Inquilab Logo

زندگی کے چند لمحات اپنوں کے ساتھ گزاریں

Updated: January 24, 2022, 11:38 AM IST | Dr.Sharmeen Ansari | Mumbai

خواتین خاندانی رشتوں کو پروان چڑھانے اور ان کی حفاظت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ مضبوط خاندانی روابط قائم رکھنا ایک مشکل امرہے اور آج کی مصروفیت بھری زندگی میں تو یہ اور زیادہ مشکل ہے۔ لیکن خواتین تھوڑی سی کوشش، محنت اور ان اصولوں کی پاسداری کے ذریعے خاندانوں کو جوڑے رکھ سکتی ہیں

Dinner can be a great time for a family reunion.Picture:INN
رات کا کھانا خاندان کے اکٹھے ہونے کا بہترین وقت ہوسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

گھر والوں کے ساتھ وقت گزارنا اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ معیاری وقت کا اشتراک نہ صرف خاندانی بندھن کو مضبوط کرتا ہے بلکہ یہ خاندان کے ہر فرد کے لئے تحفظ کا احساس بھی فراہم کرتا ہے۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ جب خاندان ایک ساتھ سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں تو بچے نہ صرف اہم سماجی مہارتیں سیکھتے ہیں بلکہ ان میں خوداعتمادی بھی بڑھتی ہے۔ مضبوط خاندانی بندھن بچوں میں بہتر رویے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور بچوں کے اخلاق بہتر ہوتے ہیں اور ان کی تعلیمی سرگرمیاں بھی بہتر ہوتی ہیں اور بچوں اور والدین کے آپسی رشتے مضبوط ہوتے ہیں۔   خواتین خاندانی رشتوں کو پروان چڑھانے اور ان کی حفاظت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ مضبوط خاندانی روابط قائم رکھنا ایک مشکل امرہے اور آج کی مصروفیت بھری زندگی میں تو یہ اور زیادہ مشکل ہے۔ لیکن خواتین تھوڑی سی کوشش اور محنت اور ان اصولوں کی پاسداری کے ذریعے خاندانوں کو جوڑے رکھ سکتی ہیں۔ 

اپنے خاندان کے رہنمابنیں

 اگرآپ خاندان کو ساتھ لے کر چلناچاہتی ہیں تو خودکوایک لیڈر تصورکریں۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ ایک عورت ہیں یا مرد۔ آپ لیڈر ہیں اور لیڈر کے پاس محض تین چیزیں ہوتی ہیں۔ نظریہ ، عمل اور جذبہ ۔ آپ کا اپنے خاندان کی رہنمائی کرنے میں پہلا قدم یہ ہوسکتا ہے کہ آئینے کے سامنے کھڑے ہوجایئے اور سوچئے کہ آپ کا خاندان کس قسم کے رہنماکامستحق ہے۔ آپ کے بچوں کی تربیت اورخاندان کے میل ملاپ میں آپ کا کیا رول ہے اور آپ اپنے آپ کو اس سانچے میں ڈھال لیجئے اور صدق دل سے کوشش کریں کہ آپ کے خاندان کے عام افراد کے درمیان آپسی محبت اور بھائی چارہ کا جذبہ ہو۔ کوشش کریں کہ آپ کے خاندان کے افراد موبائل یا ٹی وی پر وقت گزاری کے بجائے ایک دوسرے کے ساتھ وقت بتائیں۔ 

خاندانی اقدار قائم کریں

 آج کل ہمارے خاندان کی دوری کا سب سے اہم سبب خاندانی افراد کے ذاتی اقدار کو سمجھنے کی کمی ہے۔ جس کے نتیجے میں خاندانی اقدار کا خاتمہ ہورہاہے۔ بطور رہنما خواتین کو خاندان کے افرادکو اقدار کی پاسداری کرنا سکھانا ہے۔ اپنے بنائے گئے نظم و ضوابط پر قائم رہیں اور اپنوں کو بھی نظم ونسق کاپابند بنانے کی کوشش کریں۔ خاندانی اقدار ایک خاندان کی روح ہوتی ہے جس کے اصولوں میں خاندان کی ایک دوسرے کے تئیں ذمہ داری اور احساس کا جذبہ بھی ہوتا ہے، جوایک دوسرے کے تئیں قربت اور پیارکاجذبہ بھی پیداکرتا ہے۔ 

ہرفرد سے محبت  

اگر آپ اپنی فیملی کو متحداور قریب کرناچاہتی ہیں تو خاندان کے ہرفردسے محبّت کریں۔بطورماں اپنے بچوں سے محبّت کیجئے، بطوربیوی اپنے شوہر سے اور بطور بہو اپنے ساس سسر سے، کیونکہ اگر آپ دوسروں سے اپنی محبّت کا اظہار کریں گی تو بدلے میں آپ کو محبّت ہی ملے گی اور خاندانی عداوت اور نفرت کاخاتمہ ہوگا۔

شکریہ کہیں

 شکریہ صرف کہنے کی حد تک محدود نہیں ہونا چاہئے بلکہ دل سے اپنوں کا شکریہ ادا کرنے کی روزانہ کی عادت ہونی چاہئے، تاکہ آپ کے چھوٹے شکرگزاری کی عادت سیکھیں اورہرمعاملے میں ایک دوسرے کے شکرگزار رہیں۔

ایک ساتھ کام کریں

 اگر آپ تنہا پورے گھرکاکام کررہی ہیں تو یہ ایک اچھی بات ہے، لیکن اگر آپ اپنے بچوں اور گھر والوں کو ساتھ لے کر کام کرتی ہیں تو یہ ایک اور اچھی بات ہے۔ اس سے نہ صرف گھروالوں کے مابین رشتے مضبوط ہوتے ہیں بلکہ سب کو اپنی ذمہ داری کااحساس بھی رہتا ہے۔ 

ایک ساتھ کھائیں  

کھانا یقینی طور پر سب کو قریب کرتاہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ خاندان کے تمام افراد دن میں کم ازکم ایک مرتبہ کھانا ایک ساتھ کھائیں۔ رات کا کھانا خاندان کے اکٹھے ہونے کا بہترین وقت ہوسکتا ہے، لیکن اس وقت ایک چیز کا دھیان رکھیں کہ ٹی وی یا موبائل فون بند ہونا چاہئے تاکہ تمام افراد کھانااورخاندانی گفتگو سے لطف اندوز ہوتے ہوئے ایک دوسرے پر توجہ دے سکیں۔ 

دن بھر کی روداد سنیں اور سنائیں

 خواتین کو چاہئے کہ اپنے بچوں اور گھروالوں سے ان کے پورے دن کی روداد سنیں اور اپنے دن بھر کے معمولات بھی انہیں بتائیں۔ ایساکرنے سے ایک دوسرے کیساتھ روابط استوار ہوتے ہیں۔

وقت گزاریں  

آپسی رشتوں کو مضبوط کرنے کے لئے روزانہ نہیں تو کم ازکم ہفتے میں ایک مرتبہ ضرور مل جل کرایک ساتھ بیٹھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK