Inquilab Logo

سائیکل سے۲۴؍کلومیٹرکا فاصلہ طے کرکے اسکول جانیوالی طالبہ ۹۸؍فیصد سے کامیاب

Updated: July 07, 2020, 12:41 PM IST | Agency

مدھیہ پردیش کے اجنول گاؤں کی رہنے والی روشنی بھدوریا نے امسال ایم پی دسویں بورڈ کی میرٹ لسٹ میں آٹھواں مقام حاصل کیا ہے

Roshni Bhadoria
روشنی بھدوریا

 مدھیہ پردیش سیکنڈری اسکول بورڈنے ۴؍جولائی سنیچر کو دسویں  بورڈ کے نتائج ظاہر کئے ۔ اس بار تقریباً ۱۵؍ طلبہ نے ٹاپ کیا ہے جنہوں نے  ۳۰۰؍ میں سے ۳۰۰؍نمبرات حاصل یہ امتیازی کامیابی حاصل کی ہے ۔  ان ہی ٹاپرس میں سے ایک بھِنڈ ضلع کی ۱۵؍سالہ روشنی بھدوریا ہیں۔ روشنی  کا نام ٹاپرس کی میرٹ  لسٹ  میں  آٹھویں مقام پر ہیں۔  اس باعزم  طالبہ نے اس پوزیشن کیلئے  نہ صرف  دن رات پڑھائی  کی ہے بلکہ اپنے گھر سےاسکول آنے جانے کیلئے سفر کی صعوبتوں کا سامنا کیا ہے۔
 تفصیلات کے مطابق  روشنی بھدوریا  کا اسکول اس کے گاؤں (اجنول ) سے بارہ کلومیٹرکی  دوری پر واقع  ہے ۔ یہاں سے آنے جانے کیلئے بس یا دیگر ذرائع آمدورفت کا بندوبست نہ ہونے کے سبب اسے روزانہ سائیکل سے یہ فاصلہ کرنا پڑتا تھا۔ لہٰذا وہ مجموعی طور پرروزانہ ۲۴؍ کلومیٹر کا فاصلہ کرتی تھی۔ اس کا روزانہ کا یہ معمول رہا کہ وہ اپنے گاؤں سے کچی سڑک سے سائیکل دوڑاتے ہوئے اسکول جاتی۔ موسم چاہےٹھٹراادینے ٹھنڈ کا ہوتا  یا گرم تھپیڑوں والی گرمی کا یا پھر رم جھم برسات سے لے کر موسلادھار بارش  کا،روشنی نے کسی بھی موسم کی پرواہ نہیں کی اور بلاناغہ اسکول جاتی رہی  ۔  اسی لگن اور محنت کا نتیجہ ہے کہ آج اس نے ایم پی بورڈ ٹاپر کا اعزاز حاصل کرلیا۔ یوں روشنی کے ٹاپر بننے کا یہ سفر مشکلات اور جدوجہد سے بھرپور ہے ۔
 معلوم ہوکہ روشنی کے والد پرشوتم بھدوریا ایک کسان ہیں، وہ بھِنڈ ضلع کے اجنول گاؤں میں رہتے ہیں۔ حالانکہ ان کے معاشی حالات ٹھیک نہیں ہیں لیکن وہ اپنے بچوں کو اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم دلانے کے خواہشمند ہیں اور اس کیلئے وہ کاٹ کسرکرکے گزارہ کررہے ہیں تاکہ ان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات کسی طرح پورے ہوں۔ اب جب ان کی  بیٹی   ٹاپر بن گئی ہے توپرشوتم کی کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں ہے ۔  روشنی نے ایجنسی سے بات چیت کےد وران بتایا کہ ’’میں آئی اے ایس افسر بن کر ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہوں۔ سماج کی بہتری کیلئے کام کرنا چاہتی ہوں۔‘‘ معلوم ہوکہ روشنی نے میتھس میں ۱۰۰؍ میں سے۱۰۰ ؍ نمبرات  حاصل کئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK