Inquilab Logo

ہاتھوں اور پیر سے معذور طالبعلم نے بارہویں بورڈ امتحان میں ۳۳ء۹۲؍فیصد نمبرات حاصل کئے

Updated: May 28, 2020, 12:06 PM IST | Agency

گجرات کے بڑوہ شہر کا رہنے والا شیوم سولنکی نامی یہ طالبعلم ڈاکٹر بننا چاہتا ہے

Shivam Solanki
شیوم سولنکی

گجرات کے بڑودہ شہر کے رہنے والے شیوم سولنکی نے ایک بار پھر وہ شاندار کارکردگی دہرائی ہے جو انہوں نے دسویں بورڈ امتحان میں انجام دی تھی۔ ایک حادثے میں  اپنے ہاتھوں کے پنجے اور کلائی گنوادینے والے اس طالب علم نے اپنےبچے کچے بازو کے دم پر بارہویں بورڈ امتحان میں شرکت کی اور ۹۲؍ فیصد نمبرات سے کامیابی حاصل کی ہے۔   شیوم سولنکی بلند حوصلے ،آہنی عزم او رجہد مسلسل کی بہترین مثال ہیں۔ شیوم چند سال قبل ایک حادثہ کا شکار ہوئے جس میں انہیں ایک پیر اور دونوں  ہاتھوں  کے پنجے اور کلائیاں  گنوانی پڑیں۔  زندگی میں اتنے بڑے حادثہ سے دوچار ہونے اور ہاتھ پیر چھن جانے کے باوجود شیوم نے زندگی کی دوڑ سے قدم پیچھے نہیں ہٹائے۔ تعلیم میں اپنی دلچسپی اور کریئر کے تئیں جنون کے باعث  انہوں  نے جسمانی معذوری کو مات دے دی ہے ۔ 
 تفصیلات کے مطابق شیوم سولنکی نے گجرات بورڈ  کے بارہویں  جماعت کے امتحان میں ۹۲؍فیصد سے زائد نمبرات حاصل کئے ہیں۔ وہ سائنس اسٹریم کے طالب علم ہیں۔ ۲۰۱۱ء میں محض ۱۲؍ سال کی عمر میں ان کے ساتھ ایک دردناک حادثہ ہوا تھا۔ وہ ہائی ٹینشن تار کی لپیٹ میں آگئے تھے جس میں اپنے دونوں ہاتھا ور ایک پیر کھودیا تھا۔ خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘سے بات چیت کرتے ہوئے شیوم نے کہا کہ ’’میں ڈاکٹر بننا چاہتا ہوں، اگر یہ ممکن نہ ہو ا تو ایسی ہی کسی سروس کا حصہ بنوں گا۔ ‘‘شیوم نے یہ بھی بتایا کہ ’’میں امتحان کے لئے پورا دن پڑھتا رہتا تھا۔ میرے ٹیچروں نے میرے نصاب کے اعادہ اور پڑھائی میں بہترین رہنمائی اور مدد کی ہے۔ اس باعث میں ۹۲؍فیصد نمبرات حاصل کرپایا ہوں۔ ‘‘ ایک سوال کے جواب میں یہ کہا کہ ’’میں امتحان میں کامیاب ہونے والے سبھی طلبہ کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ مستقبل میں اپنے ہدف کو پانے کیلئے خوب محنت کریں۔جن طلبہ کو کم نمبرات ملے ہیں وہ دل چھوٹانہ کریں۔ اپنی غلطیوں کو درست کریں اور اگلی جماعت میںدل لگاکر پڑھائی کریں اور اچھے نمبرات حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔ معلوم ہوکہ شیوم کےو الد بڑودہ میونسپل کارپوریشن میں چوتھے درجہ کے ملازم ہیں۔ شیوم کو ہمیشہ سے اپنے والدین اور ٹیچروں کی جانب سے ترغیب و حوصلہ افزائی ملتی رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK