Inquilab Logo

ایم جی گلوسٹر: خوبصورت ڈیزائن ،جدید فیچراور بہترین کارکردگی کی شاندار مثال

Updated: September 26, 2020, 3:02 AM IST | A Dubey | Mumbai

ایم جی کی یہ نئی ایس یو وی کار اکتوبر کے وسط میں ملک میں لانچ کی جائے گی ۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 ایم جی نے اپنی نئی اور اب تک کی سب سے مہنگی سب کامپیکٹ اسپورٹس وہیکل(ایس یو وی) ایم جی گلوسٹر ہندوستانی بازار میں اتارنے کی تیاری کرلی ہے۔ یہ ایس یو وی اکتوبر میں لانچ کی جائے گی اور اس کی بکنگ کابھی آغاز ہوچکا ہے ۔ ہم نے گلوسٹر کا ٹرائل رن لیا اور اس کے فیچر کی معلومات اس مضمون میں  پیش کررہے ہیں ۔
ڈیزائن اور سائز
 گلوسٹر کی چوڑائی لگ بھگ ۲؍میٹر اور اس کا قد بھی ۲؍ میٹر ہے اس باعث یہ بڑی کار نظر آتی ہے۔ اس کا ’وہیل بیس‘ تقریباً ۳؍میٹر ہے۔ اس کا پرکشش ڈیزائن ایک روایتی ایس یو وی جیسا ہے۔ اس میں  ۳؍سلیٹ والی کروم سے گھری گِرِل دی گئی ہے۔ ہیڈ لائٹ کلسٹر پتلی شکل کا ہے اور فوگ لیمپ بمپر کے نیچے نصب ہیں ۔ ایس یو وی کے اگلے حصے میں کروم اِسکڈ پلیٹ دی گئی ہے۔ گلوسٹر کے چاروں   جانب کروم بیج لگائے گئے ہیں ۔ اس کار کے کھڑکی اور دروازے بڑے ہیں ۔ گلوسٹر میں  ۱۹؍ انچ کے پہئے دئیے گئے ہیں ۔ اس کا لُک اور ڈیزائن ہیکٹر یا ہیکٹر پلس جیسا ہے مگر مضبوطی میں  یہ اس لیول کا نظر نہیں آتا۔
انجن اورتکنیکی استعداد
 ہم نے گلوسٹرکا جو ماڈل آزمائشی طور پر چلایا ہے وہ ۲ء۰؍ لیٹر ٹوین ٹربوڈیزل انجن سے لیس ہے۔ یہ انجن ۲۱۵؍ بی ایچ پی پاور اور دم دار ۴۸۰؍ این ایم پیٖک ٹورک جنریٹ کرنے کی استعداد رکھتا ہے۔ ایس یو وی میں ۸؍اسپیڈ آٹومیٹک ٹرانسمیشن دیا گیا ہے ۔ گلوسٹر کو ۴X۴؍سسٹم اور ۷؍ ڈرائیونگ موڈ کے ساتھ بازار میں لایا جائے گا۔ اس کار کوفی الحال ہم نے سڑکوں پر ہی چلایا ہے اور اس کی آف روڈنگ بعد میں کریں  گے۔ گلوسٹر میں ۷؍ ڈرائیونگ موڈ دئیے گئے ہیں  جن میں  آٹو، اِیکو، راک،اِسنو، سینڈ، مڈ اور اسپورٹ شامل ہیں ۔ اس کا انجن اتنا ٹورک پیدا کرتا ہے کہ مقابلے میں  فورڈ اِنڈےوَر، ٹویوٹا فورچیونر اور مہندرا الٹروس جی ۴؍ اس سے پیچھے چھوٹ گئی ہیں ۔
ڈرائیونگ ڈائنامکس
 اس کا مجموعی وزن لگ بھگ ۲۰۰؍  کلوگرام ہوگا۔اس میں  ۲ء۰؍ لیٹر ٹوین ٹربو انجن نصب ہے جس سے اس کی استعداد کافی بہتر ہوگئی ہےاور ۱۷۰۰؍ آرپی ایم سے ہی یہ دم دار کارکردگی پیش کرتی ہے۔ یہ کار آسانی سے رفتار پکڑتی ہے اور اس میں نصب ۸؍ اسپیڈ آٹومیٹک ٹرانسمیشن کو بہت اچھی طرح سے پیش کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر دیکھیں  تو اس کی ڈرائیونگ ایک خوشگوار تجربہ اور رائیڈ کوالیٹی بہترین ہے۔ ملک کی سڑکوں کے حساب سے ایس یو وی کے سسپنشن بہت ہی کارگر معلوم ہوتے ہیں ۔ لیکن تیسری لائن میں  بیٹھے مسافر کواچھال کا احساس دلاتے ہیں ۔ ڈرائیور سیٹ پر بیٹھنے والے شخص کو ونڈ اسکرین کے آگے بہت اچھا دکھائی دے گا۔ اسٹیئرنگ رفتار پکڑنے تک اچھی گرفت بنائے رکھتی ہے ۔ اس کے بریک بھی شاندار ہیں اور یہ سرعت سے اپنا کام کرتے ہیں ۔
اندرونی ڈیزائن اور جگہ
 نشست کے معاملے میں  ایم جی گلوسٹرمیں درمیان کی لائن میں کیپٹن سیٹ دی گئی ہے ۔ اس گاڑی میں ۶؍ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ عام قدکاٹھی کے افراد کیلئے اس میں  بیٹھنے کیلئے ٹھیک ٹھاک جگہ ہے۔ایم جی گلوسٹر کا کیبن دیکھتے ہی آپ کا دھیان ڈیزائن پر جائے گا جو جرمن کی کمپنی کے ذریعہ بنائی ایس یو وی سے متاثر نظر آتا ہے۔ ڈیش بورڈ پر روٹری نوب، اے سی وینٹس، کلائمیٹ کنٹرول کیلئے کنٹرولز ، یہاں  تک کہ ٹچ اسکرین بھی آپ کو بی ایم ڈبلیو کی یاد دلائے گا۔
خاص فیچرس
 جیسا کہ مہنگی ایس یو وی میں  عموماً دیکھا جاتا ہے گلوسٹر بھی بھرپور فیچر س سے لیس ہے۔ ایس یو وی کو مہنگے ٹین لیدر والی اَپ ہولسٹری دی گئی ہے جو پریمیم انٹیریئر اور یاچ اسٹائل کے گیئر نوب کے ساتھ آتی ہے۔ اس کے کیبن میں  استعمال کئے گئے مٹیریل کو دیکھ کر ہی آپ کو سمجھ میں  آجائے گا کہ یہ کتنا پریمیم ہے۔ حالانکہ وائرلیس چارجنگ ٹرے اور روٹری نوب پر پلاسٹک استعمال کی گئی ہے جسے بہتر بنایا جاسکتاتھا۔ گلوسٹر کے ڈیش بورڈ کی ڈیزائن میں نکھار نظر آتا ہے اور سب سے پرکشش اس میں ۱۲ء۳؍ انچ کا ٹچ اسکرین پینل ہے۔ ساتھ ہی ۸؍ انچ کا ڈیجیٹل انسٹرومنٹ کنسول بھی ملے گا جو اسپیڈ اور ریوز کے ساتھ اینالاگ کاؤنٹرس کے ساتھ آتا ہے۔ گلوسٹر دیگر فیچرس میں ’ہیٹیڈ سیٹس ‘ شامل ہیں  جو الیکٹرک طور پر ایڈجسٹ کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ ۳؍ زون کلائمیٹ کنٹرول، ایئر پیوریفائر، وائرلیس چارجنگ، بڑے شکل کا پینورامک سن رُوف اور سیگمنٹ میں  پہلی دی گئی ۶۴؍ رنگوں والی ایمبینٹ لائٹنگ بھی دی گئی ہے ۔ اس کار میں ۶؍ ایئربیگز، اینٹی لاک بریکس، ہِل اسٹارٹ اور ہل ڈسٹنٹ کنٹرول،ا لیکٹرانک اسٹیبلٹی پروگرام، ٹریکشن کنٹرول، ۳۶۰؍ ڈگری کیمرا اور آئیسو فکس چائلڈ سیٹ ماؤنٹ جیسے فیچر بھی دئیے گئے ہیں ۔ یہ ایک کنیکٹیڈ ایس یو وی ہے جس میں  ایم جی کی آئی اسمارٹ تکنیک دی گئی ہے اور ایم جی کا کہنا ہے کہ اسکے ساتھ تقریباً ۷۰؍ کنیکٹیڈ کار فیچرس دئیے گئے ہیں ۔ گلوسٹر میں اے ڈی اے ایس سسٹم دیا گیا ہے جس کی بدولت آٹو پارک اسسٹ اور اَڈاپٹیو کروز کنٹرول کے ساتھ لین ڈپارچر وارننگ ، آٹو ایمرجنسی بریکنگ، فارورڈ کولیجن وارننگ جیسے فیچر بھی دستیاب ہیں ۔ہم نے سبھی آٹومیٹک فنکشن کا استعمال کیا اوراسے بالکل ویسا ہی پایا جیسا کار کے اشتہار میں  دعویٰ کیا گیا ہے۔
ڈرائیونگ کا تجربہ
 ہمیں آزمائشی طور پر چلانے کیلئے جو ٹیسٹ ماڈل دیا گیا وہ گلوسٹر کا ٹاپ ماڈل ہے اور اسے کئی انجن متبادل کے ساتھ نچلے ویریئنٹس میں بھی لانچ کیا جائے گا۔ حالانکہ اس معاملے میں کمپنی نے کوئی معلومات جاری نہیں کی ہے ۔ کمپنی اس کار کو ملک میں پور ٹ بائے پورٹ اسمبل کرے گی۔
ہمارا فیصلہ
 ایم جی گلوسٹر میں کئی ساری چیزیں ہیں جو لوگوں  کو لبھائیں  گی ۔ یہ شکل میں بڑی ہے اور اس میں استعمال کیا گیا مٹیریل اچھی کوالیٹی ہے ۔ یہ کئی سارے فیچرس کے ساتھ آرام دہ سفر کا خوشگوار تجربہ فراہم کرتی ہے۔ حالانکہ اس کار کی مجموعی ڈیزائن کو مزید بہتر بنایا جاسکتا تھا۔ تاہم اسکے فیچرس پر نظرڈالیں تو گلوسٹر ایک اچھی اور طاقتور فل سائز ایس یو وی کا مقام حاصل کرلے گی۔ کمپنی کے مطابق گلوسٹر کی اندازاً قیمت ۳۵؍ سے ۴۰؍ لاکھ روپے کے درمیان ہوگی۔ قیمت اور فیچرس کے لحاظ سے یہ کار ٹویوٹا فورچیونر، فورڈ اِنڈے ور اور مہندرا التورس جی ۴؍ کےساتھ دیگر پریمیم ایس یو وی کو بھی زبردست ٹکر دے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK