Inquilab Logo

ناز فاطمہ،یوپی ایس آرٹی سی کی پہلی خاتون مسلم ڈرائیور

Updated: March 17, 2021, 11:28 AM IST | Agency

والد کا سایہ سر سے اٹھ جانےکے بعدملازمت کی تلاش کرنیوالی اس سائنس گریجویٹ نے ایس آر ٹی سی ڈرائیور کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا

UPSRTC - Pic : INN
یوپی ایس آر ٹی سی ۔ تصویر : آئی این این

اترپردیش کے فرخ آباد  شہر کی رہنے والی ۲۴؍ سالہ ناز فاطمہ اتر پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (یوپی ایس آر ٹی سی ) کی پہلی مسلم خاتون ڈرائیور ہوں گی۔ ناز فاطمہ نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنی ڈرائیونگ ٹریننگ کی شروعات کی اور جلد ہی ان کی یہ ٹریننگ مکمل ہوجائےگی ۔ معاصر انگریزی روزنامہ ٹائمز  آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق  اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کے ذمہ دارکا کہنا ہے کہ ناز فاطمہ کی جوں ہی ٹریننگ مکمل ہوگی وہ محکمہ میں شامل کرلی جائیں گی اور اس طرح وہ ریاست کی پہلی مسلم خاتون ڈرائیور ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیں گی۔تفصیلات کے مطابق ناز فاطمہ بنیادی طور فرخ آباد کے  کمال گنج  ٹاؤن سے تعلق رکھتی ہیں۔ انہوں نے کانپور شہر کے وکاس نگر میں واقع  ماڈل ڈرائیونگ ٹریننگ اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لیا ہے۔ ناز سائنس گریجویٹ  ہیں اور ان ۲۶؍ منتخب خاتون امیدواروں  میں سے ایک ہیں جنہوں نے ایس آر ٹی سی کے خاتون ڈرائیور کے اشتہار کو دیکھ کر ملازمت کی درخواست دی ا ور منتخب ہوئیں۔ 
 ناز نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ان کے لئے یہاں تک پہنچنا آسان نہیں تھا۔انہوں نے بتایا کہ والد کےانتقال کرجانے کے بعد مالی کفالت کا مسئلہ تھا۔ اس لئے انہوں نے ملازمت کی تلاش شروع کی ۔ اسی دوران انہیں معلوم ہوا کہ ایس آر ٹی سی کی جانب سے خاتون ڈرائیور وں کی بھرتی کا اشتہار جاری ہوا ہے ۔ جس میں بتایا گیا کہ منتخب امیدواروں کو ٹریننگ دی جائے گی۔ 
 ناز فاطمہ نے ایک سوال کے جواب میں  بتایا کہ میں نے اشتہار دیکھنے کے بعد ڈرائیونگ کورس کیلئے  نام لکھوایا اور ملازمت کی درخواست دی۔ ناز کہتی ہیں کہ’’  یہ میرے لئے چیلنج سے بھرپور کام ہے، اور میں  ایک ذمہ دار اور مستعد ڈرائیور بننے کی پوری کوشش کروں گی۔ ‘‘
 مزید تفصیلات کے مطابق ناز فاطمہ فرخ آباد میں پیدا ہوئی ہیں۔ ان کے والد کا نام تصویر الحسن ہے جو انتقال کرچکے ہیں اور والدہ کا نام حدیثہ بانو  ہے۔ مردوں کی اجارہ داری والے شعبہ میں قدم رکھنے پر گھر والوں کا کیا ردعمل تھا، اس استفسار پر انہوں نے بتایا کہ ’’ مجھے میرے گھر والوں نے پورا سپورٹ دیا ہے۔ میری سہیلیوں کو بھی جب پتہ چلا تو انہوں نے میری حوصلہ افزائی کی۔ ‘‘ ماڈل ڈرائیونگ ٹریننگ اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل ایس پی سنگھ نے ناز فاطمہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ جہاں تک میں جانتا ہوں ، ناز فاطمہ ریاست کی پہلی خاتون مسلم ڈرائیور ہوں گی، ناز سے دیگر خواتین کو بھی حوصلہ ملے گا۔‘‘ 
 معلوم ہوکہ یہ خاتون ڈرائیوروں کا پہلا بیچ ہے جس کے تحت ۲۷؍ امیدواروں کا انتخاب عمل میں آیا ہےا ور انہیں ٹریننگ دی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK