Inquilab Logo

چند اہم باتیں جو شادی کے بندھن کو مضبوط بنا سکتی ہیں

Updated: October 28, 2021, 12:52 PM IST | Meena | Mumbai

شادی ایک ایسا بندھن ہے جو زندگی بھر کے لئے باندھا جاتا ہے لیکن آپسی اختلاف، اعتماد کی کمی اور غلط فہمیوں کی وجہ سے شادی جلد ٹوٹ جاتی ہے۔ تاہم، چند ایسی باتیں ہیں جن پر اگر عمل کیا جائے تو یہ رشتہ پائیدار ہوسکتا ہے اور ایک دوسرے کی چھوٹی چھوٹی غلطیوں کو نظرانداز کر کے ہی ایک کامیاب ازدواجی زندگی گزار سکتے ہیں

Respect for each other in a marital relationship is what makes it successful.Picture:INN
میاں بیوی کے رشتے میں ایک دوسرے کا احترام ہی اسےکامیاب بناتا ہے۔ تصویر: آئی این این

خوشگوار ازدواجی زندگی ہرایک کی خواہش ہوتی ہے۔ لیکن بیشتر جوڑے اس بات سے لاعلم ہوتے ہیں انہیں کن باتوں کا خیال رکھنا چاہئے اور کن باتوں سے دوری اختیار کرنا چاہئےجو رشتے کی مضبوطی کا سبب بنے ۔ شادی ایک ایسا بندھن ہے جو زندگی بھر کے لئے باندھا جاتا ہے لیکن آپسی اختلاف یا غلط فہمیوں کی وجہ سے شادی جلد ٹوٹ رہی ہے۔ تاہم، چند ایسی باتیں ہیں جن پر اگر عمل کیا جائے تو یہ رشتہ پائیدار ہوسکتا ہے۔
ایک دوسرے پر اعتماد
 میاں بیوی کا ایک دوسرے پر اعتماد اور معاملات میں ایمانداری ہی دراصل اس رشتے کو شفاف اور مضبوط بناتی ہے۔ اگر دونوں کچھ چیزیں ایک دوسرے سے خفیہ رکھیں گے تو آپس میں اعتماد کی فضا قائم نہیں ہو سکے گی اور شک کا عنصر دونوں کو ایک دوسرے سے دور کردے گا۔
وعدے نبھائیں
 رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد اس کو قائم رکھنے کے لئے کئے گئے وعدے پورے کرنا اور اس کی ضروریات کا خیال رکھنا اس رشتے کی پائیداری میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اگرچہ وعدہ پورا کرنے اور اسے نبھانے میں کچھ وقت لگتا ہے۔ تاہم، جب ایک دفعہ کر لیا جائے تو اسے پورا کرنا شادی کی کامیابی کا ضامن بن جاتا ہے۔
اظہار ِمحبت
 محبت کا جذبہ اس رشتے کو قائم رکھنے کی مضبوط ترین کڑی ہے کیونکہ اگر محبت اس رشتے سے نکال دی جائے تو یہ رشتہ مجبوری بن جاتا ہے۔ محبّت کے جذبے کے ساتھ ساتھ اس کا اظہار بھی ضروری ہے۔ بعض دفعہ محبّت کا اظہار نہ کر پانے کے باعث میاں بیوی کا رشتہ کمزور پڑ جاتا ہے۔
احترام ضروری ہے
 میاں بیوی کے رشتے میں ایک دوسرے کا احترام ہی اسےکامیاب بناتا ہے اس لئے کہا جاتا ہے کہ اگر احترام نہ ہوتو آپس میں محبت بھی نہیں رہتی۔ ایک دوسرے کو مخاطب کرتے وقت قابل ِ احترام الفاظ کا استعمال کریں تاکہ رشتہ مزید مضبوط ہوسکے۔
صبر وتحمل
 انسانوں کی فطرت ایک دوسرے سے عام طور پر مختلف ہوتی ہے اس لئے جب دو مختلف طبیعت رکھنے والے افراد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوتے ہیں تو آپس میں اختلافات بھی ممکن ہیں تو ایسی صورت صبراور برداشت ہی تعلقات میں خوشگوار تبدیلی لاتا ہے اور آگے کی جانب بڑھتا ہے۔ لیکن یہ بات میاں بیوی، دونوں پر عائد ہوتی ہے۔ کسی ایک کے صبر کرنے سے معاملہ سنبھل نہیں سکتا یہ بات یاد رکھنا چاہئے۔
معاف کردینا
 جس طرح والدین غلطیوں پر اپنے بچوں کو معاف کردیتے ہیں اسی طرح کا طرز عمل میاں بیوی بھی ایک دوسرے کی چھوٹی چھوٹی غلطیوں کو نظرانداز کر کے ہی ایک کامیاب اور خوشگوار ازدواجی زندگی گزار سکتے ہیں۔ چھوٹی چھوٹی باتوں کے تعلق سے ایک دوسرے پر الزام تراشی کرنے سے رشتہ کمزور پڑ سکتا ہے۔
ایک دوسرے سے بات چیت
 ہر معاملے پر ایک دوسرے سے گفتگو کریں اور کسی اہم مسئلے پر ایک دوسرے کی پوری بات سنیں  اورکوشش کریں کہ کسی بھی مسئلے پر گفتگو کا راستہ کھلا رکھیں۔ بات چیت کرتے وقت آپسی رشتے کی اہمیت کو بھی سامنے رکھیں۔ غصے کے وقت بات بالکل نہ کریں بلکہ حالات کو معمول پر آنے دیں اس کے بعد ہی اس مسئلے پر بات چیت کریں۔
رشتے کی اہمیت
 شادی کے بعد میاں بیوی ایک ایسے رشتے میں منسلک ہوجاتے ہیں جہاں ایک دوسرے کا خیال رکھنا لازمی ہوجاتا ہے جس میں ایک کا دوسرے کی اہمیت  اس رشتے کو طاقت اور پائیداری عطا کرتا ہے۔ اپنی ضرورت پر ساتھی کی ضرورت کو ترجیح دینا اور اسے پہلے موقع دینا ہی درحقیقت اس رشتے کی دلکشی اور طاقت ہے جسے بنیاد بنا کر اسے خوشی کے رنگوں سے مزین کیا جاسکتا ہے۔
اَنا سے دوری اختیار کرلیں
 شادی شدہ زندگی میں اَنا کو مسئلہ بنانا نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے۔ بعض دفعہ اَنا کے سبب میاں بیوی کا رشتہ ٹوٹ جاتا ہے۔ شادی شدہ زندگی کو آسان بنانا چاہتے ہیں تو اَنا سے دوری اختیار کریں۔
غلط فہمیاں
 شادی شدہ جوڑے آپسی رشتے میں کبھی غلط فہمی کو جگہ نہ دیں۔ اگر دونوں میں سے کسی ایک کے ذہن میں کوئی بات بیٹھ گئی ہے تو آپس میں گفتگو کرکے مسئلہ کر لیں۔ باتوں کو اپنے ذہن میں جگہ دینے سے زندگی جہنم بن سکتی ہے۔
جھوٹ نہ بولیں
 جھوٹ کتنی بھی صفائی سے بولا جائے ایک نہ ایک دن سامنے آ ہی جاتا ہے۔ اکثر سچائی سامنے آنے کے بعد معاملات کافی بگڑ جاتے ہیں۔ لہٰذا اسی میں بھلائی ہے کہ صاف گوئی سے کام لیا جائے۔ اس سے رشتے مضبوط ہوتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK