ہوں گے۔تہوار کوئی بھی ہو اچھے اچھے کھانوں کے بغیر تو ادھورا ہی رہتا ہے۔ اس لئے ہم نے عید الضحیٰ کی مناسبت سے آپ کے لئے گوشت سے بنے کچھ پکوان منتخب کئے ہیں جو اس عید پر آپ کا مزہ دوبالا کردیں گے۔ 
مسالا چوپس
 یہ بکرے کی مزیدار مسالا لگی چانپیں آپ بآسانی گھر پر بناسکتے ہیں۔ اس میں کرنا یہ ہوتا ہے کہ بکرے کی چانپوں کو تیکھے اور روایتی مسالے لگا کر میرینیٹ کیا جاتا ہے پھر اسے گاڑھے مسالے دار ساس میں پکا لیا جاتا ہے۔ اس کی تیاری کے دوران اٹھنے والی سوندھی خوشبو آپ کے منہ میں پانی لے آتی ہے اور بھوک خوب چمک اٹھتی ہے۔ اس کا مزہ ایسا لاجواب ہے کہ آپ انگلیاں چاٹتے رہ جائیں، اسے دوپہر یا رات کے کھانے سے پہلے ہلکی پھلکی غذا کے طور پر پیش کیا جاسکتا ہے۔ اس عید الاضحی پر گھر پر بنانے کے لئے یہ ایک بہترین اور مستند انتخاب ہے۔ قربانی کے گوشت سے آپ یہ مزیدار مسالا چانپیں ایک سے زائد بار بھی بناسکتے ہیں۔
کیبڈا
 یہ ایک مقبول اور قدیم یمنی پکوان ہے جسے یمن کے لوگ ناشتے میں شوق سے کھاتے ہیں تاہم اسے دن کے کسی بھی پہر میں کھایا جاسکتا ہے۔ اسے بنانے کا طریقہ بھی بہت آسان ہے۔ بکرے کی کلیجی کو میرینیٹ کرکے تیکھے مسالوں میں پکایا جاتا ہے اور چاول یا گرما گرم نان کے ساتھ مین کورس کے طور پر پیش کیا جاسکتا ہے۔ یہ ایک توانائی سے بھرپور شاندار پکوان ہے جس کا انوکھا مزہ آپ کو برسوں تک یاد رہے گا۔ چٹورے اور تیز مسالوں کے شوقین افراد اس مسالا دار پکوان کو بہت پسند کریں گے۔ اس عید پر اپنے گھر میں کیبڈا پکائیں اور اس لاجواب پکوان سے اپنے مہمانوں کی تواضع کریں۔
گلاوٹ کا قیمہ
 یہ پکوان خاص طور پر ان لوگوں کے لئے ہے جو لذیذ اور مزیدار کھانوں کے دیوانے ہیں۔ گلاوٹ کا قیمہ بر ِصغیر کی ایک شاندار روایتی ڈش ہے، جس میں بھنے ہوئے مسالوں میں قیمے کو میرینیٹ کرکے تیز آنچ پر پکایا جاتا ہے۔ اس عید پر گھر میں گلاوٹ کا قیمہ تیار کریں اور اپنے دوستوں اور مہمانوں کی اچھے سے تواضع کریں۔
اسپاگیٹی بلوگنیس
 عید ِ قرباں پر قربان کئے گئے مویشی کا گوشت مستحقین، نادار افراد اور دوستوں، رشتہ داروں میں بانٹنے کے بعد بھی آپ کے پاس خاصا گوشت بچ جاتا ہے جس سے آپ عید کے تین دن کے بعد بھی مزے مزے کے پکوان بنا کر کھاتے ہیں۔ اگر آپ چاہیں تو اس گوشت سے نت نئے کھانے بنانے کے تجربات بھی کرسکتے ہیں۔ ایسی ہی ایک ڈش اسپاگیٹی بلوگنیس ہے۔ یہ اٹلی کی روایتی ڈش اسپاگیٹی کی ہی جدید شکل ہے جسے قیمے سے بنایا جاتا ہے۔ تو ہم آپ کو تجویز کریں گے کہ اس بڑی عید پر اپنے گھر والوں کو اسپاگیٹی بلوگنیس ضرور کھلائیں۔ 
 بہاری قیمہ
 بہاری قیمہ ایک نہایت مقبول اور مزیدار پکوان ہے جسے پکانے کی ترکیب عام طور پر پکائے جانے والے سادہ قیمے سے بہت مختلف ہے۔ بہاری قیمہ بنانے کے لئے قیمے کو مختلف مسالے لگا کر میرینیٹ کیا جاتا ہے اس کے بعد پکانے کے دوران اس میں ایک سلگتا ہوا کوئلہ رکھ دیا جاتا ہے جس کے دھویں سے اس میں ایک انوکھا ذائقہ پیدا ہوجاتا ہے۔ گرم گرم نان کے ساتھ رات کے کھانے میں کھانے کے لئے یہ ایک بہترین انتخاب ہے۔ 
 نہاری
 نہاری ایک نہایت مقبول ترین ڈش ہے جسے بچے، بڑے، خواتین و حضرات سبھی شوق سے کھاتے ہیں۔ انتہائی توانا اور لاجواب نہاری کو عید کے اسپیشل کھانوں میں شامل کریں۔ اسے گرم گرم تندوری نان کے ساتھ کھایا جائے تو اس کا لطف بڑھ جاتا ہے۔ اسے پکانے کا عمل اگرچہ آسان نہیں ہے مگر اس کی لذت اور ذائقے کے حصول کے لئے تھوڑی محنت تو آپ کو بھی کرنی ہی پڑے گی مگر ذائقہ سے بھرپور اس ڈش کو ضرور تیار کریں تاکہ گھر والوں اس مزیدار ڈش کا لطف اٹھاسکے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK