Inquilab Logo

آفس نکل رہی ہیں ،ناشتہ کریں ،متوازن غذاکو معمول بنائیں

Updated: June 06, 2022, 12:37 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

عام طور پر ملازمت پیشہ خواتین کام کی فکر میں اپنی صحت کو زیادہ اہمیت نہیں دے پاتی ہیں ، عمر کے کسی نہ کسی مرحلے میں انہیں اس کا احساس بھی ہوتا ہے مگر اس وقت بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے۔ جسم پھیلنے لگتا ہے ، چند قدم چلنے کے بعد ہی تھکن کا احساس ہونے لگتا ہے ، اس سے بچنے کیلئے ان باتوں کا خیال رکھیں

Working women should think more about physical health than decorating their face..Picture:INN
ملازمت پیشہ خواتین، چہرےکو سجانے سنوارنے سے زیادہ جسمانی صحت کی فکرکریں۔ ۔ تصویر: آئی این این

عام طور پر  ملازمت پیشہ خواتین اپنی صحت کا خیال رکھ نہیں پاتی ہیں۔ عمر کے  کسی نہ کسی حصے میں انہیں احساس ہوتا ہے کہ ان کا وزن بڑھ گیا ہے اور ان میں پہلے جیسی چستی پھر تی نہیں  ہے  ۔ ایسے میں وہ  پریشان ہوجاتی ہیں۔ ملازمت پیشہ خواتین  میں وزن بڑھنے کی شکایت عام ہوتی جارہی ہے ۔  ڈیوٹی کےدوران۶؍ سے ۸؍ گھنٹے تک مسلسل بیٹھے رہنا ہی دراصل موٹاپے کی ایک بڑی وجہ ہے۔اگر آپ کہیں ملازمت کرتی ہیں اور آپ کو اپنے وجود کے نامناسب انداز میں پھیلنے کا احساس ہورہا ہے تو یقیناًآپ موٹاپے کا شکار ہورہی ہیں، اس لئے ضروری ہے کہ مناسب ورزش اور کیلوریز کا استعمال کریں۔ اکثر ملازمت کی نوعیت ایسی ہوتی ہے کہ ہم ایک لمحے کے لئے بھی اپنی جگہ سے اٹھ نہیں پاتے۔کام کی زیادتی کی وجہ سے جہاں ایک طرف جسم سے کیلوریز ختم ہوتی ہیں، وہیں دوسری طرف ایک جگہ مسلسل بیٹھنے سے یہ کیلوریز جسم میں دوبارہ جمع ہو جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ نامناسب اور غیر متوازن غذا کا استعمال بھی وزن میں تیزی سے اضافے کا  سبب بنتا ہے۔ کام کے اوقات میں اکثر خواتین کھانے کو نظرانداز کر دیتی ہیں اور وقتی طور پر بھوک ختم کرنے کیلئے پزا، برگر،سموسے ،رول اور اس جیسی دوسری کیلوریز سے بھرپور غذا کا استعمال کرتی ہیں۔اس کے علاوہ کولڈرنک کا استعمال بھی موٹاپے کا  سبب بنتا ہے۔ اس لئے  اپنی غذا پر دھیان دینا بہت ضروری ہے۔ کوشش کریں کہ کھانے کیلئے کم از کم آدھے گھنٹے کا بریک ضرور لیں اور متوازن غذا کا استعمال کریں۔ سافٹ ڈرنکس کا استعمال بالکل ترک کردیں ۔ساتھ ہی ایسے مشروبات بھی جن میں مضراجزاءپائے جاتے ہیں، کیونکہ ان کا استعمال اگرچہ آپ کو وقتی طور پر توانائی دیتا ہے لیکن دوسری طرف وزن میں بھی اضافے کا سبب بنتا ہے۔
 اکثر ملازمت پیشہ خواتین خاندان پر توجہ اور ان کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے خود اپنا خیال رکھنا بھول جاتی ہیں، خاص طور پر کھانے پینے کے معاملے میں تو وہ بالکل ہی لاپروا ہوجاتی ہیں ، حالانکہ ان کے لئےاپنی ڈائٹ پر توجہ دینا اور اس کا خیال رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے ۔ خوراک کے معاملے میں ان کی یہ لاپروائی ان کی صحت کیلئے نقصان کا سبب بن سکتی ہے اور آج نہیں تو کل انہیں اس کا خمیازہ خرابی صحت کی صورت میں بھگتنا پڑتا ہے ۔ غذا پر توجہ دے کر نہ صرف آپ اپنی صحت کو برقرار رکھ سکتی ہیں بلکہ مستقبل میں بھی کسی قسم کے طبی مسئلے سے محفوظ رہ سکتی ہیں۔ آپ مناسب خوراک کے طور طریقوں کو اپنائیں یہاں ہم ملازمت پیشہ خواتین کی خوراک سے متعلق کچھ اہم تجاویز  پیش کر رہے ہیں ۔
 ناشتہ کرنا بالکل نہ بھولیں
 آپ بہت مصروف رہتی ہیں  جس کی وجہ سے کبھی کبھی کچھ چیزیں چھوٹ بھی جاتی ہیں۔جبکہ ایسا ہونا نہیں چاہئے ، اس کے لئے آپ ایسی پلاننگ کریں جس میں ناشتے، دوپہر کے کھانے اور ڈنرکیلئے آپ کے پاس وقت ہواور اس میں سے کوئی چیز بھی چھوٹ  نہ جائے۔خاص طور پر ناشتہ ۔ صبح گھر کے کام کاج نمٹاکر آفس جانے کی جلدی میں صبح کا ناشتہ کرنا بالکل نہ بھولیں۔ یہ آپ کی  غذا  کا اہم حصہ ہے۔ اس سے آپ کو توانائی ملے گی 
؍ ۶؍ سے۱۰؍ گلاس پانی ضرور پئیں
 کام میں بھلے ہی کتنا ہی مصروف ہوں، پیاس لگنے پر لاپروائی نہ کریں اور خوب پانی پئیں۔ دن بھر میں کم از کم ۶؍ سے۱۰؍ گلاس پانی ضرور پئیں۔
 وقفے وقفے سے کچھ نہ کچھ کھاتی رہیں
 آفس میں کام کرتے ہوئے بھوک لگنا فطری بات ہے۔ ایسے میں زیادہ کیلوری والا کھانا لینے سے بچیں اور اپنے دراز میں کچھ نمکین  اوربسکٹ ہمیشہ رکھیں جنہیں آپ ہر دو سے تین گھنٹے میں تھوڑی مقدار میں کھاسکیں ۔
 موسمی پھل کا استعمال کریں
 گھر سے نکلتے وقت، کوئی پھل اپنے ہینڈ بیگ میں  رکھ لیں جسے آپ وقت ملنے پر یا بھوک لگنے پر کھا سکیں۔ موسمی پھل توانائی فراہم کرنے کے ساتھ بھوک کے احساس کو بھی کم کرتے ہیں ۔
 چائے اور کافی کے بجائےگرین ٹی یا ہر بل ٹی
 دفتر میں کام کی زیادتی کے دوران چائے یا کافی کی ضرورت محسوس ہونا عام بات ہے، لیکن چائے یا کافی کے بجائے گرین ٹی یا ہربل چائے پینے کی عادت ڈالیں۔ بتاتےہیں کہ یہ صحت کیلئے انتہائی مفید ہے۔ 
ڈنر ہلکا پھلکا ہو
 رات کے کھانے کے لئے ہمیشہ ذہن میں رکھیں کہ اس میں سبزی شامل ہو۔ کوشش کریں کہ ڈنر میں ہلکا پھلکا ہی کھائیں اور ڈنر کے بعد چہل قدمی کو بھی اپنے معمول کا حصہ بنائیں ۔ 
 دو د ھ کو غذا کا حصہ بنائیں
 کیلشیم اور پروٹین کے حصول کے لئے دودھ پینا شروع کریں۔صبح گھر سے نکلنے کے وقت یا پھر رات کے وقت دودھ ضرور پئیں۔
 خشک میوےپر س میں رکھیں
 باہر کی تلی ہوئی چیزوں کے برعکس خشک میوؤں کو ترجیح دیں ۔ انہیں ہمیشہ اپنے پرس میں رکھیں۔  ملازمت پیشہ خواتین یہ چھوٹی چھوٹی چیزیں  اپنا کر خو د کو موٹاپے سے بچاسکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK