Inquilab Logo

مثبت سوچ ہر مشکل کو حل کرسکتی ہے

Updated: July 27, 2020, 10:35 AM IST | Dr Sharmeen Ansari

آج جتنی اموات ہورہی ہیں ان میں سے ۸۰؍ فیصد خوف کے زیر ِاثر ہورہی ہیں۔ آج ہمیں بیماری سے جتناخطرہ نہیں ہے اس سے کئی گنا خطرہ بیمار کردینے والی سوچ سے ہے۔ آج جسمانی علاج سے بہت زیادہ ضروری ہے ذہنی علاج کی جانب توجہ دینا اور مثبت سوچ پیداکرنا

Hijab - Pic : INN
اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمتوں کا شکر ادا کریں ۔ تصویر : آئی این این

مَیں نے کہیں ایک کہانی پڑھی تھی کہ امریکہ میں موت کے سزایافتہ ایک قیدی پر عجیب تجربہ کیاگیا۔ اسے بتایاگیا کہ آپ کو نہ پھانسی دی جائے گی نہ گولی ماری جائے گی نہ ہی زہرکاانجکشن لگایاجائے گا بلکہ سانپ سے ڈسوایاجائے گا۔ اس کے خیالات اور دل و دماغ پر سانپ چھاگیا۔ پھر سانپ اس کے سامنے لایاگیا۔ اسے یقین ہوگیاکہ اسے سانپ سے ڈسوایاجائے گا۔ پھراس کی آنکھوں پرایک پٹی باندھی گئی اور دو سوئی اسے چبھوئی گئی جس سے اس کو پکا یقین ہوگیاکہ سانپ نے اسے ڈس لیاہے۔ تھوڑی دیربعد اس کی موت واقع ہوگئی۔ اس کے خون کی جانچ ہوئی تو خون میں سانپ کا زہر بھی پایاگیا۔ کیاآپ جانتے ہیں یہ کیاہے؟ خوف اور منفی سوچ۔ اور یہی منفی سوچ ہے جو آج خواتین اور بچوں کے دل و دماغ پر اثر انداز ہورہی ہے۔ یقین جانیں آج جتنی اموات ہورہی  ہیں  ان  میں سے ۸۰؍ فیصد خوف کے زیر ِاثر ہورہی ہیں۔ آج ہمیں بیماری سے جتناخطرہ نہیں ہے اس سے کئی گنا  خطرہ بیمار کردینے والی سوچ سے ہے۔ آج جسمانی علاج سے بہت زیادہ ضروری ہے ذہنی علاج کی جانب توجہ دینا اور  مثبت سوچ پیداکرنا۔ اس مضمون کے ذریعے کچھ ایسی باتیں بتائی جا رہی ہے جس کے ذریعے نہ صرف خواتین بلکہ تمام لوگوں میں مثبت سوچ پیداہوسکتی ہے:
شکرگزار بنیں
 کبھی کبھی ہمیں زندگی بہت زیادہ اجاڑ، اندھیری اور مایوس کن نظر آتی ہے مگر اس وقت بھی کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جن کے لئے ہمیں واقعی شکر ادا کرنا چاہئے۔ ہمیں شکر گزار ہونا چاہئے ہر اس چھوٹی چھوٹی چیزوں کیلئے جو اوپر والے نے ہمیں بخشی ہے، جس کے لئے دوسرے ترستے ہیں، مثلاً گھر، محبت، فیملی، اچھے دوست، اچھا شوہر، بااخلاق بچّے، آرام دہ بستر، پُرسکون نیند، آپ کے دسترخوان پر سجا کھانا، آپ کی نوکری، آپ کی صلاحیت، وغیرہ وغیرہ۔ اس طرح اگر آپ اپنی بخشی ہوئی ہر چیز پر نظرثانی کریں گے تو نہ صرف آپ کی سوچ مثبت ہوگی بلکہ آپ پُرسکون زندگی بھی گزارسکیں گی۔ 
دن کاآغاز
 صبح کا آغاز بہتر انداز میں کریں۔ صبح اٹھتے ہی موبائل فون پر خبریں چیک کرنے سے گریز کریں۔ صبح اٹھتے ہی سب سے پہلے خداکاشکراداکریں۔ آنکھ بند کرکے اللہ دی ہوئی نعمتو ں کو یادکریں اور سوچئے کہ آج کادن بہت اچھا ہے اور میرے ساتھ بہت اچھا ہوگا، پھر دیکھئے یہ مسکراہٹ اور مثبت سوچ کتنی طاقتور ثابت ہوتی ہے اور آپ کا پورادن کاہر پل کتنا خوشگوار ہوتا ہے۔ 
 جسمانی ورزش
  ورزش سے نہ صرف جسمانی صحت حاصل ہوتی ہے بلکہ دماغ بھی تروتازہ رہتا ہے کیونکہ ورزش سے جسم میں Endorphins نامی ہارمون پیدا ہوتا ہے، جس سے انسان خوش وخرم رہتا ہے، مثبت رویہ پیداہوتاہے اورجسم صحت مند ہوتاہے۔ 
 مددکریں
 یہ وقت ایسا ہے جب بہت سارے لوگ معاشی طور پر پریشان اور بے روزگار ہوگئے ہیں۔ اس وقت آپ اپنا ایک روپیہ خرچ کئے بغیر دوسروں کی مددکرسکتے ہیں۔ آپ کی جو چیزیں آپ کے استعمال میں نہیں ہیں مثلاًکپڑا، چپل، جوتا، بچوں کے کپڑے، کتابیں، پرس، اسکول بیگ، اسکول یونیفارم، آپ کابچاہواکھانا، وہ دوسروں کو دیں یقین جانیں آپ کی ان بے مصرف چیزوں سے دوسروں کی بنیادی ضرورتیں پوری ہوجائینگی اور نہ صرف آپ کو ثواب حاصل ہوگا بلکہ ذہنی اور قلبی سکون بھی ملے گا۔ 
فیملی کے ساتھ وقت گزاریں
 یہ وقت جو آپ کو ملا ہے شاید پھر کبھی نصیب نہ ہو اس وقت کو غیر ضروری منفی سوچ میں صرف کرنے کے بجائے اپنے گھروالوں کے ساتھ گزاریں۔ان کے ساتھ کھیلیں اور ذہنی تناؤ کو دور کریں اور ہر لمحہ کو یاد گار بنائیں۔
اپنے ذوق کو پورا کریں
 اکثرہم بہت کچھ کرناچاہتے ہیں لیکن ہم نہیں کرسکتے کیونکہ ہمارے پاس وقت نہیں ہوتا۔ اس وقت یہ مت سوچیں کہ ہم گھرمیں پھنس گئے ہیں بلکہ سوچیں کہ آج یہ ملاہوا وقت اﷲ تعالیٰ کی نعمت ہے۔ اس وقت میں اپنے ایسے ذوق کی تکمیل کریں جسے آپ ہمیشہ سے کرنا چاہتی تھیں۔ اس سے نہ صرف آپ کا وقت بہترین مصرف میں صَرف ہوگا بلکہ اس سے آپ کو ذہنی سکون اور خوشی بھی حاصل ہوگی۔
 مثبت نظریہ پیدا کریں
 سماجی دوری کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ آپ، اپنوں سے دور رہیں۔ یہ سوچئے کہ جس ذہنی تناؤ سے آپ گزر رہی ہیں اس سے دوسرے بھی دوچار ہیں۔ ان کو فون کریں، ان سے مثبت باتیں کیجئے، انھیں حوصلہ دیجئے۔ یقین مانیں کسی کو خوش کرکے یا کسی کو باتوں سے سہارا دے کر جو خوشی اور سکون آپ کو نصیب ہوگی وہ کسی اور چیز میں نہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK